Inquilab Logo Happiest Places to Work

سعودی عرب: غسلِ کعبہ کی سالانہ تقریب ۱۵؍ محرم (۳۰؍ جون) کو ہوگی

Updated: June 24, 2026, 8:10 PM IST | Mecca

خانۂ کعبہ کی سالانہ تطہیر اور صفائی کی مقدس رسم، غسلِ کعبہ، ۱۵؍ محرم ۱۴۴۸؍ ہجری (۳۰؍ جون ۲۰۲۶ء) کو ہوگی۔ اس روحانی اور تاریخی تقریب میں مسلم دنیا کی ممتاز مذہبی، سرکاری اور سماجی شخصیات شرکت کرتی ہیں۔ خانۂ کعبہ کے اندرونی حصے کو زمزم کے پانی، طائف کے گلاب کے عرق، عود اور مشک کے خوشبودار آمیزے سے دھویا جاتا ہے۔

The Kaaba. Photo: INN
خانۂ کعبہ۔ تصویر: آئی این این

مسلمانوں کے مقدس ترین مقام خانۂ کعبہ کی سالانہ تطہیر اور صفائی کی روحانی تقریب غسلِ کعبہ ۱۵؍ محرم ۱۴۴۸؍ ہجری (۳۰؍ جون ۲۰۲۶ء) کو ہوگی۔ یہ اسلامی دنیا کی اہم ترین مذہبی رسومات میں شمار ہوتی ہے، جس میں مسلم ممالک کی نمایاں شخصیات، علماء کرام، اعلیٰ حکام اور معزز مہمان شرکت کرتے ہیں۔ روایت کے مطابق خانۂ کعبہ کے اندرونی حصے کو زمزم کے پانی، طائف کے گلاب کے عرق، عود اور مشک کے خوشبودار آمیزے سے دھویا جاتا ہے۔ اس عمل کو روحانی تجدید اور بیت اللہ کی تعظیم کی علامت سمجھا جاتا ہے، جس کی طرف دنیا بھر کے کم و بیش ۲؍ ارب سے زائد مسلمان روزانہ اپنی نمازوں کا رخ کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: نیویارک کی قانون ساز اسمبلی میں پہلی فلسطینی مسلمان خاتون رکن بننے کے قریب

سالانہ تقریب کی تیاریوں کے سلسلے میں خانۂ کعبہ کے دروازے کے سامنے موجود کسوہ کا حصہ عشاء کی نماز کے بعد اٹھا دیا جاتا ہے۔ اس اقدام کا مقصد مدعو مہمانوں اور ذمہ داران کے لیے خانۂ کعبہ کے اندر داخلے کو آسان بنانا ہے۔ غسلِ کعبہ کی رسم عام طور پر فجر کی نماز کے بعد ادا کی جاتی ہے۔تقریب کی نگرانی روایتی طور پر خادم الحرمین الشریفین یا ان کے نامزد نمائندے کی جانب سے کی جاتی ہے۔ اس موقع پر شرکاء خانۂ کعبہ کی اندرونی دیواروں اور فرش کی صفائی میں حصہ لیتے ہیں، جبکہ خصوصی دعائیں اور عبادات بھی انجام دی جاتی ہیں۔

غسلِ کعبہ کے لیے استعمال ہونے والے خوشبودار محلول کی تیاری میں خصوصی اہتمام کیا جاتا ہے۔ اس مقصد کے لیے طائف کے مشہور گلاب ہاتھ سے چنے جاتے ہیں، جن سے اعلیٰ معیار کا عرقِ گلاب تیار کیا جاتا ہے۔ بعد ازاں اسے زمزم کے پانی کے ساتھ ملا کر خانۂ کعبہ کی صفائی کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ رسم میں استعمال ہونے والے اجزا میں چاندی کے دو برتنوں میں محفوظ ۴۰؍ لیٹر زمزم کا پانی، ۵۴۰؍ ملی لیٹر طائف کا عرقِ گلاب، ۲۴؍  ملی لیٹر اعلیٰ معیار کا طائف گلاب کا تیل، ۲۴؍ ملی لیٹر عود کا تیل اور خانۂ کعبہ کے فرش کے لیے ۳؍ ملی لیٹر مشک شامل ہوتے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: اسرائیل کو امریکی فوجی امداد پر انحصار کم کرنا ہوگا: نیتن یاہو

اسلامی روایات کے مطابق غسلِ کعبہ کی تقریب سال میں عموماً دو مرتبہ منعقد کی جاتی تھیں۔ پہلی بار رمضان المبارک سے قبل جبکہ دوسری مرتبہ محرم الحرام کے ابتدائی دنوں میں حج کی ادائیگی کے بعد اس مقدس رسم کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ تاہم، ۲۰۱۵ء میں اسے سال میں ایک مرتبہ یعنی محرم کیلئے مختص کردیا گیا۔ اگرچہ تقریب میں شرکت کا موقع صرف محدود تعداد میں مدعو افراد کو ملتا ہے، تاہم اس کے مناظر اور تصاویر پوری مسلم دنیا میں خصوصی دلچسپی سے دیکھی جاتی ہیں۔ ہر سال غسلِ کعبہ کی تصاویر اور ویڈیوز دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے روحانی وابستگی اور عقیدت کے اظہار کا ذریعہ بنتے ہیں اور بیت اللہ سے ان کے قلبی تعلق کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK