• Fri, 27 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

یوپی: ایس آئی آر کی حتمی فہرست میں بھی بھرپور تضادات ہیں

Updated: November 27, 2026, 12:25 PM IST | Mohammed Zubair/ Shanjani Majumdar | Mumbai

ڈرافٹ لسٹ اورحتمی فہرست میںبڑے پیمانے پر فرق ، ایک ووٹرکا دوسے چار مرتبہ اندراج اور ہر نام کےآگے مختلف ایپک نمبر، کہیں مرد کو خاتون بنادینے کا بھی معاملہ۔

The SIR exercise in Uttar Pradesh failed to rectify data errors, and several discrepancies persisted. Image: INN
اتر پردیش میں ایس آئی آر کی مشق ڈیٹا کی غلطیوں کو دور کرنے میںناکام رہی اورکئی تضادات برقرار رہے۔ تصویر: آئی این این

اتر پردیش میں انتخابی فہرستوں کی خصوصی جامع نظر ثانی (ایس آئی آر) مہم ۲۷؍ ا کتوبر۲۰۲۵ء سے۱۰؍ اپریل ۲۰۲۶ء کے درمیان کی گئی جس کے نتیجے میں ووٹروں کی تعداد  ۲ء۰۵؍ کروڑ تک کم ہوگئی اور ریاست کے کل ووٹروں کی تعداد۱۵ء۴۴؍کروڑ سےکم ہوکر۱۳ء۳۹؍ کروڑ رہ گئی۔ یہ مشق ۲۰۰۲ء کی رائے دہندگان کی فہرست میں تضادات اور خامیوںکو دور کر نے کیلئے انجام دی گئی لیکن حقیقت یہ ہےکہ جو حتمی ووٹر لسٹ شائع ہوئی ہے  وہ بھی تضادات سے بھری پڑی ہے۔یہ مشق ڈیٹا کی غلطیوں کو دور کرنے میں ناکام رہی جس کی وجہ سے اپ ڈیٹ شدہ فہرستوں میں بھی بڑے پیمانے پر دوہرے( ڈپلیکیٹ) اندراجات، مکان نمبروں کی عدم موجودگی،  ای پی آئی سی نمبر اور ناموں میںفرق اور تبدیلیاںنیز جائز ووٹروںکے ناموں  کے حذف کا مسئلہ برقرار رہے۔

اتر پردیش کے ضلع علی گڑھ کی تحصیل خیر کے گاؤں ٹپل  سے تعلق رکھنے والے۳۴؍ سالہ سندرکا نام ۶؍ جنوری۲۰۲۶ء کو جاری ہونے والی مسودہ ووٹر فہرست میں شامل نہیں تھا۔ تاہم،۱۰؍ اپریل کو جاری ہونے والی حتمی فہرست میں اس کا نام نہ صرف شامل کیا گیا بلکہ ۴؍ جگہ پر اس کا نام تھا ۔بوتھ نمبر ۱۹؍ میں سیریل نمبر۷۳۰،۷۳۸،۷۳۹ ؍اور۷۵۷؍کے آگے اس کا نام آیا ۔مزید حیران کن یہ کہ  ہر اندراج کے ساتھ ایک الگ  ای پی آئی سی (الیکشن شناختی کارڈ نمبر) درج  تھا۔ ووٹر رجسٹریشن کے لیے استعمال ہونے والے فارم۶؍ کے تحت سندر نے ۲؍ مرتبہ(۹؍ جنوری اور۱۴؍ جنوری) درخواستیں دی تھیںلیکن اتر پردیش کے چیف الیکٹورل آفیسر(سی ای او) کے دفتر کا کہنا ہے کہ اس نے چار درخواستیں جمع کرائی تھیں۔ اس تضاد سے قطع نظر،سی ای او کے دفتر کا جواب ایک اہم  مسئلہ سامنے لاتا ہے ۔ وہ یہ کہ سندر نے ۴؍ درخواستیں جمع تو کرائیں لیکن اس کی ہر درخواست پرمختلف شناختی کارڈ نمبر جاری کئے گئے ۔اتر پردیش  میں۶۹؍ پولنگ بوتھوں کیلئے’آلٹ نیوز‘ نے مسودہ فہرست(۶؍ جنوری ۲۰۲۶ء) اور حتمی فہرست(۱۰؍ اپریل۲۰۲۶ء)  کے اندراجات کا باریکی سے جائزہ لیا اور اس تعداد کا موازنہ ہر فہرست کے سرورق پر درج کل تعداد سے کیا۔ ہم نے دو اندراجات کو  اسی بنیاد پر ایک ہی ووٹر سمجھا جب اس کا  نام، والد یا شوہر کا نام، عمر اور مکان نمبر ،یہ سب آپس میں مماثلت رکھتے ہوں۔

