Updated: May 30, 2024, 10:21 AM IST
| New Dehli
بہار میں شدید گرم لہر برقرار، بیگو سرائے میں ۸۰ ؍ اسکولی طالبات بیہوش ہو گئیں، اسپتال داخل کیا گیا، کوٹہ میں برا حال، ایک دن میں ۸؍ اموات، درجہ حرارت لگاتار تیسرے دن۵۰؍ ڈگری کے پار، دہلی میں اب تک کا سب سے زیادہ ۵۲؍ ڈگری ریکارڈ کیا گیا لیکن شام میں بارش بھی ہو گئی، معمولی راحت ۔
گرمی سے بچنے کیلئے کچھ لوگ خود کو کپڑے میں لپیٹے ہوئے دیکھے جاسکتے ہیں۔ تصویر: پی ٹی آئی۔
ملک بھر میں گرمی کی شدت برقرار ہے اور زیادہ سے زیادہ اوسط درجہ حرارت ۴۶؍ ڈگری سے زیادہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے جبکہ کئی جگہوں پرپارہ نے ریکارڈ توڑنا شروع کردیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق دہلی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت بدھ کو۵۲ء۳؍ ڈگری ریکارڈ کیا گیا جو دہلی کا اب تک کا سب سے زیادہ درجہ حرارت ہے۔ کہا جارہا ہے کہ پارہ نے دہلی میں گزشتہ ۲۰۰؍ سال کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ اس کے علاوہ راجستھان، ہریانہ، مدھیہ پردیش، اتر پردیش اور بہار بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔
دہلی کے لئے اقدامات
دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ نے قومی راجدھانی میں شدید گرمی اور مختلف مقامات پر درجہ حرارت ۵۱؍ سے ۵۲؍ڈگری پہنچ جانے پر تعمیراتی مقامات پر مزدوروں کے لئے تنخواہ کے ساتھ (یعنی ان کی تنخواہ نہیں کاٹی جائے گی) تین گھنٹے کی چھٹی کو لازمی قرار دیا ہے۔ دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر کے دفتر کی طرف سے جاری کردہ ہدایات میں لکھا گیا ہے کہ لیفٹیننٹ گورنر نے دہلی ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کو ہدایت دی ہے کہ وہ مختلف تعمیراتی مقامات پر تعینات مزدوروں کے لئے پانی اور ناریل وغیرہ کا مناسب انتظام کریں تاکہ ان کے جسم میں پانی کی کمی نہ ہو۔ ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے غریب ورکروں کو گرمی کی لہر سے بچانے کیلئے شیڈ اورکولرس کا مناسب انتظام کرنے کی ہدایات بھی دی گئی ہیں۔ ڈی ڈی اے کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ سپروائزروں اور مزدوروں کو موسم گرما کے اوقات میں دوپہر ۱۲؍سے۳؍بجے کے درمیان چھٹی دیں۔ اس کے علاوہ دہلی میں پانی بچانے کے بھی اقدامات شروع کئے گئے ہیں۔ اس کے تحت پائپ سے گاڑی دھونے پر پابندی عائد کردی گئی ہے اور ۲؍ ہزار روپے تک کا جرمانہ عائد کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
بہار میں حالات برے ہیں
کئی ریاستوں کے اسکولوں میں گرمیوں کی چھٹیاں ہیں لیکن بہار میں پڑھائی جاری ہے۔ بدھ کو بہار کے بیگوسرائے اور شیخ پورہ میں تقریباً ۸۰؍اسکولی طالبات بیہوش ہو گئیں اور کلاس روم میں گر گئیں۔ شیخ پورہ کے ایک اسکول میں شدید گرمی کی وجہ سے طالبات کی طبیعت اس قدر بگڑ گئی کہ انہیں فوری طور پر اسپتال میں داخل کرنا پڑا۔ شدید گرمی کی وجہ سے شیخ پورہ ضلع کے اریاری بلاک کے تحت منکول اپ گریڈڈ مڈل اسکول سمیت کئی اسکولوں میں طالبات بیہوش ہو گئیں۔ شدید گرمی کی وجہ سے کچھ طالبات صبح کی اسمبلی کے دوران اور کچھ کلاس روم میں بیہوش ہو گئیں۔ طالبات کے بے ہوش ہونے پر اساتذہ میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ طالبات کے گھر والوں کو اس کی اطلاع ملی تو وہ بھی اسکول پہنچ گئے۔ بعد ازاں طالبات کو اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ دراصل مٹھیانی بلاک کے مٹھیانی مڈل اسکول میں شدید گرمی کی وجہ سے تقریباً ۱۸؍ طالبات بے ہوش ہو گئیں، جنہیں علاج کے لیے مٹھیانی ریفرل اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ جہاں تمام طالبات کا علاج کیا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ بیگوسرائے میں درجہ حرارت ۴۰؍ ڈگری سے اوپر ہے اورشدید گرمی کے باوجود تمام اسکول کھلے ہیں۔ اب انتظامیہ نے اقدامات کا یقین دلایا ہے۔
کوٹہ میں حال بے حال ، ۸؍ اموات
راجستھان کے جنوبی شہر کوٹہ میں بھی گرمی سے حال بے حال ہے۔ یہاں پر درجہ حرارت جہاں ۵۰؍ڈگری سے تجاوز کر گیا ہے وہیں یہاں ۸؍ اموات کی بھی اطلاعات ہیں۔ یہ اموات ضلع کے مختلف علاقوں میں شدید گرمی کے سبب ہونے کی بات سامنے آئی ہے۔ واضح رہے کہ راجستھان میں گزشتہ ایک ہفتے سے انتہائی شدید گرمی پڑ رہی ہے۔ یہاں کے تمام بڑے شہروں جیسے جیسلمیر، جے پور، جودھ پور، بھرت پور، بیکانیر اور اطراف میں پارہ ۵۰؍ ڈگری کے آس پاس ہی درج ہو رہا ہے۔