Inquilab Logo Happiest Places to Work

پربھنی میں مندر کی چھت گرجانے سے ۷؍ افراد ہلاک ، ۳۰؍ زخمی

Updated: June 20, 2026, 11:04 PM IST | Z A khan | Parbhani

مندر کے احاطے میں زیر تعمیر’ سبھا منڈپ ‘، اچانک گر پڑا، تقریباً ۴۰؍ افراد ملبے میں دب گئے جنہیں نکالا گیا

The roof of the pavilion in front of the temple has collapsed.
مندر کے آگے منڈپ کی چھت جو گر چکی ہے

پر بھنی ضلع کے مانوت تعلقہ کے یش واڑی گاؤں میں واقع مشہور ہنومان مندر میں سنیچرکو ایک المناک حادثہ پیش آیا، جب مندر کے سامنے زیر تعمیر سبھا منڈپ کا ایک حصہ اچانک منہدم ہوگیا۔حادثے کے وقت مندر میں بڑی تعداد میں عقیدت مند موجود تھے، جس کے باعث ابتدائی طور پر ۳۰؍ تا ۴۰؍ افراد کے ملبے تلے دبنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا۔ بعد میں ملی اطلاع کے مطابق  اس حادثے میں اب تک ۷؍ افراد ہلاک جبکہ ۳۰؍ افراد زخمی ہوئے ہیں، جن کا  سرکاری اسپتال میں علاج جاری ہے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ضلع انتظامیہ، پولیس، متعلقہ محکموں کے افسران اور ایمبولنس موقع پر پہنچ گئیں اور راحت کا کام جنگی پیمانے پر شروع کردیا گیا۔
  ملبے میں پھنسے افراد کو نکالنے کیلئے کرین اور دیگر مشینری کی مدد لی گئی، جبکہ مقامی افراد، مندر انتظامیہ اور وہاں موجود عقیدت مندوں نے بھی امدادی کارروائیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ اطلاع کے مطابق یش واڑی کا ہنومان مندر ریاست بھر میں معروف ہے۔ ہر ہفتے یہاں ۵۰؍ ہزار سے ایک لاکھ تک عقیدت مند درشن کیلئے آتے ہیں، جبکہ اطراف کے اضلاع سے بھی بھکتوں کی بڑی تعداد یہاں پہنچتی ہے۔ سنیچر کو بھی مندر کے احاطے میں غیر معمولی بھیڑ موجود تھی کہ اچانک سبھا منڈپ کا ایک حصہ گر پڑا، جس سے وہاں خوف و ہراس پھیل گیا اور ہر طرف چیخ و پکار مچ گئی۔
 حادثے کے بعد ضلع کی سرپرست وزیر میگھنا بورڈیکر نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حادثے کے فوراً بعد ان کی ضلع کلکٹر سے بات ہوئی اور انتظامیہ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو ملبے سے نکال کر اسپتال پہنچایا۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک انتہائی افسوسناک واقعہ ہے اور شدید زخمی افراد کے علاج کیلئے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔میگھنا بورڈیکر نے بتایا کہ یش واڑی کے ہنومان مندر میں گزشتہ ڈیڑھ سال سے تعمیر و توسیع کا کام جاری ہے اور خوبصورت راجستھانی پتھروں سے مندر کی نئی عمارت تعمیر کی جا رہی ہے۔ تاہم حادثے کی اصل وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے۔انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جائے حادثہ پر غیر ضروری بھیڑ سے گریز کریں اور راحت و بچاؤ کے کام میں تعاون کریں۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی آس پاس کے گائوں سے بھی بڑی تعداد میں لوگ مدد کے لئے موقع پر  پہنچے ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK