Inquilab Logo Happiest Places to Work

وجے سرکار کیخلاف سازش میں سنسنی خیز انکشافات

Updated: July 03, 2026, 9:44 AM IST | Agency | Chennai

ڈی ایم کے لیڈر اور سابق ریاستی وزیر سینتھل بالاجی کے بھائی پر شبہ ، پولیس تلاش کررہی ہے ، کنسلٹنگ فرم کے ذریعے رابطہ کرنےکی بھی خبریں ہیں۔

Vijay.Photo:INN
وجے۔ تصویر:آئی این این
 تمل ناڈو کی سیاست میں اس وقت زبردست ہلچل مچی ہوئی ہے۔پولیس نے اراکین اسمبلی کو اپنی وفاداریاں تبدیل کرنے پر آمادہ کرنے کی سازش کا پردہ فاش کرتے ہوئے اس کے تانے بانے مبینہ طور پر ’’کرور گینگ ‘‘ سے جوڑے ہیں۔ ساتھ ہی اس معاملے میں سابق ریاستی وزیر اور ڈی ایم کے متنازع  لیڈر سینتھل بالاجی کے بھائی کا نام بھی سامنے آرہا ہے جس کی تلاش جاری ہے۔ تحقیقات کے آگے بڑھنے کے ساتھ معاملہ مزید سنگین ہوتا جا رہا ہے اور سیاسی درجۂ حرارت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
 
 
واضح رہے کہ یہ معاملہ اس وقت منظر عام پر آیا جب کرشناگیری ضلع کے اُتھانگرائی حلقہ سے تملگا ویٹری کزگم(ٹی وی کے) کے رکن اسمبلی ڈاکٹر ایلائیاراجا نے پولیس میں شکایت درج کرائی کہ انہیں بار بار دھمکیاں دی جا رہی ہیں اور پارٹی مخالف ووٹنگ کرنے  کے لئے  مالی پیشکش کی جا رہی ہے۔ اس معاملے میں سینتھل بالاجی سے مبینہ طور پر وابستہ افراد کی گرفتاری کے بعد ان الزامات کو مزید تقویت ملی ہے۔اسی دوران گرفتار ملزمین کے یہاں سے تلاشی کے دوران پولیس نے مبینہ طور پر اہم دستاویزات اور نقد رقم بھی برآمد کی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ان شواہد سے شبہ مزید گہرا ہو گیا ہے کہ اس کارروائی کے پیچھے ایک منظم نیٹ ورک سرگرم تھا۔جس سے ریاست کی سیاست میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔ دریں اثنا، پولیس سابق وزیر سینتھل بالاجی کے بھائی  اشوک کی بھی تلاش کر رہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ان کی رہائش گاہ پر کی گئی تلاشی کے دوران بعض اہم دستاویزات برآمد ہوئی ہیں، جن کا  فورینسک اور قانونی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات ابھی جاری ہیں اور آئندہ دنوں میں مزید اہم انکشافات ہونے کا امکان ہے۔
 
 
تمل ناڈو پولیس کے مطابق تحقیقات میں ملزمین کے فون کالز اور رابطوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ کن کن اراکین اسمبلی سے رابطہ کیا گیا اور انہیں کس طرح لالچ دینے کی کوشش کی گئی۔ تقریباً۱۰؍ سے ۱۲؍ ٹی وی کے اراکین اسمبلی سے رابطہ کیا گیا تھاجس کے لئے مبینہ طور پر ایجنٹوں کا بھی استعمال کیا گیا۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس کام کو انجام تک پہنچانے کے لئے کسی کنسلٹنگ فرم کی بھی خدمات حاصل کی گئی تھیں۔  بتدا میں کم از کم پانچ اراکین اسمبلی سے رابطہ کیا گیاتھا تاہم اب تک صرف  ڈاکٹر این ایلائیاراجا نے ہی اس معاملے کی اطلاع پارٹی قیادت کو دی ہے۔ انہوں نے پارٹی اور پولیس کو بتایا کہ تھرونا کراسو نامی شخص نے ان سے رابطہ کیا تھا اور دعویٰ کیا تھا کہ وہ ایک بڑی سیاسی جماعت کی جانب سے رابطہ کر رہا ہے اور ملاقات کی خواہش ظاہر کی۔ ایلائیاراجا نے مصروفیت کا حوالہ دیتے ہوئے ملاقات سے انکار کر دیا اور فون منقطع کر دیا جس پر انہیں دھمکیاں دی گئیں ۔ اسی وجہ سے ایلائیا راجا نے فوری طور پر پولیس میں شکایت درج کرائی۔  ٹی وی کے نے الزام عائد کیا کہ تھروناوکراسو نے سینتھل بالاجی اور اشوک کمار کی ہدایات پر رکن اسمبلی ایلائیاراجا سے رابطہ کیا اور انہیں رشوت کی پیشکش کی۔ اس سازش کے تار ڈی ایم کے سے مل رہے ہیں۔ 

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK