Inquilab Logo Happiest Places to Work

سعودی عرب: سیکوریٹی فورسیز کا غیر قانونی عازمین حج کے خلاف کریک ڈاؤن

Updated: May 10, 2026, 7:03 PM IST | Makkah

حج سیزن ۲۰۲۶ء کے آغاز کے ساتھ ہی سعودی سیکوریٹی فورسز نے غیر قانونی عازمین حج کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کر دیا ہے تاکہ حج انتظامات کو محفوظ اور منظم رکھا جا سکے۔ مختلف کارروائیوں میں پاکستانی، افغانی اور انڈونیشی شہریوں سمیت متعدد افراد کو گرفتار کرکے ان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

A security guard checks the card of a traveler. Photo: INN
سیکوریٹی اہلکار ایک عازم کا کارڈ چیک کررہا ہے۔ تصویر: آئی این این

ہر سال کی طرح امسال بھی سیکوریٹی فورسیز نے غیر قانونی عازمین حج کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔ کریک ڈاؤن کا مقصد حج امور کو انتظامات کے مطابق محفوظ اور رواں رکھنے کیلئےان عازمین کو روکنا ہے جو بغیر اجازت یا غیر قانونی طور پر مکہ پہنچے ہیں یا اس کوشش میں ہیں۔ اس سے پہلے بھی سیکوریٹی فورسیز کی طرف سے یہ اعلان کیا گیا تھا کہ مبینہ غیر قانونی عازمین حج کو حراست میں بھی لیا جا سکتا ہے۔ حتیٰ کہ ان کیلئے سہولت کاری کرنے والوں یا مدد دینے والوں کو بھی حراست کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ نیز ان کے خلاف قانونی کارروائی بھی کی جائے گی۔ 

یہ بھی پڑھئے: ہنگری: پیٹر میگیار نئے وزیر اعظم منتخب، وکٹر اوربان کے۱۶؍ سالہ اقتدار کا خاتمہ

سعودی خبر رساں ادارے`ایس پی اے‘ کے مطابق مکہ کی پولیس نے اس سلسلے میں ابتدائی کارروائیاں کرتے ہوئے ۱۸؍افغانی اور پاکستانی شہریوں کو حراست میں لیا ہے۔ ان زیر حراست لئے گئے افراد سے نسک کارڈز اور حاجیوں کی کلائی پر باندھے جانے والے ’رسٹ بینڈز‘ بھی قبضے میں لئے گئے ہیں۔ خبر رساں ادارے کے مطابق ایک انڈونیشیا کے شہری کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ یہ شہری جعلی حج دستاویزات کی تیاری سوشل میڈیا کے ذریعے کرنے کے کام میں ملوث تھا۔ ایک اور کارروائی کر کے سعودی سیکوریٹی حکام نے۵؍ افغانیوں کو حراست میں لیا ہے۔ یہ بھی قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مکہ میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے، ان کی یہ کوشش مکہ کے صحرائی حصے سے پیدل داخل ہونے کی تھی۔ جبکہ ان کے پاس ضروری حج دستاویزات موجود نہیں تھیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: ’’سوویت عوام نے نازی ازم کی شکست میں بہتر کردار ادا کیا اور دنیا کو نجات دلائی‘‘

’ایس پی اے‘ کے مطابق جن افراد کو اب تک گرفتار کیا گی ہے ان کے خلاف مقدمات بنا کر انہیں پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ تاکہ قانونی و عدالتی کارروائی آگے بڑھ سکے۔ پبلک سیکوریٹی کے ڈی جی نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ حج قوانین کی مکمل پاسداری کو یقینی بنائیں۔ جس کسی بھی غیر قانونی عازم حج کے بارے میں انہیں اطلاع ملے حکام کو مکہ میں فون نمبر ۹۱۱؍ پر آگاہ کریں۔ جبکہ مدینہ اور مشرقی صوبے یا کسی بھی اور علاقے میں فون نمبر۹۹۹؍ پر مطلع فرمائیں۔ سعودی وزارت داخلہ نے حج قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کو دو ہزار ریال سے ایک لاکھ ریال تک جرمانے کی سزا کا اعلان کیا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: ٹرمپ کا روس اور یوکرین کے درمیان تین روزہ جنگ بندی کا اعلان

واضح رہے کہ سعودی عرب ہر سال حج سیزن کے دوران لاکھوں عازمین کی آمد کے پیشِ نظر سخت سیکوریٹی اور انتظامی اقدامات نافذ کرتا ہے تاکہ حج کے مقدس فریضے کو محفوظ، منظم اور سہل بنایا جا سکے۔ حالیہ برسوں میں بغیر اجازت یا جعلی دستاویزات کے ذریعے مکہ مکرمہ پہنچنے کی کوششوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے باعث سعودی حکومت نے “نسک کارڈ” اور دیگر جدید نگرانی کے نظام متعارف کرائے۔ حکام کے مطابق غیر قانونی عازمین نہ صرف حج انتظامات میں خلل ڈالتے ہیں بلکہ رہائش، ٹرانسپورٹ اور سلامتی کے مسائل بھی پیدا کرتے ہیں۔ اسی تناظر میں سعودی وزارت داخلہ اور سیکوریٹی ادارے ہر سال حج سے قبل خصوصی کریک ڈاؤن کرتے ہیں، جبکہ جعلی حج پرمٹ بنانے، سہولت کاری کرنے یا قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت جرمانوں اور قانونی کارروائیوں کا اعلان بھی کیا جاتا ہے۔

 
 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK