Inquilab Logo Happiest Places to Work

مغربی یورپ میں شدید گرمی، کئی ممالک میں درجہ حرارت ریکارڈ سطح پر پہنچا

Updated: June 26, 2026, 10:57 AM IST | Paris

فرانس میں غرقابی کے حادثات بڑھے، ۴۰؍ افراد ہلاک۔ اسپین میں گرمی سے متعلق ہونے والی اموات کا ہندسہ ۲۱۲؍ پار کر گیا۔

The use of umbrellas has increased in Europe these days. Photo: INN
یورپ میں ان دنوں چھتریوں کا استعمال بڑھ گیا ہے۔ تصویر: آئی این این

مغربی یورپ میں جاری شدید گرمی کی لہر کے باعث کئی ممالک میں غیر معمولی درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے۔ فرانس میں تاریخ کا گرم ترین دن ریکارڈ کیا گیا، جبکہ برطانیہ میں جون کے مہینے کا بلند ترین درجہ حرارت سامنے آیا۔ اسپین میں بھی۱۹۵۰ء کے بعد کسی ایک دن کا اوسط درجہ حرارت بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔یورپ بھر میں کروڑوں افراد شدید گرمی کی لہر کا سامنا کر رہے ہیں۔ فرانس کے دارالحکومت پیرس میں درجہ حرارت تقریباً ۴۱؍ ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا، جبکہ براعظم کے وسیع علاقوں میں ریڈ ہیٹ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ فرانس میں ۱۹۴۷ء سے کے بعد گزشتہ روز کو ملک کی تاریخ کا گرم ترین دن قرار دیا گیا۔ ملک کے نصف سے زائد حصے میں اب بھی ریڈ ہیٹ الرٹ نافذ ہے، جبکہ مغربی علاقوں میں ہزاروں گھر بجلی سے محروم ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: چین میں متنازع اشتہار پر ڈیٹول کی معافی، خواتین سے متعلق پیغام پر شدید ردعمل

فرانس میں نہراوردریاؤں پر بھیڑ،غرقابی کے حادثات بڑھے

فرانس میں لوگ شدید گرمی سے راحت حاصل کرنے کےلئے نہروں اور دریاؤں میں چھلانگیں لگا رہے ہیں۔ وزیر کھیل مارینا فیراری نے کہا کہ وہ گرمی سے بچنے کی لوگوں کی خواہش کو سمجھتی ہیں، تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ غیر مجاز یا خطرناک مقامات پر تیراکی سے گریز کیا جائے۔ شدید گرمی کی لہر کے حوالے سے ہنگامی اجلاس سے قبل وزیرِ اعظم سیباستیان لیکورنو نے ڈوبنے کے واقعات کوافسوسناک آفت قرار دیا اور کہا کہ۱۸؍ جون سے اب تک۴۰؍ افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

اسپین میں گرمی سے ہلاکتیں 

اسپین کے سرکاری عوامی اموات کی نگرانی کے نظام(ایم او ایم او) کی جانب سے جمعرات کو جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق۲۱؍ سے۲۴؍ جون کے درمیان گرمی سے متعلق۲۱۲؍ اموات ریکارڈ کی گئیں۔’ایم او ایم او‘ کے مطابق یہ اموات ہفتے کے روز سے ریکارڈ کی گئیں، جب اسپین بھر میںشدید گرمی کی لہر کا باضابطہ آغاز ہوا تھا۔ اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ اموات کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہوا۔ اتوار کو۱۳؍اموات، پیر کو۳۸، منگل کو۶۶ اور بدھ کو۹۵؍ اموات ریکارڈ کی گئیں۔ شدید گرمی کی اس لہر نے کئی درجہ حرارت کے ریکارڈ بھی توڑ دیے، جن میں شمالی علاقے کانتابریا میں۴۳ء۷؍ ڈگری سیلسیس کا درجہ حرارت شامل ہے، جو وہاں اب تک ریکارڈ کیا جانے والا سب سے زیادہ درجہ حرارت ہے۔ اسکے علاوہ شہر زامورا اور صوبہ المیریا میں رات کے وقت درجہ حرارت کے بھی نئے ریکارڈ قائم ہوئے۔اسپین کے قومی محکمۂ موسمیات ’ایمیٹ‘ نے جمعرات کیلئے کسی بھی علاقے میں شدید گرمی کا سرخ انتباہ جاری نہیں کیا۔تاہم کئی علاقوں میں درجہ حرارت ۳۷؍سے۳۸؍ ڈگری سیلسیس تک پہنچنے کا اندازہ ہے، جبکہ بعض علاقوں میں بارش اور طوفان کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ہندوستان، بنگلہ دیشی شہریوں کیلئے دو سال سے معطل سیاحتی ویزا خدمات کو دوبارہ شروع کرے گا

ماہرین کے مطابق موسمیاتی تبدیلی کے باعث دنیا بھر میں درجہ حرارت بڑھ رہا ہے، تاہم اسکے اثرات یورپ میں خاص طور پر زیادہ شدت سے محسوس کیے جا رہے ہیں۔کوپرنیکس کلائمیٹ چینج سروس کے مطابق یورپ دنیا کا سب سے تیزی سے گرم ہونے والا براعظم ہے، جہاں درجہ حرارت عالمی اوسط کے مقابلے میں تقریباً ۲؍ گنا زیادہ رفتار سے بڑھ رہا ہے۔ اس کے نتیجے میں موسم گرما میں شدید گرمی کی لہروں کے واقعات میں اضافہ، آبی وسائل پر دباؤ اور جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات میں بھی تیزی آ رہی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK