Inquilab Logo

سندیش کھالی : سپریم کورٹ نے جنسی ہراسانی معاملے میں سی بی آئی تفتیش کی درخواست مسترد کی

Updated: February 19, 2024, 7:32 PM IST | Kolkata

آج سپریم کورٹ نے اس درخواست کو مسترد کیا ہے جس میں سندیش کھالی جنسی ہراسانی کے معاملے میں سی بی آئی یا ایس آئی ٹی پر مبنی تفتیش کی اپیل کی گئی تھی۔ عدالت عظمیٰ کے جسٹس آگسٹین جارج اور بی وی ناگارتھنا کی بینچ نے کہا ہے کہ جب یہ معاملہ ہائی کورٹ کی نگرانی میں ہے تواس کے فیصلے کا انتظار کرنا چاہئے۔ بینچ نے درخواست گزار کو ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت دی ہے اور کہا ہے کہ سندیش کھالی کیس کا موازنہ منی پور تشدد سے نہیں کیا جا سکتا۔

supreme court. photo: INN
سپریم کورٹ۔ تصویر: آئی این این

آج سپریم کورٹ نے اس درخواست کو مسترد کردیا ہے جس میں سندیش کھالی جنسی ہراسانی کے معاملے میں سی بی آئی یا دہلی پر مبنی ایس آئی ٹی کے ذریعےتفتیش کرنے کی اپیل کی گئی تھی۔سپریم کورٹ کے جسٹس آگسٹین جارج مسیح اور بی وی ناگارتھنا کی بینچ نے معاملے کی سماعت کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاملہ کلکتہ ہائی کورٹ کی نگرانی ہے اور اس نے اس کا نوٹس بھی لیا ہے۔ بینچ نے درخواست گزار سے کہا ہے کہ ہائی کورٹ سے رجوع کرے اور سندیش کھالی  معاملے کا موازنہ منی پور تشدد سے نہیں کیا جا سکتا۔

یہ بھی پڑھئے: سندیش کھالی معاملہ : کمیشن نے رپورٹ صدرجمہوریہ کو سونپی

سماعت کے دوران جسٹس ناگارتھنا نے کہا کہ ہائی کورٹ یہ کیس ہائی کورٹ کی نگرانی میں ہےاس لئے ۲؍ فارم میں اس کی سماعت نہیں ہونی چاہئے۔ دیکھتے ہیں کہ ہائی کورٹ اس معاملے میں کس قسم کی راحت دیتا ہے۔واضح رہے کہ سندیش کھالی معاملے میں پی آئی ایل داخل کی گئی تھی جس میں سندیش کھالی میں حال ہی میں ہونے والے تشدد میں سی بی آئی یا ایس آئی ٹی پر مبنی تفتیش کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔
یہ پی آئی ایل وکیل الاکھ الوک شری واستو نے داخل کی تھی جس میں انہوں نے متاثرین کیلئے معاوضہ اور مغربی بنگال پولیس افسران کے خلاف ان کی مبینہ غفلت کیلئے کارروائی کرنے کی مانگ کی تھی۔ اس درخواست میں مزید کہا گیا تھا کہ اس کیس کے ٹرانسفر اور ریاست کے باہرمقدمے کی سماعت کی مانگ کی گئی تھی۔ اس میں یہ بھی مطالبہ کیا گیا تھا کہ تین جج پر مبنی ایک کمیٹی تشکیل دی جائے جو اس کیس کی سماعت کرے۔ویسی ہی کمیٹی جو منی پور تشدد کےمعاملے میں تشکیل دی گئی تھی۔ 
خیال رہے کہ سندیش کھالی شمالی ۲۴؍ پرگنہ ضلع کا ایک گاؤں ہے۔ یہاں کی خواتین نے مقامی ٹی ایم سی لیڈر شاہجہاں شیخ اور ان کے حامیوں کے خلاف مبینہ جنسی ہراسانی کا الزام عائد کیا ہے۔ یاد رہے کہ شاہجہاں شیخ راشن اسکیم معاملے میں ای ڈی کے چھاپے کے بعد سے فرار ہیں۔تاہم، سندیش کھالی میں گزشتہ کئی دنوں سے خواتین احتجاج کر رہی ہیں اور شاہجہاں شیخ کی گرفتاری کا مطالبہ کر رہی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK