Inquilab Logo

ممبئی میں دفعہ ۱۴۴؍ نافذ، عوامی نقل وحرکت پر پابندیاں

Updated: July 02, 2020, 8:06 AM IST | Nadeem Asran / Iqbal Ansari | Mumbai

ممبئی پولیس کے ترجمان و ڈپٹی کمشنر آف پولیس (آپریشن ) پرنئے اشوک کے ذریعہ جاری کردہ فرمان کے مطابق ’’ دفعہ ۱۴۴؍ کا اطلاق ضروری اشیاء کی خریداری کرتے وقت بھی لاگو رہے گا ، یعنی بازاروں میں ضرورت کی چیزیں

Mumbai Lockdown - Pic : Inquilab
ممبئی لاک ڈاؤن ۔ تصویر : انقلاب

تمام اقدامات کے باوجود کورونا وائرس’کووڈ-۱۹‘ سے متاثر ہونے والوں کی تعداد میں مسلسل  اضافے    کے بیچ اس  کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے اب عروس البلاد ممبئی میں دفعہ ۱۴۴؍ نافذ کردیاگیا ہے۔ واضح رہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے ۳۱؍ جولائی  تک مہاراشٹر میں  لاک ڈاؤن میں توسیع  کے بعدممبئی پولیس کی جانب سے یہ دوسرا اہم اقدام ہے۔اس سے قبل وہ ۲؍ کلومیٹر کا اصول نافذ کرچکی ہے جس کے تحت شہریوں کو اپنے  گھر کے اطراف ۲؍ کلو میٹر کے احاطے میں ہی رہنے اور خرید وفروخت  کی اجازت دی گئی ہے۔ اس سے باہر نکلنے کی صورت میں   جرمانہ عائد کیا جارہا ہے نیز گاڑیاں ضبط کی جارہی ہیں۔ 
رات کے کرفیو کے ساتھ اب دن میں حکم امتناعی
  واضح رہے کہ لاک ڈاؤن کے تحت مہارشٹر بھر میں رات کا کرفیو نافذ ہے۔اب ممبئی میں اس کے ساتھ ہی دن میں دفعہ ۱۴۴؍ کے تحت حکم امتناعی نافذ کردیاگیا ہے۔ پولیس  نے اس کا یہ جواز پیش کیا ہے کہ عوامی مقامات پر لوگوں کی بھیڑ اور بلا وجہ شہر میں گھومنے اور ایک سے زائد لوگوں کے جمع ہونے سے کورونا   پھیل رہا ہے۔ اس لئے پولیس نے مذکورہ بالا دفعہ کا اطلاق کرتے ہوئے مزید سخت ہدایت جاری کی اور کسی بھی عوامی یا رہائشی علاقے میں ایک سے زائد لوگوں کے جمع ہونے پر پابندی عائد کر دی ہے ۔
۱۵؍ جولائی تک دفعہ ۱۴۴؍ نافذ رہے گی
 ممبئی پولیس کے  تازہ حکم کے مطابق دفعہ ۱۴۴؍ شہر  اور مضافات میں  ۱۵؍ جولائی تک نافذ رہے گا ۔ ممبئی پولیس کے ترجمان   اور ڈپٹی کمشنر آف پولیس (آپریشن ) پرنئے اشوک کے ذریعہ جاری کردہ حکم کے مطابق ’’ دفعہ ۱۴۴؍ کا اطلاق ضروری اشیاء کی خریداری کرتے وقت بھی لاگو رہے گا۔‘‘ یعنی بازاروں میں ضرورت کی چیزیں خریدتے وقت بھی ایک سے زائد افراد  نہ ہوں۔     غرض کے کسی بھی مقام پر بھیڑ  ممنوع ہے   ساتھ ہی بلا   ضرورت گھر سے باہر نکلنا  منع ہے ۔ 
میڈیکل سروسیز پر بھی اطلاق ہوگا
  میڈیکل سروس فراہم کرنے والوں اور ضروری اشیاء کی خرید و فروخت کرنے والوں پر اس کا اطلاق ہوگا ۔سرکاری اور نیم سرکاری دفاتر میں کام کرنے والوں پر اس کا اطلاق نہیں ہوگا۔  انتہائی طبی ضرورت کے تحت ایک سے زائد افراد  کے ساتھ اسپتال یا ڈسپینسری جانے کی اجازت دی گئی ہے۔

