شہرومضافات کے ۹۱؍ مقامات پر درخت اور شاخیں گریں۔ موسلادھار بارش کے سبب پال گھر اور پنویل میں امتحانات ملتوی۔ آج رائے گڑھ کیلئے ریڈ جبکہ ممبئی، تھانے اور پال گھر کیلئے اورینج الرٹ۔
شہرومضافات میں لگاتار دوسرے دن اور خصوصی طورپر رات کے وقت بھی موسلادھار بارش سے کئی علاقے زیرآب آگئے جس سے شہریوں کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ تاہم جمعرات کو دوپہر کے بعد سے اکثر علاقوں میں برسات کا زور کم ہوگیا تھا۔ اس دوران جھیلوں پر بھی اطمینان بخش بارش سے ذخیرہ آب میں مزید تقریباً ایک فیصد اضافہ ہوا۔ شدید بارش کے دوران سانتاکروز میں واقع ایک نجی عمارت میں گرے ہوئے درخت کا معائنہ کرنے گئے افراد پر ایک اوردرخت گر گیا جس سے میونسپل ملازمین سمیت ۸؍ افراد زخمی ہوگئے۔
لگاتار بارش کے دوران محکمہ موسمیات نے جمعرات کو علی الصباح سے دوپہر تک تین تین گھنٹوں کے لئے ایک بار بارش کا ریڈ اور ایک بار اورینج الرٹ جاری کیا تھا۔
حادثات کا سلسلہ جاری
اس مانسون میں اب تک درخت اور شاخیں گرنے کے واقعات میں تشویشناک حد تک اضافہ دیکھا جارہا ہے۔ جمعرات کو شہر و مضافات میں درخت اور شاخیں گرنے کی ۹۱؍ شکایات موصول ہوئیں۔ ان میں سے ایک واقعہ میں بی ایم سی اہلکاروں سمیت کُل ۸؍ افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔یہ حادثہ سانتا کروز (مغرب) میں ریلیف روڈ پر راہیجا کالج کے قریب ایک نجی عمارت کے کمپائونڈ میں دوپہر ۲؍ بجے پیش آیا۔ اس کمپائونڈ میں ایک درخت گرگیا تھا جس کاجائزہ لینے کیلئے بی ایم سی کی ٹیم اس مقام پر گئی ۔ اسی دوران بازو میں واقع ایک دیگر درخت ان پر گرگیا جس کی وجہ سے یہ لوگ زخمی ہوگئے ۔ انہیں علاج کیلئے ناناوتی اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں ان کی حالت بہتر بتائی گئی ہے۔
پنویل اور پال گھر میں امتحانات ملتوی
جمعرات کو پنویل میں شدید تر بارش ہونے کی وجہ سے شہری انتظامیہ نے یہاں کےتعلیمی اداروں میں چھٹی کا اعلان کردیا تھا جس کے سبب ممبئی یونیورسٹی نے پنویل اور پال گھر میں ہونے والے تمام امتحانات کو ملتوی کردیا۔ یونیورسٹی نے بعد میں کہا کہ معطل کئے گئے امتحانات کیلئے نئی تاریخوں کا اعلان اس کی آفیشیل ویب سائٹ پر بعد میں کیا جائے گا۔
جھیلوں پراور شہر میں اچھی بارش
جمعرات کو صبح ۶؍ بجے تک گزشتہ ۲۴؍ گھنٹوں میں جھیلوںپر ہونے والی بارش سے ممبئی کو پانی سپلائی کرنے والی ساتوں جھیلوں میں مجموعی طور پر پانی کا ذخیرہ ۸ء۱۲؍ فیصد ہوگیا جو بدھ کو ۷ء۱۸؍ فیصد تھا۔ تاہم سب سے زیادہ پانی سپلائی کرنے والی جھیل اَپر ویترنا پر محض ۲۲؍ ملی میٹر اور اس سال اب تک ۴۱؍ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔
جمعرات کو صبح ساڑھے ۸؍ بجے تک گزشتہ ۲۴؍ گھنٹوں میں سانتا کروز میں ۲۰۴ء۶؍ ملی میٹر یعنی شدید تر اور قلابہ میں ۱۵۸ء۲؍ ملی میٹر (شدید) بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ جوہو علاقے میں ۲۰۰؍ ملی میٹر سے زیادہ اور دیگر علاقوں میں ڈیڑھ سو ملی میٹر سے زیادہ بارش ہوئی ۔ تاہم صبح سے شام ساڑھے ۵؍ بجے تک سانتا کروز میں محض ۱۷ء۴، قلابہ میں ۱۵ء۶؍ اور تھانے میں ۱۳ء۲؍ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