Inquilab Logo

اسکول کالج ۳۱؍ دسمبر تک نہیں کھلیں گےمگر بورڈ امتحانوں کاوقت پر انعقاد

Updated: November 21, 2020, 7:00 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

شہر میں کورونا کے معاملات میں  اضافے اور شہر میں  وبا کی دوسری لہر کے اندیشوں کے پیش نظر ممبئی کے میونسپل کمشنر اقبال سنگھ چہل نے۳۱؍ دسمبر تک شہر میں  اسکول اور کالج نہ کھولنے کافیصلہ کیا ہے ۔

For Representation Purpose Only. Photo INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

شہر میں کورونا کے معاملات میں  اضافے اور شہر میں  وبا کی دوسری لہر کے اندیشوں کے پیش نظر ممبئی کے میونسپل کمشنر اقبال سنگھ چہل نے۳۱؍ دسمبر تک شہر میں  اسکول اور کالج نہ کھولنے کافیصلہ کیا ہے البتہ دسویں اور بارہویں کے بورڈ امتحانات حسب معمول منعقد کئے جائیں گے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز ہی ریاستی حکومت نے ۹؍ویں   تا ۱۲؍ویں  جماعت کیلئے اسکول اور کالجوں کو ۲۳؍ نومبر سے کھولنے کا اعلان کیا تھا۔ البتہ ریاستی وزیر تعلیم ورشا گائیکواڑ نے میونسپل کمشنر اورضلع کلکٹروں کو یہ اختیار دیا ہے کہ اسکول اور کالج کھولیں جائیں یا نہیں اس کا فیصلہ وہ کر سکتے ہیں ۔ اس اختیار کے تحت ممبئی میونسپل کمشنر نے ۳۱؍ دسمبر تک اسکولوں اور کالجوں کوبند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔   اس ضمن میں بی ایم سی کے ایجوکیشن آفیسر مہیش پالکر کی جانب سے ۲۰؍ نومبر کو جاری کئے گئے سرکیولر میں کہا گیاہے کہ ۲۳؍ نومبر سے ۹ ؍ ویں تا ۱۲؍ ویں جماعت کیلئے اسکول اور کالج کھولنے کی اجازت ریاستی حکومت نے دی ہے۔ ممبئی میں کورونا وائرس کا اثر کم ہو رہا ہے لیکن دیگر ممالک کورونا کی دوسری لہرکا سامنا کر رہے ہیں اور ملک کی دیگر ریاستوں میں کورونا کے معاملات بڑھ رہے ہیں لہٰذا ہماری ریاست اور شہر میں بھی کورونا کی دوسری لہر آسکتی ہے، اس لئے اگلے ۴؍ تا ۶؍ ہفتوں میں ہمیں مزید احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔ اسی خصوصی احتیاط کے تحت ممبئی کے میونسپل کمشنر نے سبھی میڈیم کے سرکاری اور پرائیویٹ اسکولوں اور کالجوں کو ۳۱؍ دسمبر تک بند رکھنے کا فیصلہ کیاہے۔
 سرکیولر میں مزید کہا گیا ہے کہ اسٹیٹ بورڈ آف سیکنڈری اینڈ ہائر سیکنڈری ایجوکیشن کی جانب سے منعقد ہونے والے ایس ایس سی   اور ایچ ایس سی بورڈ امتحانات حسب معمول طے شدہ وقت پر منعقد ہوں گے ۔ان میں کوئی رد و بدل نہیں کیا جارہا ہے۔
ممبئی دہلی سفر پر پابندی زیر غور
 دہلی میں  کووڈ-۱۹؍ کے بڑھتے ہوئے معاملات کے پیش نظر مہاراشٹر سرکار احتیاطاً ممبئی اور دہلی کے درمیان سفر پر پابندی عائد کرنے پر غور کررہی ہے۔ مہاراشٹر کے چیف سیکریٹری سنجے کمار کے مطابق ابھی اس پر کوئی حتمی فیصلہ نہیں  کیاگیاہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہم حالات پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں ۔ مہاراشٹر پھر متاثر نہ ہواس کیلئے ہمیں   احتیاطی اقدامات کرنے پڑسکتے ہیں ۔ فی الحال ممبئی اور دہلی کے درمیان بہت کم ٹرینیں اور پروازیں  چل رہی ہیں ان میں  مزید کمی یا انہیں  روکنے کافیصلہ وقت پر کیا جائیگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK