حکومت نے نئے ضوابط کو حتمی شکل دی،۲؍ ہفتوں میں جاری ہوں گے۔
EPAPER
Updated: October 17, 2026, 1:24 PM IST | Agency | New Delhi
حکومت نے نئے ضوابط کو حتمی شکل دی،۲؍ ہفتوں میں جاری ہوں گے۔
مسافروں کو مہنگے ہوائی ٹکٹوں سے جلد راحت مل سکتی ہے۔ مرکزی حکومت نے جمعہ(۱۶؍اکتوبر)کو سپریم کورٹ کو بتایا کہ اس نے ایئرلائنز کےمن مانے کرایوں پر قابو پانے کیلئے نئے قواعد کو حتمی شکل دے دی ہے۔ حکومت اگلے دو ہفتوں میں ان نئے قواعد کو جاری کرے گی۔سپریم کورٹ نے حکومت کو ہدایت دی ہے کہ جاری کیے جانے والے قواعد کو۱۶؍ نومبر کو ہونے والی اگلی سماعت کے دوران عدالت میں پیش کیا جائے۔
سپریم کورٹ میں نجی ایئرلائنز کےمن مانے ہوائی کرایوں کے خلاف دائر ایک مفاد عامہ کی عرضی (پی آئی ایل) پر سماعت ہو رہی تھی۔ سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے جسٹس وکرم ناتھ، جسٹس آر مہادیون اور جسٹس اپریش سنگھ پر مشتمل بنچ کو نئے قواعد کی صورتحال سے آگاہ کیا۔
یہ بھی پڑھئے: زرمبادلہ کی قلت سے نمٹنے کیلئے روپے میں تجارت پر زور
مودی سرکا کا اظہار بے بسی
ہوائی کرایوں کے ضابطوں کے معاملے میں سپریم کورٹ پہلے بھی کارروائی کر چکاہے۔ اگست میں عدالت نے مرکزی حکومت کو واضح ہدایت دی تھی کہ قواعد پر عمل نہ کرنے والی ایئرلائنز کو پروازیں بھرنے سے روک دے۔ شہری ہوا بازی کی وزارت نے جواب دیا تھا کہ قواعد کو حتمی شکل دیئے جانے تک وہ ایئرلائنز کو کرایوں کے تعلق سے دفتری ہدایات جاری کر رہی ہے، لیکن ایئرلائنز ان ہدایات پر عمل نہیں کر رہی ہیں
اضافہ کی حد طے کی جائےگی
اگلے ۲؍ہفتوں میں نئے قواعد جاری ہونے کے بعد یہ واضح ہو جائے گا کہ تہواروں، مصروف سفری موسم یا ہنگامی حالات کے دوران ایئرلائنز کو کرایوں میں کس حد تک اضافہ کرنے کا اختیار ہوگا۔ اس ضمن میں ۱۶؍ نومبر کو سپریم کورٹ میں جاری حکومت کے تیار کردہ ضابطوں کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔ اس کے بعد ملک میں ہوائی سفر کرنے والے کروڑوں مسافروں کو من مانے کرایوں سے مستقل راحت ملنے کی امید ہے۔
انڈیگو کے شیئر ۲؍ فیصدگر گئے
اس فیصلے کا اثر شیئر بازار پر بھی نظر آیا۔ انڈیگو ایئرلائن چلانے والی کمپنی انٹرگلوب ایوی ایشن کے شیئرس میں جمعہ کو۲؍فیصد کی گراوٹ درج کی گئی اور وہ ۴؍ ہزار ۶۷۴؍ روپے پر آگئے۔ سرمایہ کاروں کو خدشہ ہے کہ حکومت کی جانب سے مقررہ قواعد یا کرایوں کی زیادہ سے زیادہ حد نافذ کیے جانے سے ایئرلائنز کے منافع کے مارجن اور ییلڈ یعنی فی مسافر ہونے والی آمدنی پر اثر پڑ سکتا ہے۔یاد رہے کہ اسی ماہ ۶؍ اکتوبر کو انڈیگو نے جیٹ فیول کی قیمتوں میں اضافے کا حوالہ دیکر مسافروں کے کرائے میں اضافہ کیا ہے۔