اسرائیلی افواج اور حماس ممکنہ طور پر دوبارہ لڑائی شروع کرنے کی تیاریوں میں مصروف، مشرقی علاقوں میں سفاکانہ فائرنگ، ۴؍فلسطینی شہید۔
غزہ میں مختلف بہانو ں سے قابض اسرائیل کی بمباری جاری ہے۔ تصویر: آئی این این
غزہ میں جنگ بندی معاہدے کے دوسرے مرحلے میں پیش رفت نہ ہونے کے باعث ایک بار پھر جنگ کے بادل منڈلانے لگے ہیں، جہاں اسرائیلی افواج اور حماس دونوں کی جانب سے ممکنہ طور پر دوبارہ لڑائی شروع کرنے کی تیاریوں کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں۔ غزہ میں جنگ بندی معاہدے کے دوسرے مرحلے میں تاخیر کے باعث خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اسرائیل اور حماس ایک بار پھر تباہ حال فلسطینی علاقے میں لڑائی کی طرف بڑھ سکتے ہیں۔ ایک اسرائیلی عہدیدار اور ایک عرب سفارتکار کے مطابق اسرائیلی فوج مارچ کے دوران غزہ میں نئی فوجی کارروائیوں کے لیے منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ العربیہ کے مطابق نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بات کرنے والے عرب سفارتکار نے کہا کہ یہ کارروائیاں امریکہ کی حمایت کے بغیر ممکن نہیں ہوں گی، جبکہ واشنگٹن فی الحال جنگ بندی کے دوسرے مرحلے پر عمل کیلئےلدباؤ ڈال رہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق جنگ بندی کے اس مرحلے میں حماس سے ہتھیار ڈالنے کا مطالبہ شامل ہے، جبکہ ایک بین الاقوامی فورس کے ذریعے غزہ میں استحکام فورس کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔ یہ تفصیلات اسرائیلی اخبار ٹائمز آف اسرائیل کی ایک رپورٹ میں سامنے آئی ہیں۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی منصوبہ بنیادی طور پر غزہ شہر پر مرکوز ہو سکتا ہے اور اس کا مقصد غزہ پٹی کے اندر زمین کی نئی تقسیم کے تناظر میں نام نہاد ’یلو لائن‘ کو آگے بڑھانا ہے۔ دوسری جانب عرب اور اسرائیلی عہدیداروں نے اس بات کی بھی تصدیق کی ہے کہ حماس بھی ممکنہ طور پر دوبارہ لڑائی شروع کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق حماس نے زیر زمین کچھ ایسی سرنگوں کی مرمت اور بحالی شروع کر دی ہے جو حالیہ جنگ میں نقصان کا شکار ہوئیں تھیں۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ حماس نے اپنے جنگجوؤں کو تنخواہیں ادا کرنے اور نئے افراد کی بھرتی کے لیے اضافی مالی وسائل بھی حاصل کر لیے ہیں ۔
دوسری جانب غزہ کی پٹی کے مشرقی علاقوں میں آج اتوار کے روز قابض اسرائیل کی سفاکانہ فائرنگ کے نتیجے میں۴؍فلسطینی شہری شہید ہوگئے۔ طبی ذرائع کے مطابق بلدیہ بنی سہیلہ مشرقی خان یونس میں قابض اسرائیل کی فائرنگ سے محمد ایاد شاکر ابو عاصی اور انس فواد شاکر ابو عاصی شہید ہو گئے۔ غزہ کے جنوب مشرقی علاقے محلہ الزیتون میں بھی قابض اسرائیل کی گولیوں سے ایک فلسطینی شہری جام شہادت نوش کرگیا۔ وسطی غزہ کے مغازی کیمپ میں گزشتہ روز شہریوں کے ایک گروہ پراسرائیل کی بمباری میں زخمی ہونے والا ایک فلسطینی شہری آج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گیا۔