تیز رفتار گاڑیوں کو قابو میں رکھنے کے لئے تقریباً۱۲۵؍ کلومیٹر تک جدید سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جارہےہیں ۔
EPAPER
Updated: August 08, 2025, 7:30 PM IST | khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
تیز رفتار گاڑیوں کو قابو میں رکھنے کے لئے تقریباً۱۲۵؍ کلومیٹر تک جدید سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جارہےہیں ۔
مہاراشٹر اسٹیٹ روڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن (ایم ایس آر ڈی سی) نے تیز رفتار گاڑیوں کو قابو میں رکھنے کے لئے سمردھی ایکسپریس وے کے وڈپے سے کسارہ تک تقریباً۱۲۵؍ کلومیٹر کے حصے میں ہر ایک کلومیٹر پر جدید سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کا کام شروع کردیا ہے۔ ان کیمروں کی مدد سے ہر۵۰۰؍ میٹر کے دائرے میں گاڑیوں کی نقل و حرکت پر باریکی سے نظر رکھی جائے گی۔
کیمروں کی صلاحیت
حکام کے مطابق، ان کیمروں کی صلاحیت اتنی زیادہ ہے کہ یہ دور سے ہی گاڑیوں کی نمبر پلیٹ صاف طور پر ریکارڈ کرسکتے ہیں۔
اس مقصد کے لئے تھانے میں ایک خصوصی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جہاں سے پورے روٹ کی۲۴؍ گھنٹے مانیٹرنگ ہوگی۔ اگر کوئی گاڑی مقررہ رفتار حد کی خلاف ورزی کرتی ہے تو اس کے خلاف فوراً ای-چالان جاری کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھئے: لاؤڈ اسپیکر کیس :چیف جسٹس خود سماعت کرینگے
افسران کے مطابق ایکسپریس وے پر کاروں کیلئے زیادہ سے زیادہ رفتار۱۲۰؍ کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ بھاری گاڑیوں کے لئے۸۰؍ کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر کی گئی ہے لیکن مشاہدے میں آیا ہے کہ کئی ڈرائیور۱۵۰؍ کلومیٹر فی گھنٹہ یا اس سے بھی زیادہ رفتار سے گاڑی چلاتے ہیں جس سے حادثات کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔
وڈپے سے کسارہ تک ہر کلومیٹر پر سی سی ٹی وی کیمرے لگیں گے
ایم ایس آر ڈی سی کے مطابق یہ پورا اقدام محفوظ سفر کو یقینی بنانے اور حادثات پر قابو پانے کے لئے کیا جارہا ہے۔ ایم ایس آر ڈی سی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ایکسپریس وے پر ڈرائیونگ کرتے وقت رفتار کی مقررہ حد کی پابندی ضرور کریں۔
حکام کا کہنا ہے کہ بڑھتے ہوئے حادثات کو دیکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیاگیا ہے۔ چونکہ شاہراہ پر ٹریفک جام یا کوئی رکاوٹ نہیں ہوتی اس لئے لوگ انتہائی رفتار سے گاڑیاں چلاتے ہیں لیکن اب کیمروں کی نظر سے کوئی بھی بچ نہیں پائے گا۔