• Wed, 11 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

سعودی: حجاج کیلئے ’بغیر بیگ والے مسافر‘ سہولت، ۱۲۰؍ منٹ صرف ۱۵؍ منٹ رہ گیا

Updated: November 11, 2026, 8:03 PM IST | Jeddah

حج ۲۰۲۶ء کے دوران تقریباً ۲۹؍ لاکھ بیگ اس سہولت کے تحت سنبھالے گئے۔ اب حجاج اپنی رہائش گاہ سے ہی سامان جمع کراسکتے ہیں، سفری دستاویزات کی جانچ اور بورڈنگ پاس حاصل کرسکتے ہیں، جب کہ ان کا سامان براہ راست ہوائی اڈے پہنچایا جاتا ہے۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

سعودی عرب نے حجاج اور عمرہ زائرین کے ہوائی سفر کو آسان بنانے کے لیے ’مسافر بلا (بغیر) بیگ‘ (پسنجرز ودآؤٹ بیگ) کے نام سے ایک خصوصی سہولت متعارف کرائی ہے، جس کے تحت عازمین اپنی رہائش گاہ سے ہی پرواز کے لیے چیک اِن اور سامان جمع کرانے کی کارروائی مکمل کرسکتے ہیں۔ اس سہولت کے نتیجے میں ہوائی اڈوں پر سفری کارروائی مکمل کرنے میں لگنے والا وقت تقریباً ۲؍ گھنٹے سے کم ہوکر ۱۵؍ منٹ رہ گیا ہے۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق حج ۲۰۲۶ء میں اس نظام کے تحت تقریباً ۲۹؍ لاکھ بیگوں کو سنبھالا گیا، جس سے ہوائی اڈوں پر بھیڑ کم کرنے اور حجاج کی نقل و حرکت آسان بنانے میں مدد ملی۔ یہ سہولت سعودی عرب کی جنرل اتھاریٹی آف سول ایوی ایشن کے تیار کردہ ضابطہ جاتی نظام کے تحت مطارات ہولڈنگ کمپنی نے نافذ کی ہے۔ اس کا بنیادی مقصد حجاج کو بھاری سامان اٹھانے، ہوائی اڈے پر طویل قطاروں میں کھڑے ہونے اور چیک اِن کے پیچیدہ مراحل سے بچانا ہے۔ اس نظام میں متعلقہ عملہ حاجی کی رہائش گاہ پہنچ کر اس کا سامان وصول کرتا ہے، سفری دستاویزات کی جانچ کرتا ہے اور بورڈنگ پاس جاری کرتا ہے۔ اس کے بعد سامان ہوائی اڈے منتقل کیا جاتا ہے، جہاں اس کی سکیورٹی جانچ اور پرواز میں لوڈ کرنے کے انتظامات مکمل کیے جاتے ہیں۔ حاجی کو اس دوران اپنا سامان ساتھ لے جانے کی ضرورت نہیں رہتی اور وہ براہ راست روانگی کے لیے ہوائی اڈے پہنچ سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: شیخ حسینہ کے پاس پھانسی کے سوا کوئی قانونی متبادل نہیں: بنگلہ دیشی استغاثہ

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق اس اقدام کا آغاز حج ۲۰۲۳ء میں ہوا تھا۔ ابتدائی طور پر یہ سہولت جدہ کے شاہ عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے اور مدینہ منورہ کے شہزادہ محمد بن عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے پر فراہم کی گئی تھی۔ پہلے سال تقریباً ۶؍ لاکھ ۸۰؍ ہزار عازمین نے اس سے فائدہ اٹھایا۔ اگلے سال اس سے مستفید ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر ۷؍ لاکھ ۲۲؍ ہزار ہوگئی، جبکہ حج ۲۰۲۵ء میں یہ تعداد ۱۰؍ لاکھ سے تجاوز کرگئی۔ بعد ازاں اس سروس کو طائف کے بین الاقوامی ہوائی اڈے تک بھی وسعت دی گئی۔ حج ۲۰۲۶ء کے دوران اس منصوبے میں مزید توسیع کی گئی اور اسے حجاج کی آمد اور واپسی، دونوں مراحل میں استعمال کیا گیا۔ سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ نے جدہ میں منعقدہ چھٹی حج کانفرنس و نمائش کے افتتاح کے موقع پر بتایا کہ اس موسم میں تقریباً ۲۹؍ لاکھ بیگوں کو اس نظام کے تحت سنبھالا گیا۔ ان کے مطابق اس سہولت نے ہوائی اڈوں پر سفری کارروائی کا وقت ۱۲۰؍ منٹ سے کم کرکے ۱۵؍ منٹ کردیا، جس سے مسافروں کو انتظار اور سامان کی منتقلی کی مشقت سے راحت ملی۔ 

یہ بھی پڑھئے: امریکہ: عبدل السید کا ایران جنگ کو پاگل پن قرار دے کرہیگستھ سے استعفیٰ کا مطالبہ

یہ سہولت سعودی عرب کے وژن ۲۰۳۰ء اور پروگرام برائے خدمت ضیوف الرحمن کا حصہ ہے، جس کا مقصد دنیا بھر سے آنے والے حجاج اور عمرہ زائرین کے سفر کو آسان، محفوظ اور منظم بنانا ہے۔ اس منصوبے میں جنرل اتھاریٹی آف سول ایوی ایشن، مطارات ہولڈنگ کمپنی اور دیگر متعلقہ سرکاری و عملیاتی ادارے شریک ہیں۔ سعودی حکام کے مطابق مستقبل میں بھی اس نظام کو بہتر بنانے اور اس کے دائرے کو وسیع کرنے کی کوششیں جاری رہیں گی۔ حج کے دوران لاکھوں افراد کی آمد و رفت کے پیش نظر سامان کی وصولی، جانچ، ترسیل اور پروازوں کے ساتھ اس کی مطابقت ایک بڑا انتظامی چیلنج ہوتا ہے۔ ’مسافر بلا بیگ‘ کے نظام میں سامان کی منتقلی کو حاجی کے سفر سے الگ کرکے ایک مربوط انتظامی عمل میں شامل کیا گیا ہے۔ اس طرح عازمین کو روانگی کے وقت کم سامان کے ساتھ سفر کرنے کی سہولت ملتی ہے، جب کہ ہوائی اڈوں پر چیک اِن کاؤنٹروں اور سامان جمع کرانے کے مقامات پر دباؤ بھی کم ہوتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK