انگلینڈ کے سابق تیزگیندباز جیمس اینڈرسن اور بنگلہ دیش کے آل راؤنڈر شکیب الحسن ۹؍ ستمبر کو ہونے والی ایس اے۲۰؍(۲۰۲۶ء) کی نیلامی کے لیے دستیاب۵۴۱؍ کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔
EPAPER
Updated: September 01, 2025, 9:55 PM IST | Johansburg
انگلینڈ کے سابق تیزگیندباز جیمس اینڈرسن اور بنگلہ دیش کے آل راؤنڈر شکیب الحسن ۹؍ ستمبر کو ہونے والی ایس اے۲۰؍(۲۰۲۶ء) کی نیلامی کے لیے دستیاب۵۴۱؍ کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔
نیلامی کے لیے اینڈرسن سمیت انگلینڈ کے کل۹۷؍ کھلاڑی دستیاب ہیں، جن میں معین علی، ایلکس ہیلز اور ایس اے۲۰ (۲۰۲۵ء) فائنل کے پلیئر آف دی میچ ٹام ایبل بھی شامل ہیں۔ اینڈرسن نے لنکا شائر کے لیے ٹی ۲۰؍بلاسٹ میں کھیلتے ہوئے۱۱؍ سال بعد ٹی۲۰؍ کرکٹ میں واپسی کی تھی اور ’’دی ہنڈریڈ‘‘ میں مانچسٹر اوریجنلز کے لیے ۸؍میں سے تین میچ کھیلے تھے۔
یہ بھی پڑھئیے:راہل دراوڑ کو ہٹا دیا گیا : ڈی ویلیئرس
آل راؤنڈر شکیب الحسن اور فاسٹ بولر مستفیض الرحمان، نیلامی کے لیے دستیاب بنگلہ دیش کے۱۴؍ کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔ ڈی آرکی شارٹ اور پیٹر ہیٹیوگلو نیلامی کی فہرست میں شامل واحد دو آسٹریلوی کھلاڑی ہیںکیونکہ بی بی ایل اور ایس اے۲۰؍ ایک ہی وقت میں کھیلے جائیں گے۔ نیلامی میں۲۸؍ ویسٹ انڈین اور۲۴؍ سری لنکائی کھلاڑی بھی ہیں، جبکہ دیپندر سنگھ ایری فہرست میں شامل واحد نیپالی کھلاڑی ہیں۔
ایڈن مارکرم، جنہیں سن رائزرس ایسٹرن کیپ نے برقرار نہ رکھنے کا فیصلہ کیا، ۳۰۰؍ جنوبی افریقی کھلاڑیوں کی فہرست میں نمایاں نام ہیں۔ ان کے ساتھ ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ۲۰۲۴ء کے رنر اپ کھلاڑی اینرک نورکیا، کوئنٹن ڈی کوک، کیشَو مہاراج، تبریز شمسی اور جیرالڈ کوئٹزی بھی شامل ہیں۔ مجموعی طور پر ۲۴۱؍غیر ملکی کھلاڑی۲۵؍ زیادہ سے زیادہ دستیاب مقامات کے لیے مقابلہ کریں گے جبکہ باقی ۵۹؍ مقامات کے لیے۳۰۰؍ جنوبی افریقی کھلاڑی میدان میں ہوں گے۔
پریٹوریا کیپٹلس۵ء۳۲؍ ملین رینڈ (تقریباً۶ء۱۸؍ لاکھ امریکی ڈالر) کے سب سے بڑے پرس کے ساتھ نیلامی میں حصہ لے گی۔ ان کے پاس۱۳؍ خالی مقامات ہیں، جن میں ۵؍ غیر ملکی کھلاڑیوں کے لیے ہیں۔ ایم آئی کیپ ٹاؤن کے پاس سب سے کم بجٹ۵ء۱۱؍ لاکھ رینڈ (تقریباً۵ء۶؍ لاکھ امریکی ڈالر) ہے اور۱۲؍ خالی مقامات ہیں، جن میں چار غیر ملکی کھلاڑیوں کے لیے مخصوص ہیں۔ ۶؍ ٹیموں میں سے ہر ایک کو اپنی۱۹؍ رکنی ٹیم میں کم از کم دو انڈر۲۳؍ کھلاڑی بھی منتخب کرنے ہوں گے۔