Inquilab Logo Happiest Places to Work

’اسکول ٹھیک کرو مہم‘ کوملک گیرحمایت

Updated: August 17, 2026, 10:15 AM IST | Mumbai

طلبہ اور نوجوانوں نے جگہ جگہ سے اسکولوں کی بدحالی کی تصویریں  شیئر کیں، کاکروچ جنتا پارٹی نے ’’بی جےپی کے غنڈوں‘‘ پر مہم کیخلاف تشدد کا الزام لگایا، مغربی بنگال میں اپنے رضاکار عبدالحفیظ کے والد کے قتل کا ذمہ دار ٹھہرایا، گرفتاری کا مطالبہ کیا، آج سی جےپی کی ٹیم بانکوڑہ پہنچے گی۔

Students across the country are sharing photos and videos of their protests on social media. Picture: INN
ملک بھر میں جگہ جگہ طلبہ احتجاج کرتےہوئے اپنی تصویریں  اور ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کررہے ہیں۔ تصویر: آئی این این

کاکروچ جنتا پارٹی کی ’’اسکول ٹھیک کرو‘‘ مہم کو ملنےوالی ملک گیر حمایت  نے کارکنوں کے حوصلے بلند کردیئے ہیں۔ جگہ جگہ سے طلبہ ،نوجوان اور معمر افراد ویڈیو بنا کر اپنے اپنے علاقوں کے اسکولوں کی حالت زار سے آگاہ کررہے ہیں۔ عوامی سطح پر  یہ مطالبہ بھی کیا جارہاہے کہ ’’اسکول ٹھیک کرو‘‘ کے ساتھ راستے ٹھیک کرو مہم بھی شروع کی جائے۔ اس ضمن میں متعدد ویڈیوز شیئر کئے گئے ہیں جن میں سڑک کی جگہ کیچڑ  نے لے لی ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: بہار کے اشوک دھام مندر میں خوفناک بھگدڑ، ۷؍ ہلاک، ۱۲؍ سے زائد زخمی

ملک بھر سے بھرپور حمایت

کاکروچ جنتا پارٹی کے ترجمان آشوتوش رانکا نے ایک پوسٹ  کرکے بتایاہے کہ ’’  مجھے اب تک  راجستھان کے ہی جے پور، اجمیر، جودھپور، ادے پور، دھولپور، بھرت پور، کوٹہ، باڑمیر اور ہنومان گڑھ میں خراب اسکولوں کا معائنہ کرنے کی درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ ان مقامات پر انتظامیہ اسکولوں کو بہتر بنانے کا مطالبہ تسلیم نہیں کر رہا ہے۔ اگلے چند دنوں میں ہم  ان تمام مقامات کا دورہ کریں گے۔ اگر آپ کے شہر یا گاؤں میں بھی کوئی  اسکول خراب حالت میں ہے اور انتظامیہ بات نہیں مان رہاتو مجھے ٹیگ کریں۔‘‘ انہوں نے پُرعزم لہجے میں کہا کہ ’’کاکروچ جنتاپارٹی کی ٹیم جلد وہاں پہنچے گی۔ ہم اپنے بچوں کے اسکولوں کو بہتر کروا کر ہی دم لیں گے۔‘‘ایک  اور پوسٹ میں  انہوں نے کہا کہ ’’اگر آپ جاننا چاہتے ہیں کہ حقیقی انقلاب کیسا دکھائی دیتا ہے تو کاکروچ جنتا پارٹی کے انسٹاگرام  ہینڈل  سے  پوسٹ کی گئی   اسٹوریز ضرور دیکھیں۔‘‘

 مہم کے خلاف بی جےپی کارکنوں پر غنڈہ گردی کا الزام

کاکروچ جنتاپارٹی کے ترجمان آشوتوش رانکا نے الزام لگایا ہے کہ’’بی جےپی کے غنڈے‘‘اس مہم کے خلاف تشدد برپا کررہے ہیں۔راجستھان  کے جودھاواس میں طلبہ کے احتجاج  کے خلاف  روہتاش گھنگال نامی شخص کی غنڈہ گردی کا حوالہ وہ پہلے ہی دے چکے ہیں ۔ انہوں نے نشاندہی کی تھی کہ روہتاش نہ صرف بی جےپی  سے وابستہ ہے بلکہ ’’ہسٹری شیٹر‘‘ بھی ہے تاہم مذکورہ احتجاج کامیاب رہا اور انتظامیہ نے طلبہ کی تمام باتیں مانیں۔

یہ بھی پڑھئے: راجستھان: اسکول کی چھت گرنے کے بعد طلبہ کا احتجاج، سی جے پی کی شمولیت

مغربی بنگال میں سی جےپی رضاکار کے والد کا قتل

مغربی بنگال کے بانکورہ ضلع  کے کاریسوندا علاقہ میں عبدالحفیظ نامی سی جےپی کارکن کے والد کے قتل کیلئے بھی ’’بی جےپی  کے غنڈوں‘‘ کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے  اتوار کو ایک پوسٹ کر کے رانکا نے اطلاع دی کہ سی جےپی کی ایک ٹیم پیر کو بانکوڑہ پہنچے گی۔ انہوں  نے کہا کہ ’’ہم اسکولوں کو بہتر کرنا چاہتے ہیں، لیکن پورے ملک میں بی جے پی کے غنڈے صرف تشدد پھیلا رہے ہیں۔‘‘

بانکوڑہ میں عبدالحفیظ  کے والد کا قتل کیسے ہوا؟

کاکروچ جنتاپارٹی کی ’’اسکول ٹھیک کرو‘‘ مہم کے تحت ۲۵؍سالہ عبدالحفیظ جو بانکوڑہ ضلع  کے کاریسوندا علاقہ میں رہتا ہے،  مقامی اسکول  پہنچا اوراس نے وہاں موجود کمیوں کو اجاگر کرکے ویڈیو بنایا۔ گھر واپسی پر بی  جےپی کے مبینہ غنڈے    اس کے گھر پہنچے اور  ویڈیو جاری کرکے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔ انکار پر  انہوں نے عبدالحفیظ اور تمام اہل خانہ کے ساتھ مار پیٹ کی۔ عبدالحفیظ کو گلے میں چوٹ آئی جبکہ اس کے والد معافق کو سر پر شدید چوٹ لگی۔سنیچر کو انہوں نے اسپتال میں دم توڑ دیا۔ کاکروچ جنتاپارٹی نے حملے کے ذمہ دار افراد کی فوری گرفتاری اور  غیر جانب دارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK