• Wed, 22 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’اس سے بہتر تو یہ ہوتا کہ وزیراعظم ۱۵؍ لاکھ روپے دیتے‘‘

Updated: September 23, 2025, 3:34 PM IST | Agency | Mumbai

’جی ایس ٹی ۲‘ کے نفاذ پر شیوسینا یوبی ٹی لیڈر سنجے راؤت کا طنز۔

Sanjay Raut. Photo: INN
سنجے راؤت۔ تصویر: آئی این این

ملک میں ’جی ایس ٹی ۲‘کے نفاذ کے اعلان  پر شیو سینا (یوبی ٹی) کے لیڈراور رکن پارلیمان  سنجے راؤت نے وزیراعظم نریندر مودی پر سخت تنقید کی ہے۔ راؤت نے نئے نرخوں کو ’’عوام کو بیوقوف بنانے کا دھندا‘‘ قرار دیا۔ خیال رہے کہ پہلے جی ایس ٹی کے چار سلیب ہوا کرتے تھے،   انہیں اب ۲؍سلیب میں بدل دیا گیا ہے۔ اب صرف۱۸؍ فیصد اور۵؍ فیصد کے ۲؍ ہی سلیب رکھے گئے ہیں۔ یہ اصلاح شدہ نرخ پیر سے لاگو ہوگئے ہیں۔ اس وجہ سے اب کئی اشیا سستی ہوں گی، ایسا اعلان وزیراعظم نریندر مودی نے عوام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اسی پر شیو سینا (یوبی ٹی ) کے لیڈر سنجے راوت نے تنقید کی ہے۔
 میڈیاکےنمائندوں  سے گفتگو کرتے ہوئے  راؤت نے کہا کہ ’’یہ سب کرنے کے بجائے اگر وزیراعظم مودی ہمارے۱۵؍ لاکھ روپے دے دیتے تو زیادہ سہولت ہوتی۔ یہ عوام کو بیوقوف بنانے کا دھندا ہے۔ ‘‘ راؤت نے وزیراعظم مودی کے خطاب کے وقت پر بھی سوال اٹھایا۔کہا کہ ’’عام طور پر مودی رات۸؍ بجے خطاب کرتے ہیں،  یہ ۸؍ بجے کا وقت ملک کو چونکانے کا وقت ہے۔ پھر کل(اتوار کو) ۵؍ بجے کیوں بولے؟ کل انہوں نے ۵؍ بجے اسلئے خطاب کیا تاکہ ملک ہندوستان-پاکستان کا میچ دیکھے۔ وہ کتنے بڑے قوم پرست ہیں۔۸؍ بجے تو اندھ بھکتوں کو کرکٹ میچ دیکھنا تھا، اس لیے انہوں نے۵؍ بجے جی ایس ٹی کا اعلان کیا۔‘‘ راؤت نے مزید کہا کہ ’’کل وزیراعظم مودی نے  کہا کہ کچھ تہواروں اور مواقع پر اشیا سستی ہوں گی۔ لیکن یہ سراسر دھوکہ ہے۔ تقریباً ۲؍ لاکھ کروڑ روپے کی یہ رعایت مودی نے دی ہے۔ اسکے مطابق۱۴۰؍ کروڑ ہندوستانیوں کو سال بھر میں صرف۱۲۱۳؍ روپے کا فائدہ ہوگا۔ یعنی مہینے میں محض۱۱۰؍ سے۱۲۰؍ روپے کا فائدہ ملے گا۔‘‘راؤت نے مزید کہا: ’’ہم نے سب کچھ حساب لگا کر دیکھا ہے۔ ہمیں بھی اکنامکس آتی ہے۔ یہ سب کرنے کے بجائے اگر مودی ہمارے۱۵؍ لاکھ روپے دے دیتے تو زیادہ سہولت ہوتی۔ یہ عوام کو بیوقوف بنانے کا دھندا ہے۔ انہوں نے۵؍ بجے جی ایس ٹی کا اعلان کیا کیونکہ انہیں۸؍ بجے کرکٹ میچ دیکھنا تھا۔ کل جے شاہ بھی ممبئی میں تھے، ایسی اطلاع ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK