اس کی قرارداد۴۸؍کے مقابلے ۵۱؍ووٹوں سے مسترد کر دی گئی۔ ووٹنگ بڑی حد تک جماعتی بنیادوں پر ہوئی۔
EPAPER
Updated: November 21, 2026, 1:46 PM IST | Agency | Washington
اس کی قرارداد۴۸؍کے مقابلے ۵۱؍ووٹوں سے مسترد کر دی گئی۔ ووٹنگ بڑی حد تک جماعتی بنیادوں پر ہوئی۔
امریکی سینیٹ میں ریپبلکن اراکین نے ایک ایسی قرارداد کو روک دیا جس کا مقصد صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو ایران کے خلاف فوجی کارروائیاں ختم کرنے یا جنگ جاری رکھنے کے لئے کانگریس کی منظوری حاصل کرنے پر مجبور کرنا تھا، حالانکہ اس تنازع کے خلاف عوامی مخالفت بڑھ رہی ہے اور۳؍ نومبر کے وسط مدتی انتخابات میں اس کے سیاسی اثرات بھی دیکھے گئے تھے۔یہ قرارداد۴۸؍کے مقابلے ۵۱؍ووٹوں سے مسترد کر دی گئی۔ ووٹنگ بڑی حد تک جماعتی بنیادوں پر ہوئی لیکن۳؍ ریپبلکن سینیٹرزمین کی سوزن کولنز، الاسکا کی لیزا مرکوسکی اور کینٹکی کے رینڈ پال نے پارٹی پالیسی سے ہٹ کر اس قرارداد کی حمایت کی۔ دوسری جانب پنسلوانیا کے ڈیموکریٹک سینیٹر جان فیٹرمین اپنی پارٹی کے واحد رکن تھے جنہوں نے اس کے خلاف ووٹ دیا۔
۱۹۷۳ء کی وار پاورز ریزولوشن کے تحت پیش کی گئی اس قرارداد کا مقصد ٹرمپ کو یہ ہدایت دینا تھا کہ جب تک کانگریس مزید فوجی کارروائی کی اجازت نہ دے، امریکی افواج کو ایران کے ساتھ جاری جھڑپوں سے واپس بلایا جائے۔ یہ قانون سازوں کی جانب سے کانگریس کی منظوری کے بغیر جنگ جاری رکھنے کے صدارتی اختیار کو چیلنج کرنے کی تازہ ترین کوشش تھی۔
یہ بھی پڑھئے: پوتن امن معاہدے کے خواہشمند ہیں، زیلنسکی سے بھی یہی امید ہے: ٹرمپ
یہ پیش رفت اس لئےاہمیت رکھتی ہے کیونکہ نومبر کے وسط مدتی انتخابات کے بعد کسی بھی ایوان میں وار پاورز ریزولوشن پر یہ پہلی ووٹنگ ہے جن میں تنازع اور اس کے معاشی نتائج پر ووٹروں کی ناراضگی کے باعث ڈیموکریٹس نے نمایاں کامیابیاں حاصل کی تھیں۔
واضح رہےکہ ایوانِ نمائندگان نے ستمبر میں۲۰۴؍ کے مقابلے میں ۲۲۰؍ ووٹوں سے ایک اسی طرح کی قرارداد منظور کی تھی جس میں ۷؍ ریپبلکن اراکین نے ایران کے خلاف ٹرمپ کی فوجی کارروائیوں کو محدود کرنے کے لئے ڈیموکریٹس کا ساتھ دیا تھا۔