تمام فریقین پر زور دیا گیا کہ وہ جنگ بندی برقرار رکھیں اور شہریوں کے تحفظ کویقینی بنائیں۔سویدہ میں لڑائی سے ایک لاکھ۹۲؍ ہزار افراد کی نقل مکانی
EPAPER
Updated: August 12, 2025, 4:56 PM IST | Agency | New York
تمام فریقین پر زور دیا گیا کہ وہ جنگ بندی برقرار رکھیں اور شہریوں کے تحفظ کویقینی بنائیں۔سویدہ میں لڑائی سے ایک لاکھ۹۲؍ ہزار افراد کی نقل مکانی
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے شام کے علاقے سویدہ میں حالیہ کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تنازع کے تمام فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ جنگ بندی برقرار رکھیں اور شہریوں کے تحفظ کویقینی بنائیں۔
۱۵؍رکنی کونسل کی جانب سے متفقہ طور پر جاری کردہ صدارتی بیان میں گزشتہ ماہ سویدہ میں ہونے والی لڑائی کی سخت مذمت کی گئی ہے جس میں سیکڑوں افراد کی ہلاکت ہوئی اور تقریباً ایک لاکھ ۹۲؍ ہزارافراد کو نقل مکانی کرنی پڑی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ تمام فریقین اقوام متحدہ اور دیگر امدادی اداروں کو سویدہ سمیت شام بھر میں انسانی امداد کی محفوظ، بروقت اور بلارکاوٹ فراہمی میں سہولت فراہم کریں۔
سلامتی کونسل نے یہ بھی کہا ہے کہ لڑائی میں ہتھیار ڈالنے والوں، زخمیوں اور قیدیوں کے ساتھ انسانی سلوک روا رکھا جائے اور ان کے حقوق پامال نہ کئے جائیں۔
کونسل نے شام کے عبوری حکام پر زور دیا ہے کہ وہ قومیت یا عقیدے سے قطع نظر تمام افراد کو تحفظ دیں کیونکہ اس کے بغیر ملک کی حقیقی بحالی ممکن نہیں۔
اراکین نے شامی حکام کی جانب سے تشدد کی مذمت کرنے، سویدہ میں پیش آنے والے واقعات کی تحقیقات اور ذمہ داروں کا محاسبہ کرنے سے متعلق بیان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تحقیقات بین الاقوامی معیار کے مطابق، قابل بھروسہ، تیزرفتار، شفاف، غیرجانبدارانہ اور مفصل ہونی چاہئیں۔
بیان میں شام کے عبوری حکام کی جانب سے ایسے افراد کی شناخت کے لئے کمیٹی کے قیام کا خیرمقدم بھی کیا گیا ہے جو سویدہ میں ہونے والے تشدد میں ملوث تھے۔ کونسل نے انصاف کی فراہمی اور مفاہمت کے عمل کو شفاف بنانے اور ملک میں پائیدار امن کے قیام کی فوری ضرورت پر بھی زور دیا ہے۔