سفرسے متعلق اور   چند  دیگراہم شرائط

ٹیکسی، کار اور آٹو رکشا میں   ڈرئیوار کے ساتھ ۲؍ افراد کو،  موٹر سائیکل پر ایک کو سفر کی  اجازت، صرف ضروری خدمات کیلئے  ۔
 خود روزگار مثلاً پلمبر ، الیکٹریشین ، پیسٹ کنٹرول اور ٹیکنیشین کو بھی کام کرنے کی اجازت ہوگی۔
 پہلے سے لئے گئے اپوائنمنٹ کی بنیاد پر گیریج یا ورکشاپ میں گاڑیوں کی سروس کی اجازت ہوگی۔
 کھلے ہال میں شادی بیاہ جیسی تقریب کی اجازت 
ایمرجنسی سروس یا آفس کی ضرورت  کے لئے ممبئی میٹرو پولیٹن ریجن( ایم ایم آر ) کی حدود میں واقع میونسپل کارپریشنوں  کے درمیان سفر کرنے کی اجازت ہوگی۔

 لاک ڈاؤن سے متعلق نئے رہنما خطوط

ریاستی حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن میں ۳۱؍ جولائی تک توسیع  کے بعد ’ مشن بگن اگین فیز ۴‘ کیلئے برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن(بی ایم سی) نے رہنما اصول جاری کردیئے ہیں  ۔ شہری انتظامیہ نے  متنبہ کیا ہے کہ ان اصولوں پر سختی سے عمل کرنا  ہوگا۔ بی ایم سی کی جانب سے  ۱۱؍ صفحات پر مشتمل جو  رہنما اصول جاری  کئے گئے ہیں  ان میں سے چند درج ذیل ہیں:
۱۔ شہریو ںکو عوامی مقامات پر، دفتر میں اور آمد و رفت کے دوران  ماسک پہننا لازمی ہے۔ 
۲۔ عوامی مقامات پر  آپس میں  ۶؍ فٹ (۲؍ گز)کی دوری  لازمی ہے۔ دکاندار صارفین کی  فزیکل ڈسٹینسنگ کا خیال  رکھتے ہوئے   بیک وقت ۵؍ سے زیادہ گاہک  کو خریداری کی اجازت نہ دیں۔
۳۔   بھیڑ بھاڑ اور مجمع لگانے پر پابندی عائد ہے۔ شادی بیاہ  کیلئے۵۰؍سے زیادہ افراد کی اجازت نہیں۔ تدفین اور آخری رسومات کیلئے بھی ۵۰؍  سے زیادہ افراد کو اجازت نہیں ہے۔
۴۔   عوامی مقامات پر تھوکنے پر مقامی انتظامیہ کی جانب سے طے کیا گیا جرمانہ وصول کیاجائے گا اور اس کے ساتھ قانون کے مطابق کارروائی بھی  ہو گی۔
۵۔عوامی مقامات پر شراب اور تمباکو نوشی اور پان کھانے پر   پابندی عائد رہے گی۔
۶۔ جن ضروری اشیا کی دکانوں کو اس حکم  سے قبل کھولنےکی اجازت دی گئی تھی  انہیں اب بھی کھولا جاسکے گا۔
۷۔ جن غیر لازمی  اشیا  کی دکانوں کو ۳۱؍ مئی اور ۴؍ جون کو کھلا رکھنے کی اجازت دی گئی ہے  وہ  میونسپل کارپوریشن کی پالیسی کے مطابق کھلی  یا بند رکھی جائیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK