• Fri, 10 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

سعودی عرب: مساجد و اسکولوں سے۵۰۰؍ میٹر کے فاصلے تک تمباکو کی دکانوں پر پابندی

Updated: October 10, 2025, 10:07 AM IST | Riyadh

سعودی عرب نے عوامی صحت کے تحفظ اور منظم تجارتی ماحول کے قیام کیلئے تمباکو کی دکانوں کیلئے سخت ضوابط نافذ کر دیئے ہیں۔ نئے قانون کے تحت مساجد اور اسکولوں سے ۵۰۰؍ میٹر کے فاصلے تک تمباکو کی دکانیں چلانے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

Photo: INN.
تصویر: آئی این این۔

سعودی عرب نے مساجد اور اسکولوں سے۵۰۰؍ میٹر کے دائرے میں تمباکو کی دکانیں چلانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اس حوالے سے بلدیات و رہائش کی وزارت نے ضوابط کی منظوری دے دی ہے۔ یہ نئی ہدایات عوامی صحت کے فروغ، متعلقہ قوانین کی پابندی کو یقینی بنانے، اور مملکت بھر میں ایک محفوظ اور منظم تجارتی ماحول قائم کرنے کیلئے جاری کی گئی ہیں۔ وزارت نے وضاحت کی کہ یہ تقاضے تمام ایسی دکانوں پر لاگو ہوں گے جو تمباکو مصنوعات اور ان کے لوازمات جیسے سگریٹ، شیشہ اور ای سگریٹ وغیرہ فروخت کرتی ہیں۔ لائسنس حاصل کرنے کیلئے درست تجارتی اندراج (Commercial Registration)، سول ڈیفنس کی منظوری، اور بلدیاتی لائسنسنگ قوانین و ضوابط کی مکمل پابندی لازمی ہوگی۔ 

یہ بھی پڑھئے: فلسطین اسرائیل ’’امن معاہدہ‘‘ پر دستخط، نافذ

وزارت کے مطابق ضوابط میں مکانی (spatial) تقاضے بھی شامل ہیں جن میں سب سے اہم یہ ہے کہ دکان شہری علاقے کے اندر کسی تجارتی عمارت میں واقع ہو۔ دکان کا کم از کم رقبہ۳۶؍ مربع میٹر مقرر کیا گیا ہے جبکہ ہر بلدیہ کیلئے سڑک کی چوڑائی اور مقام کے درجہ بندی کے مطابق مخصوص شرائط لاگو ہوں گی۔ قواعد کے مطابق دکان کے بیرونی سائن بورڈ پر کسی قسم کے لوگو یا تشہیری مواد کی اجازت نہیں ہوگی، صرف کاروبار کا نام درج کیا جا سکتا ہے۔ دکان کی حدود کے باہر عوامی فٹ پاتھوں کے استعمال پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔ اندرونی اور بیرونی نگرانی کیلئے کیمرے لگانا لازمی ہوگا۔ دکانوں کو صفائی ستھرائی، فضلہ کے محفوظ تصرف، اور الیکٹرانک ادائیگی کے طریقوں کی فراہمی کے اصولوں پر عمل کرنا ہوگا۔ 
وزارت نے سرمایہ کاروں کو تکنیکی اور معمارانہ تقاضوں کی پابندی کا پابند کیا ہے، جن میں سعودی طرزِ تعمیر کے مطابق دکان کے اگلے حصے (فیساد) کا ڈیزائن، معذور افراد کیلئے ریمپ کی سہولت، الارم اور فائر ایکسٹنگوئشر سسٹم کی تنصیب، اور سعودی بلڈنگ کوڈ کے تحت وینٹیلیشن، ایئر کنڈیشننگ، روشنی اور آگ سے بچاؤ کے نظام کی فراہمی شامل ہے۔ وزارت نے اس بات پر زور دیا کہ دکانیں ان تکنیکی معیارات کی پابندی کریں جو ضوابط میں درج ہیں، جن میں مصنوعات کو مکس کرنے، دوبارہ پیک کرنے، یا غیر منظور شدہ پیکنگ میں فروخت کرنے پر پابندی شامل ہے۔ دکانوں کو مصنوعات کے سپلائر کا ثبوت فراہم کرنا ہوگا، اور۱۸؍ سال سے کم عمر افراد کو تمباکو مصنوعات فروخت کرنا ممنوع ہے۔ فروخت کنندگان کو خریدار کی عمر کی تصدیق کرنے کا حق حاصل ہوگا۔ 

یہ بھی پڑھئے: ہندوستانی ٹیرف فوری طور پر واپس لیں: ۱۹ ؍امریکی قانون سازوں کا ٹرمپ کو خط

وزارت نے یہ بھی لازمی قرار دیا کہ دکانوں کے اندر تنبیہی بورڈز آویزاں کئے جائیں جن میں سگریٹ نوشی کے نقصانات سے متعلق آگاہی پیغامات شامل ہوں، ساتھ ہی کیو آر کوڈز بھی موجود ہوں جن کے ذریعے لائسنسنگ اور ضوابطی معلومات تک رسائی حاصل کی جا سکے تاکہ شفافیت اور توثیق میں آسانی ہو۔ ضوابط میں تمباکو مصنوعات کی تشہیر، انعامات یا مفت نمونے کے طور پر پیش کرنے، یا ایک ایک سگریٹ فروخت کرنے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔ صرف وہ مصنوعات فروخت کی جا سکتی ہیں جو سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھاریٹی (SFDA) کے منظور شدہ معیار کے مطابق ہوں۔ 
بلدیاتی حکام ان تقاضوں پر عمل درآمد کی نگرانی کریں گے اور خلاف ورزی کرنے والے اداروں پر جرمانے عائد کریں گے۔ یہ اقدامات نگرانی کو مضبوط کرنے، کارکردگی میں بہتری لانے، اور ضابطوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کیلئے کئے جا رہے ہیں تاکہ ایک بہتر اور اعلیٰ معیار کے شہری ماحول کی تشکیل ہو سکے۔ مزید برآں، تمباکو مصنوعات اور ان کی ذیلی اقسام کی فروخت و تجارت کیلئے بھی ایک سلسلۂ ضوابط مقرر کیا گیا ہے۔ تمام تمباکو مصنوعات اور ان کی ذیلی اقسام کو سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھاریٹی (SFDA) کے منظور شدہ معیارات پر پورا اترنا ہوگا۔ غیر معروف یا گمراہ کن معلومات والی مصنوعات کی ملکیت یا نمائش ممنوع ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: اٹلی: حکومت عوامی جگہوں پر برقع اور حجاب پہننے پر پابندی کا بل پیش کرسکتی ہے

ان ضوابط کے مطابق، تمام تمباکو کے پیکٹ چھوٹے یا بڑے اور تمباکو یا اس کی ذیلی مصنوعات کے کسی بھی پیکٹ پر وضاحتی اور انتباہی معلومات درج ہونا لازمی ہے جو’’ایس ایف ڈی اے ‘‘ کے مقررہ معیار کے مطابق ہوں۔ سگریٹ صرف سیل بند پیکٹوں میں فروخت کئےجا سکتے ہیں، یونٹ کے لحاظ سے (ایک ایک کر کے) فروخت ممنوع ہے۔ خودکار مشینوں (vending machines) کے ذریعے تمباکو مصنوعات کی فروخت یا نمائش بھی ممنوع ہے۔ تمباکو یا اس کی ذیلی مصنوعات کی قیمت میں کمی، یا انہیں بطور تحفہ، انعام، یا مفت نمونے کی صورت میں پیش کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ کسی بھی ایسے پروڈکٹ کو درآمد کرنا، فروخت کرنا، یا پیش کرنا جو تمباکو یا اس کی مصنوعات کی تشہیر کرتا ہو، ممنوع ہے۔ تمام مصنوعات درست اور بغیر کسی خامی کے ہونی چاہییں۔ تمباکو مصنوعات کو وزن یا سائز کے لحاظ سے’’ایس ایف ڈے اے‘‘ کے منظور شدہ پیمانوں کے مطابق فروخت کیا جائے گا۔ مصنوعات کی معلومات واضح اور صارف کیلئے پڑھنے میں آسان ہونی چاہئیں۔ صارفین کو مصنوعات آزمانے (test) کی اجازت نہیں ہوگی۔ ای سگریٹ کے مائع والے کنٹینرز کو رِساؤ سے بچانے کیلئے مضبوطی سے بند ہونا چا ہئے۔ تمباکو ملا کر ای سگریٹ کے مائع بھرنے پر پابندی ہے۔ تمام مصنوعات پر واضح قیمت درج ہونا لازمی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK