بارش نہ ہونا اور افغانستان کی گرم ہوائیں ممبئی میں شدید گرمی کا سبب ، آج اور کل کیلئے ایک بار پھر گرمی کا یلو الرٹ جاری، البتہ شام کے وقت ہلکی بارش کا بھی امکان ۔
گرمی سے بچنے کیلئے ایک خاتون قلفی خریدر ہی ہے۔ تصویر: آشیش راجے
مانسون میں تاخیر کی وجہ سے ممبئی میں راتوں کا درجہ حرارت لگاتار ریکارڈ ۳۰؍ ڈگری چل رہا ہے جس سے لوگ پریشان ہیں۔ لوگ بارش شروع ہونے کا انتظار کررہے ہیں جو معمول کی تاریخ گزرنے کے باوجود شروع نہیں ہوئی ہے اور اس دوران محکمہ موسمیات نے ایک بار پھر آج اور کل کیلئے ممبئی اور اطراف کے علاقوں کے لئے گرمی کا یلو الرٹ جاری کردیا ہے۔محکمہ موسمیات نے اتوار کو پیر اور منگل کیلئے ممبئی، تھانے، پال گھر اور رائے گڑھ کے لئے گرمی کا یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ البتہ پیر کے لئے وضاحت کی گئی ہے کہ متذکرہ تمام علاقوں میں اگرچہ صبح سے شدید گرمی پڑے گی لیکن دوپہر یا شام کو گھن گرج کے ساتھ ہلکی بارش بھی ہوسکتی ہے۔منگل کیلئے اس طرح کی وارننگ صرف تھانے اور رائے گڑھ کیلئے ہے، دیگر مقامات پر شدید گرمی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ بارش کی چند بوچھاروں کا مطلب مانسون شروع ہونا نہیں ہوگا اور اس کیلئے عوام کو مزید انتظار کرنا پڑ سکتا ہے۔
اس دوران ۶؍ جون سے ممبئی میں رات کا درجۂ حرارت بار بار ۳۰؍ ڈگری سیلسیئس اور اس سے زیادہ پہنچ رہا ہے۔ ممبئی میںاتنی گرم راتیں صرف اس دہائی کا کا ریکارڈ نہیں ہے بلکہ محکمہ موسمیات کے ریکارڈ کے مطابق ۱۹۶۹ء کے بعد اس مرتبہ جنوبی ممبئی میں اتنی گرم راتیں ریکارڈ کی گئی ہیں۔ حتیٰ کہ ۲۰۲۰ء کے بعد پہلی مرتبہ جون میں دن میں بھی درجہ حرات ۳۶؍ ڈگری سیلسیئس تک پہنچا ہے۔ یہاں تشویشناک بات یہ ہے کہ ماہرین خدشہ ظاہر کررہے ہیں کہ رات کے درجہ حرارت میں مزید اضافہ بعید از قیاس نہیں ہے۔
ماہرین کے مطابق ممبئی میں گرمی کی شدت میں اضافہ کی جو وجوہات ہیں ان میں ایک تو ’ایل نینو‘ ہے۔ واضح رہے کہ بحر الکاحل کے پانی کے غیر معمولی گرم ہونے کے عمل کو ایل نینو کہتے ہیں۔ یہ دنیا میں بارش، طوفانوں، قحط اور درجہ حرارت کو متاثر کرسکتا ہے۔ موسم کا حال بتانے والے نجی ماہر اتھریا شیٹی کے مطابق افغانستان سے بحر عرب کے راستے شہر میں پہنچنے والی گرم ہوائیں بھی درجہ حرارت میں اضافہ کا سبب بن رہی ہیں۔ سمندر کی جانب سے جو گرم ہوائیں شہر میں داخل ہورہی ہیں ان میں رطوبت کی مقدار زیادہ ہوتی ہے یہ رطوبت چادر کی طرح کام کرتی ہے جو گرمی کی شدت کو برقرار رکھتی ہے اور اس سے رات کا درجہ حرارت کم نہیں ہوپاتا۔سورج ڈوبنے کے بعد بھی درجہ حرارت کم نہ ہونے کی وجہ سے عوام کو رات کے وقت بھی گرمی سے نجات نہیں مل رہی ہے اور اس کی ایک دیگر وجہ مانسون شروع ہونے میں تاخیر ہے۔ اگرچہ اتوار کو بھی مانسون مہاراشٹر کے چند مزید علاقوں میں پہنچا ہے لیکن فی الوقت کوکن اور ممبئی میں اس کی فوری آمد کے آثار نظر نہیں آرہے ہیں۔ ملک کے مرکزی علاقوں میں گرم ہوائوں کی موجودگی اور بحر عرب میں مانسون کی مدد کرنے والا موسم نہ بننا بارش میں دیری کا سبب بن رہا ہے۔ اس کا نتیجہ یہ ہورہا ہے کہ ممبئی میں بارش سے قبل کی سخت گرمی کا سلسلہ جاری ہے۔ مانسون شروع ہونے پر بادلوں کے گھرے رہنے اور وقفہ وقفہ سے بارش ہونے سے دن میں گرمی کچھ کم ہوجاتی ہے جس سے رات کے درجہ حرارت میں کمی آتی ہے لیکن فی الحال کبھی کبھی مطلع ابر آلود رہتا ہے لیکن زیادہ بارش نہیں ہوتی جس سے گرمی جاری ہے۔
اتوار کو قلابہ میں دن کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت ۳۵ء۶؍ اور رات کو کم سے کم درجہ حرارت ۲۹ء۸؍ ڈگری سیلسیئس جبکہ سانتا کروز میں دن کا درجہ حرارت ۳۵ء۱؍ اور رات کا درجہ حرارت ۲۹ء۵؍ ڈگری سیلسیئس ریکارڈ کیا گیا جو ۳۰؍ ڈگری سے تو کم تھا لیکن اتنا کم بھی نہیں کہ عوام کو گرمی سے کچھ قابل ذکر راحت ملے۔