ہم نے ہر معاملے کی جانچ اسکین شدہ اندراج سے کی۔ اس کے بعد ہم نے ’فارم۹‘ کی فہرستوں میں ’فارم۶‘ کے تحت دی گئی درخواستوں کو تلاش کیا۔ ’فارم۹‘ کی فہرست ایک عوامی فہرست ہوتی ہے جس میں الیکشن آفس کو  فارم ۶؍ کے تحت موصول ہونے والی ہر درخواست کا اندراج ہوتا ہے ۔اس میں درخواست دہندہ کا نام، رشتہ دار کا نام اور پتہ شامل ہوتا ہے۔ جن فہرستوں کا ہم نے جائزہ لیا، ان کا تعلق اسمبلی کے۱۳؍ انتخابی حلقوں سے ہے۔ ہمارے منتخب کردہ۶۹؍پولنگ بوتھ درج ذیل تین گروہوں میں تقسیم کیے جا سکتے ہیں:

یہ بھی پڑھئے:فجی: تیرتا ہوا کلاس روم جو بچوں کو ماحولیات کی حفاظت کرنا سکھا رہا ہے

ایسے۱۱؍ ووٹرز (جنہیں بے ترتیب طریقے  سے۲۳۰؍ ووٹروں میں سے منتخب گیا تاکہ بے ضابطگیوں کی نوعیت واضح کی جا سکے) جن کے نام۶؍ جنوری کی مسودہ فہرست میں شامل نہیں تھے لیکن حتمی فہرست میں شامل کر دیے گئے۔ ان تمام معاملات میں نام، رشتہ دار کا نام، عمر اور مکان نمبر تو یکساں ہیں لیکن ان کے ’ای پی آئی سی‘ نمبر مختلف ہیں۔ دوہرے ووٹروں کا سب سے بڑا مجموعہ ’سکندر آباد‘ (بلند شہر) کے علاقے ’چچوئی‘ میں واقع پولنگ بوتھ نمبر۴۴۹؍ پر پایا گیا جہاں ۲۰۲۲ءمیں بی جے پی نے ۹۴؍ فیصد ووٹ حاصل کیے تھے۔ حتمی فہرست میں اس بوتھ پر۶۹؍نئے نام شامل کیے گئے ہیں۔

ان میں  سے۳۴؍ اندراجات دراصل۱۷؍ افراد کے ہیں، جنہیں ہر بار ایک نئے ’ای پی آئی سی‘ (EPIC) نمبر کے ساتھ دو بار درج کیا گیا ہے۔ ان۱۷؍ افراد میں سے کسی کا بھی نام۶؍ جنوری کی مسودہ فہرست میں موجود نہیں تھا۔ ان۱۷؍ میں  سے۱۵؍ افراد نے ’فارم۶‘ کی ایک ایک درخواست جمع کروائی تھی۔ ۲؍ افراد، ’حسم الدین‘ اور ’ہیما دیوی‘ کے معاملے میں ہمیں کوئی درخواست نہیں ملی۔ ان۱۷؍ میں  سے۶؍ افراد مکان نمبر ۹۱؍ میں پر رہائش پذیر ہیں۔ ان میں سے ایک، ’وکاس‘، کو ایک جگہ خاتون اور دوسری جگہ مرد کے طور پر درج کیا گیا ہے۔

کچھ دوہرے اندراجات نظر ثانی کے عمل سے پہلے ہی موجود تھے اور انہیں ہٹایا نہیں گیا۔ حسین گنج (فتح پور) کے بوتھ نمبر۳۳۰؍ میں، دو بھائیوں کے نام مسودہ (ڈرافٹ) اور حتمی فہرست، دونوں میں دو دو بار شامل ہیں۔ یہ نام بالترتیب سیریل نمبر۱۰۸؍ اور۱۰۹؍ نیز۱۱۰؍ اور۱۱۱؍ پر درج ہیں۔

مزید برآں، سدھولی (سیتا پور) کے بوتھ نمبر۳۵۱؍ میں، تین خواتین کے نام مسودہ اور حتمی فہرست کے درمیان تبدیل پ شدہ پائے گئے جبکہ ان کا ای پی آئی سی نمبر، شوہر کا نام، مکان نمبر اور عمر وہی رہے۔ اس طرح ریکھا رانی کا نام لکشمی دیوی، گیا شری کا نام مینا دیوی اور شیو رانی کا نام نیلم ہو گیا۔ہو سکتا ہے کہ یہ تبدیلیاں درستگی (تصحیح) کے زمرے میں آتی ہوں۔ تاہم، ان تبدیلیوں کی بنیاد کا تعین صرف فارم۸؍ کی ان درخواستوں کے ذریعے ہی کیا جا سکتا ہے جو انتخابی فہرست میں اندراجات کی تصحیح کے لیے جمع کرائی جاتی ہیں ۔ نام تبدیل ہونے کی سب سے نمایاں مثال گورکھپور دیہی کے بوتھ نمبر۳۲۷؍ میں ملتی ہے۔ مسودہ فہرست میں سیریل نمبر۷۹۹؍ بھتوا (مرد، عمر۵۳؍ سال، مکان نمبر۱۵۶ ) کا نام درج تھا۔ حتمی فہرست میں، اسی ای پی آئی سی نمبر پر روشا دیوی  (خاتون، عمر۵۰؍ سال، مکان نمبر۵۶) کا نام موجود ہے۔ روشا دیوی (جن کے شوہر کا نام پرمیشور ہے) کا نام اضافی فہرست میں سیریل نمبر۹۲۴؍ اور۹۳۰؍ پر بھی، دو نئے ای پی آئی سی نمبروں کے ساتھ درج ہے۔ گورکھپور دیہی کی فہرستوں سے متعلق۲۳۱۳۶؍درخواستوں میں ہمیں روشا دیوی کی جانب سے فارم ۶؍ کے تحت نہیں ملا۔

(بشکریہ آلٹ نیوز/طویل رپورٹ کےاہم نکات پرمبنی )

۲۳۰؍ افراد کے نام دوسے چار مرتبہ درج 
۶۹؍ بوتھوں پر کم از کم۲۳۰؍ ایسے افراد کی نشاندہی کی گئی جن کے نام حتمی ایس آئی آر فہرست میں دو سے چار بار درج تھے، اور ہر اندراج کے ساتھ ایک الگ ووٹر شناختی کارڈ (ایپک) نمبر منسلک تھا۔ اس کے جواب میں یوپی کے چیف الیکٹورل آفیسر نے اعتراف کیا کہ جب کوئی فرد ایک سے زیادہ فارم۶؍جمع کراتا ہے تو متعدد ایپک نمبر بن جانا سسٹم کا ایک ’پرانا مسئلہ‘ ہے جس کیلئے وقتاً فوقتاً درست کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔علی گڑھ کےسندر کا نام مسودہ فہرست میں نہیںتھا لیکن حتمی فہرست میں اس کانام۴؍ مرتبہ درج  ہوگیا اورہر نام کے ساتھ مختلف ایپک نمبر تھا ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK