بارسلونا میں خطہ بحیرہ رو م کے ممالک کے وزرائے خارجہ کی اہم کانفرنس ،فلسطین میں پائیدار جنگ بندی اور انسانی جانوں کے تحفظ کی وکالت۔
EPAPER
Updated: November 27, 2023, 11:59 PM IST | Agency | Riyadh / Barcelona
بارسلونا میں خطہ بحیرہ رو م کے ممالک کے وزرائے خارجہ کی اہم کانفرنس ،فلسطین میں پائیدار جنگ بندی اور انسانی جانوں کے تحفظ کی وکالت۔
سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود نے پیر کو جنگ زدہ غزہ کی تباہ کن صورتحال کے خاتمے کیلئے ایک قابل اعتماد امن منصوبے پر کام کرنے کی ضرورت پر اشد زور دیا۔سعودی عرب کے وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ تل ابیب تشدد کا مکمل ذمہ دار ہے جس نے غزہ پٹی پر جنگ مسلط کر رکھی ہے۔ خطہ بحیرہ روم کے ممالک کیلئے یونین کے وزرائے خارجہ کے آٹھویں علاقائی فورم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے تنازع کے خاتمے کیلئے دو ریاستی حل کی اہمیت پر زور دیا۔یہ کانفرنس اسپین کے شہر بارسلونا میں منعقد ہوئی۔ حماس اسرائیل جنگ اورموجودہ جنگ بندی کی صورتحال پر فیصل بن فرحان نے لٹویا ، قبرص ،جرمنی اور اسپین کے نمائندوں سے بھی گفتگو کی۔
مشترکہ عرب اسلامی سربراہی اجلاس کی طرف سے تفویض کردہ وزارتی کمیٹی کے اراکین نے پیر کو اسپین کے شہر بارسلونا میں اسپین کے وزیر خارجہ جوز مینوئل البریز سے ملاقات کی۔سعودی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ اس ملاقات میں اردن کے وزیر خارجہ ایمن الصفدی، مصری وزیر خارجہ سامح شکری، فلسطین کے وزیر خارجہ ریاض المالکی، ترکی کے ہاکان فیدان اور عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل احمد ابو الغیط شامل تھے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ملاقات میں غزہ ا ور اس کے گرد ونواح میں ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پائیدار جنگ بندی کے لیے کی جانے والی کوششوں پر تبادلہ خیال کے علاوہ قیدیوں کو رہا کر کے انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کو آگے بڑھانے پر زور دیا۔ اسپین کے وزیر خارجہ جوز مینوئل البریز نے اس بات پر زوردیا کہ قابض ریاست کا کوئی بھی ردعمل بین الاقوامی قانون کے مطابق ہونا چاہئے نہ کہ یہ کہ وہ ہزاروں بے گناہ شہریوں کو موت کی نیند سلا دے ۔لٹویا کے وزیر خارجہ کرسجانس کرینس سے دوطرفہ ملاقات کے دوران شہزادہ فیصل نے کہا کہ انسانی بنیادوں پرجنگ بندی کا جو معاہدہ ہوا ہے ، اس کی پوری پاسداری کی جانی چاہئے اور عام شہریوں کی جانوں کا تحفظ یقینی بنایاجانا چاہئے۔