پانچویں اور آٹھویں کے نتائج بالترتیب۷۴ء۲۴؍ اور۹۴ء۱۹؍فیصد رہے، امتحان کے حتمی نتائج کو ایم ایس ای سی کی ویب سائٹ پر شائع کر دیا گیا ہے۔
EPAPER
Updated: July 06, 2026, 2:35 PM IST | Mumbai
پانچویں اور آٹھویں کے نتائج بالترتیب۷۴ء۲۴؍ اور۹۴ء۱۹؍فیصد رہے، امتحان کے حتمی نتائج کو ایم ایس ای سی کی ویب سائٹ پر شائع کر دیا گیا ہے۔
مہاراشٹر اسٹیٹ ایگزامینیشن کونسل ( ایم ایس ای سی ) کی جانب سے ۲۲؍فروری ۲۰۲۶ء کو منعقد کئے جانے والے پانچویں اور آٹھویں جماعت کے اسکالرشپ امتحان کے حتمی نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ امتحان کا مجموعی نتیجہ ۹۷ء۲۲؍ فیصد رہا۔ جماعت پنجم کا نتیجہ۷۴ء۲۴؍ فیصد اور ہشتم جماعت کا نتیجہ ۹۴ء۱۹؍فیصد رہا۔ طلبہ ایم ایس ای سی کی ویب سائٹ پر رزلٹ دیکھ سکتے ہیں۔
ایم ایس ای سی کی نگرانی میں منعقد ہونے والے امتحان میں پانچویں جماعت کے اسکالرشپ امتحان کیلئے ۶؍ لاکھ ۵۷؍ ہزار ۱۷۶؍طلبہ نے رجسٹریشن کرایا تھا۔ جن میں سے ۶؍ لاکھ۳۶؍ ہزار ۵۸۰؍ طلبہ نے امتحان میں شرکت کی، ان میں سے ایک لاکھ ۵۷؍ ہزار ۴۸۳؍طلبہ کامیاب ہوئے لیکن ۱۶؍ ہزار ۶۹۳؍ طلبہ کو اسکالر شپ دی جائے گی۔ کلاس ہشتم کے اسکالرشپ امتحان کیلئے ۱۳؍لاکھ ۸۷؍ ہزار ۶۲۷؍طلبہ نے رجسٹریشن کرایا تھا جن میں سے۳؍ لاکھ ۷۳؍ ہزار ۹۶۱؍ طلبہ نے اصل میں امتحان دیا تھا۔ اسکالرشپ امتحان میں کوالیفائی کرنے والے طلبہ کی تعداد ۷۴؍ ہزار ۵۴۶؍ہے لیکن ریاست میں صرف ۱۶؍ ہزار ۵۸۷؍طلبہ کو اسکالرشپ ملے گی۔ ہر ضلع کیلئے جن طلبہ کو وظائف دیئے جائیں گے ان کی تعداد کا تعین حکومت کرتی ہے۔ اس کے مطابق ہر تعلقہ اور ضلع کیلئے اسکالرشپ حاصل کرنے والے طلبہ کی تعداد مختلف ہے۔
یہ بھی پڑھئے: سلمان خان کی رہائش گاہ پر فائرنگ کا ملزم انمول بشنوئی خودسپردگی کا خواہاں
واضح رہےکہ امتحان کے عارضی نتائج کا اعلان ریاستی امتحانی کونسل نے ۱۸؍ مئی کو کیا تھا۔ اس پر اعتراضات طلب کئے گئے تھے۔ نتائج سے متعلق تمام اعتراضات کو کونسل نے حل کر لیا ہے اور امتحان کے حتمی نتائج کو ریاستی امتحانی کونسل کی ویب سائٹ پر شائع کر دیا گیا ہے۔ اسکالرشپ کے امتحان کے حتمی نتائج کو ایگزامینیشن کونسل کی ویب سائٹ پر انفرادی طور پر اپنا میٹنگ نمبر اور والدہ کا نام درج کر کے دیکھا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ، اسکول کے تمام طلبہ کے نتائج اسکول میں ان کے لاگ ان میں ایک ساتھ دیکھے جاسکتے ہیں مگرجو طالب علم اسکالرشپ ہولڈر بن چکے ہیں، ان کے سرٹیفکیٹس کو ان کے بینک اکاؤنٹ کی معلومات اور آدھار نمبر درج کئے بغیر نہیں دیکھا جا سکتا اور نہ ہی ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