Inquilab Logo

کیجریوال کی گرفتاری کیخلاف آزاد میدان میں ’ستیہ گرہ ‘

Updated: March 29, 2024, 10:57 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

انڈیا اتحاد میں شامل پارٹیوں کے لیڈران کے مشترکہ احتجاج میں مظاہرین نے بی جے پی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔

Leaders of All-India parties during the `Satyagraha`. Photo: INN
’ستیہ گرہ‘ کے دوران انڈیا اتحاد میں شامل پارٹیوں کے لیڈران۔ تصویر : آئی این این

عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اور  دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی غیر منصفانہ گرفتاری کے خلاف انڈیا اتحاد میں شامل پارٹیوں کے لیڈروں کی جانب سے مشترکہ طور پر ممبئی کے آزاد میدان میں جمعہ کو ’ستیہ گرہ‘ کیا گیا۔  شدید گرمی اور چلچلاتی دھوپ کے باوجود بڑی تعداد میں لوگوں نے اس میں شرکت کی۔ اس احتجاج کے ذریعے عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ آئندہ لوک سبھا انتخابات میں اپنے جمہوری حق کا استعمال کرتے ہوئے بی جے پی کو شکست دینے اور مودی کے اقتدارکو ختم کرنے میں تعاون دیں۔
 اس احتجاج میں عام آدمی پارٹی ممبئی کی صدر پریتی شرما مینن، ممبئی کانگریس کی صدر ورشا گائیکواڑ، کانگریس کے ایم ایل سی  بھائی جگتاپ،  این سی پی (شرد چندر پوار) ممبئی کی صدر راکھی جادھو، ودیا چوان،  سی پی آئی ( ایم ) لیڈر شیلندر کامبلے اور انڈیا اتحادکی پارٹیوں کے کچھ دوسرے لیڈران بھی ستیہ گرہ میں شامل تھے۔

یہ بھی پڑھئے: طلبہ پر ایک اور انٹرنس ٹیسٹ کا بوجھ ، ڈگری کالج میں داخلہ کیلئے بھی ٹیسٹ

مظاہرے میں شرکت کرنے والے افراد اپنے ہاتھوں میں مختلف نعرے والے پلے کارڈز بھی لئے ہوئے تھے جن پر ’’مودی کا پوپٹ گودی میڈیا،مودی کا پوپٹ  : انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ‘‘ اور  دیگر نعرے شامل  تھے۔
اس موقع پر عام آدمی پارٹی ممبئی کی صدر پریتی شرما مینن نے کہاکہ ’’یہ جیل میں منیش سسودیا نہیں ہے بلکہ ہندوستان کی تعلیم ہے۔ یہ جیل میں ستیندر جین نہیں ہے، ہندوستان کی صحت کی دیکھ بھال ہے اور یہ جیل میں بند اروند کیجریوال نہیں ہے، بلکہ ہندوستان کی امید ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہاکہ ’’یہ اروند کیجریوال یا عام آدمی پارٹی کے  خلاف کارروائی نہیں کی جارہی ہے درحقیقت یہ ہندوستان کے عوام کے خلاف ظالم نریندر مودی ہے۔ اروند کیجریوال کی گرفتاری سے ہندوستانی عوام میں غصہ ہے۔ ‘‘
 پریتی شرما  نے کہا کہ’’ انڈیا اتحاد کی پارٹیاں متحد ہو کر بی جے پی کو شکست دیں گی اور مودی کی ظالم حکمرانی کا خاتمہ کریں گی۔ ہم اپنا ملک بچائیں گے، ہم اپنا آئین بچائیں گے۔ ہم جیتیں گے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK