ناندیڑ میں ووٹروںکو یرغمال بنانے کی کوشش، واشم میں بی جے پی امیدوار کا شیوسینا(ادھو) امیدوار پر چاقو سے حملہ ، احمد آباد میں بی جے پی اور این سی پی کارکنان میں جھڑپ
EPAPER
Updated: December 21, 2025, 10:24 AM IST | Nanded
ناندیڑ میں ووٹروںکو یرغمال بنانے کی کوشش، واشم میں بی جے پی امیدوار کا شیوسینا(ادھو) امیدوار پر چاقو سے حملہ ، احمد آباد میں بی جے پی اور این سی پی کارکنان میں جھڑپ
ریاست میں سنیچر کو میونسپل اور نگر پنچایت الیکشن کے دوسرے مرحلے کی پولنگ ہوئی ۔ اس دوران مختلف علاقوں سے ناخوشگوار واقعات کی اطلاع ملی۔ ناندیڑ میں ووٹروں کو یرغمال بنانے کا واقعہ سامنے آیا تو ، واشم میں بی جے پی امیدوار نے شیوسینا (ادھو) کے امیدوار کو چاقو مار دیا ، جبکہ احمد نگر میں این سی پی (اجیت) اور بی جے پی کےکارکنان کے درمیان جھڑپ ہو گئی۔ اسی ماحول میں لوگوں نے ووٹ ڈالے۔
ناندیڑ میں ووٹروں کو یرغمال بنایا گیا
ناندیڑ ضلع کے دھرم آباد علاقے میں پولنگ کے دوران بعض ووٹروں نے الزام لگایا کہ بی جے پی کارکنان نے انہیں شہر کے انانی ہال یرغمال بنا رکھا تھا تاکہ وہ ووٹ نہ دے سکیں۔ اہم بات یہ ہے کہ یہ الزام کسی سیاسی پارٹی نے نہیں بلکہ خود متاثرہ ووٹروں نے لگایا ہے، اسلئے معاملے کی سنگینی مزید بڑھ جاتی ہے۔ ووٹروں کا کہنا ہے کہ انہیں پیسوں کا لالچ دیا گیا وہ نہیں مانے تو انہیں ہال ہی میں روک کر رکھا گیا، تاکہ وہ آزادانہ طور پر ووٹنگ نہ کر سکیں۔ الیکشن کمیشن اور پولیس نے معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات شروع کر دی ۔ مذکورہ ہال میں کیا ہوا تھا یہ معلوم کرنے کیلئے پولیس شام کو وہاں پہنچی لیکن اس وقت وہاں کوئی نہیں تھا۔ اس لئے شکایت کنندگان کے الزام کی تصدیق نہیں ہو سکی نہ ہی یہ معلوم ہو سکا انہیں یرغمال بنانے والے لوگ کون لوگ تھے۔ متاثرین نے بی جے پی پر الزام لگایا ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ پولیس کے پہنچنے سے پہلے ہی بی جے پی کارکنان موقع سے فرار ہو چکے تھے۔ اس واقعے کی تائید میں کچھ ایسی تصاویر بھی منظرِ عام پر آئی ہیں جن میں گوگل میپ کیمرہ کا استعمال کیا گیا ہے۔ ان تصاویر میں واضح طور پر یہ درج ہے کہ تصاویر کب، کہاں اور کس وقت ریکارڈ کی گئی ہیں۔ ایک اور تشویشناک الزام یہ ہے کہ جب اس معاملے کو اجاگر کرنے کیلئے میڈیا نمائندے پہنچے تو پولیس نے انہیں رپورٹنگ سے روکنے کی کوشش کی۔ میڈیا کی پولیس کے ساتھ تلخ کلامی بھی ہوئی۔
واشم: امیدوار کا مخالف امیدوار پر چاقو سے حملہ
ودربھ کے ضلع واشم میں بی جے پی امیدوار نے اور شیوسینا (ادھو) کےامیدوار پر چاقو سے حملہ کر دیا۔ یہ واقعہ جمعہ کی رات واشم کے لکھالہ علاقے میں پیش آیا۔ شیوسینا(ادھو)کے امیدوار گڈو عرف پروین ڈولے کی شکایت کے مطابق بی جے پی امیدوار ستیش عرف گلّا وانکھیڈے نے ان کے ساتھ جھگڑا کیا اور جان سے مارنے کی دھمکی بھی دی۔ اس دوران بحث بڑھنے کے بعد وانکھیڈے نےان پر چاقو سے حملہ کرنے کی کوشش کی۔ ساتھ ہی وانکھیڈے اور اُس کے حامیوں نے ڈولےکے دوستوں کو بھی مارا پیٹا۔ اس واقعے کے بعد واشم سٹی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی گئی ہے۔ ستیش وانکھیڈے کو معاملہ درج ہونے کی اطلاع ملتے ہی وہ فرار ہو گیا، واشم پولیس اس کی تلاش کر رہی ہے۔
احمد آباد : بی جے پی اور این سی پی کارکنان میں جھڑپ
احمد نگر ضلع کے کوپر گائوں میں مہایوتی ہی کے دو پارٹیوں کے درمیان تصادم نظر آیا۔ یہاں ایس جی کالج کے پولنگ بوتھ پر بی جے پی اور این سی پی (اجیت) کے کارکنان کے درمیان جھڑپ ہو گئی۔ دونوں ہی طرف کے لوگ ایک دوسرے پر پولنگ پر اثر انداز ہونے کا الزام عائد کر رہے تھے۔ پہلے دونوں گروہوں میں توتو میں میں ہوئی اس کے بعد کھینچ تان کی نوبت آئی۔ اہم بات یہ ہے کہ اس دوران پولیس وہاں موجود تھی۔ پولیس نے کسی طرح دونوں ہی گروہوںکو پولنگ بوتھ سے باہر نکالا۔ یاد رہے کہ ریاست میں بی جے پی ( این سی پی) ور شیوسینا (شند) کئی مقامات پر آمنے سامنے الیکشن لڑ رہے ہیں۔ یاد رہے کہ میونسپل کونسل اور نگر پنچایت کے انتخابات کا پہلا مرحلہ ۲؍ دسمبر کو ہوا تھا ۔ جبکہ اس کا دوسرا مرحلہ ۲۰؍ دسمبرکو منعقد کیا گیا۔ عدالت کی ہدایت کے بعد ۲؍ دسمبر کی پولنگ کے نتائج کو روک دیا گیا اب ان دونوں مرحلوں کی پولنگ کے نتائج ۲۱؍ دسمبر یعنی کہ آج ظاہر کئے جائیں گے۔ اہم بات یہ ہے کہ اس الیکشن میں تما م پارٹیوں نے اپنے اپنے اتحادوںکو توڑ کر ایک دوسرے کے سامنےامیدوار کھڑے کئے تھے۔