سابقہ اعداد و شمار کے تناظر میں دیکھا جائے تو صاف ظاہر ہوتا ہے کہ اس بار ماہ رجب کے مقدس مہینے میں عمرہ زائرین کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔
EPAPER
Updated: January 23, 2026, 12:03 PM IST | Makkah
سابقہ اعداد و شمار کے تناظر میں دیکھا جائے تو صاف ظاہر ہوتا ہے کہ اس بار ماہ رجب کے مقدس مہینے میں عمرہ زائرین کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔
مسجدالحرام اور مسجدِ نبوی کی دیکھ بھال کے امور کی جنرل اتھاریٹی نے اعلان کیا ہے کہ رجب کے مہینے میں ۸ء۱۴؍ ملین(ایک کروڑ ۴۸؍ لاکھ) زائرین نے عمرے کی سعادت حاصل کی۔ ان زائرین میں مملکت کے اندر اور سعودی عرب سے باہر سے آنے والے افراد شامل ہیں۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ان اعداد وشمار سے ظاہر ہوتا ہے مملکت کے باہر سے۲۰؍ لاکھ سے زیادہ افراد یہاں آئے جن کا تعلق اسلامی اور بین الاقوامی ممالک کے ساتھ تھا۔
یہ بھی پڑھئے: بورڈ آف پیس کے بعد امریکہ کا ’نیوغزہ‘ منصوبہ پیش، ماہرین کا رد عمل
ماہ رجب کے دوران غیر معمولی رش کے پیش نظر مسجد الحرام میں طواف اور سعی کیلئے الگ راستوں کی منصوبہ بندی کی گئی۔ اس کے علاوہ مقدس مساجد میں صفائی اور آبِ زم زم کی فراہمی کے بھی اضافی انتظامات رکھے گئے تھے۔ بڑی تعداد میں معتمرین کی آمد کے پیش نظر ہجوم کو منظم رکھنے کیلئے رضاکاروں اورسیکوریٹی کا اضافی عملہ تعینات کیا گیا تھا۔ سعودی حکام کے مطابق جدید ٹیکنالوجی اور اسمارٹ مانیٹرنگ سسٹمز کی مدد سے زائرین کی آمد و رفت کو مؤثر انداز میں کنٹرول کیا گیا، جس سے عبادات کی ادائیگی میں سہولت رہی۔ یاد رہے کہ رجب، شعبان اور رمضان المبارک کے مہینے عمرہ کیلئے خصوصی اہمیت رکھتے ہیں اور حج کے بعد سب سے زیادہ اللہ کے مہمانوں کی آمد ان مہینوں میں ہوتی ہے۔