Inquilab Logo Happiest Places to Work

اسمارٹ میٹر کے خلاف بلڈانہ میں کانگریس کارکنان کا مہاوترن دفتر پر احتجاج

Updated: June 20, 2026, 12:49 PM IST | Ali Imran | Buldhana

صارفین کو اسمارٹ میٹر کے تعلق سے مکمل معلومات فراہم کرنے اور ان کی رضامندی کے بغیر میٹر تبدیل نہ کرنے کا مطالبہ۔

Congress workers chanting slogans. Photo: INN
کانگریس کارکنان نعرے لگاتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

اسمارٹ میٹروں کی لازمی تنصیب کے خلاف یوتھ کانگریس کے ریاستی  سیکریٹری  امر کولے کی قیادت میں بلڈانہ میں  مہاوترن کے دفتر کے سامنے احتجاج کیا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی چیف ایگزیکٹیو انجینئر کا گھیراؤ کرکے مختلف مطالبات پر مشتمل مطالباتی مکتوب بھی پیش کیا گیا۔

بتادیں کہ گزشتہ چند دنوں سے بجلی محکمہ صارفین کو اسمارٹ میٹر لگانے پر مجبور کر رہا ہے۔ اسمارٹ میٹر کے حوالے سے عوام میں استعمال سے زیادہ بل آنے کا خوف اور دیگر تشویش ہے۔ یہی وجہ ہے کہ صارفین اسمارٹ میٹر لگانے سے ہچکچا رہے ہیں۔نیز بجلی کمپنی کے زبردستی کرنے پر لوگ ناراض ہیں۔ یوتھ کانگریس نے مطالبہ کیا ہے کہ عام لوگوں، کسانوں اور بجلی کے دیگرصارفین کو اسمارٹ میٹر سے متعلق تفصیلی معلومات  فراہم کی جائے اور ان کے شکوک و شبہات کو دور کیا جائے۔

یہ بھی پڑھئے: دورۂ فرانس میں وزیر اعظم مودی نے نور عنایت خان کی قربانی کو یاد کیا

اس موقع پر یوتھ کانگریس کارکنان نے محکمہ بجلی کے خلاف زور دار نعرے لگائے۔ اس کے بعد ڈپٹی ایگزیکٹیو انجینئر کو مطالباتی مکتوب دیا گیا۔ اس موقع پر ضلع کانگریس کمیٹی کے عہدیداران، کارکنان و عام شہری بڑی تعداد میں موجود تھے۔ مطالباتی مکتوب میں کہا گیا ہے کہ صارفین کی رضامندی کے بغیر اسمارٹ میٹر نہ لگائے جائیں، شہریوں کو اسمارٹ میٹر کے حوالے سے سرکاری  فیصلوں، قواعد و ضوابط سے آگاہ کیا جائے، بجلی کے بل، ریچارج سسٹم اور اسمارٹ میٹرکی وجہ سے صارفین پر پڑنے والے اثرات کے بارے میں عوام میں آگاہی پیدا کی جائے، شہریوں کی شکایات اور اعتراضات کو مدنظر رکھتے ہوئے کارروائی عمل میں لائی جائے۔ اس کے علاوہ اسمارٹ میٹر کے حوالے سے شہریوں میں پائی جانے والی الجھن کو دور کرنے کیلئے ہر گاؤں میں عوامی آگاہی پیدا کی جائے۔

یاد رہے کہ ریاست کے تقریباً ہر ضلع میں اسمارٹ میٹر کے خلاف احتجاج کیا جا رہا ہے۔ لوگوں کو یہ تشویش ہے کہ اس میٹر کے لگ جانے سے بجلی کا بل زیادہ آئے گا اور بل ادا نہ کرنے پر فوری طور پر بجلی منقطع ہو جائے گی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK