Inquilab Logo

شب برأت میں حاجی علی اورماہم درگاہیں رات بھرکھلی رکھنےکا فیصلہ انتظامیہ نےواپس لیا

Updated: March 27, 2021, 10:35 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Haji Ali / Mahim

ہائی ٹائیڈ کے سبب حاجی علی درگاہ کا گیٹ رات ۱۰؍بجے سےصبح ۶؍بجے تک بند کردیا جائے گا جبکہ ماہم میں بھی رات۱۰؍بجے کے بعد داخلے کی اجازت نہیں ہوگی

Haji Ali Dargah - Pic : Inquilab
شب برأت میں رات ۱۰؍ بجے کے بعد حاجی علی درگاہ میں زائرین کو داخلے کی اجازت نہیں ہوگی ۔(تصویر: بپن کوکاٹے

 شب برأت کے موقع پرزیارت اورفاتحہ خوانی کے لئے حضرت حاجی علی ؒاورحضرت مخدوم علی مہائمی ؒ کے آستانے رات بھر کھلے رکھنے کا فیصلہ  انتظامیہ نے واپس لے لیا ہے۔ اس کی وجہ کووڈ۱۹ سے متعلق موجودہ حالات میں حکومت کی گائیڈ لائن بتائی گئی ہے اور دوسرے شب برأت میں ساڑھے  ۱۰؍ تا صبح  ۴؍ بجے ہائی ٹائیڈ ہے ۔ اس تعلق سے جمعہ کی شام کو ۵؍  بجے ماہم میں درگاہ انتظامیہ کمیٹی کے دفترمیں باہمی میٹنگ میںیہ طے کیا گیا ہے کہ ۱۰؍ بجے کے بعد عام زائرین کیلئے دونوں درگاہوں کا گیٹ بند کردیا جائے گا ۔ اس لئے حالات کے پیش نظر عقیدت مند بھی تعاون کریں ۔ 
 حاجی علی کا گیٹ ۱۰؍بجے اسلئے بھی بند کردیا جائے گا کیونکہ شب میں ساڑھے ۱۰؍بجے سے ۴؍بجے تک ہائی ٹائیڈ ہے ۔ضابطے کے مطابق ہائی ٹائیڈ کےدوران نصف گھنٹے پہلے ہی گیٹ بند کردیاجاتا ہے چنانچہ حاجی علی درگاہ انتظامیہ کے فیصلے کے ساتھ ہائی ٹائیڈ کے سبب بھی ۱۰؍بجے کے بعد کسی کوداخلے کی اجازت نہیںدی جائے گی ۔گیٹ صبح ۶؍ بجے تک بند رہے گا۔ اس تعلق سے پہلے ہی گیٹ پربورڈ آویزاں کرکے زائرین کومطلع کردیا جائے گا۔اس کےعلاوہ میسیج بھی بھیجا جائے گا۔یہ تفصیلات حاجی علی درگاہ انتظامیہ کمیٹی کے ایگزیکٹیوآفیسر محمداحمدطاہر نے بتائیں۔ 
 جمعہ کی شام کو ہونے والی میٹنگ کے دوران یہ طے کیا گیا کہ چونکہ کووڈ۱۹؍ کے سبب حالات اچھے نہیں ہیں اوراحتیاط برتنا ہرذمہ دارشہری کی اولین ذمہ داری ہے اس لئے ماہم درگاہ کاگیٹ عام زائرین کیلئے ۱۰؍بجے بند کردیاجائے گااور مزار شریف کا دروازہ کمیٹی کی جانب سے خدمت کیلئے کھلا رکھا جائے گا ۔اس دوران صرف کمیٹی کے منتخب افراد ہی مزار پر جائیں گے۔ دوسری جانب شب میں۱۰؍ بجے  تک بھی عام زائرین کوبھیڑبھاڑ سے بچاتے ہوئے ۵؍ یا ۷؍ کے گروپ میں جانے کی اجازت دی جائے گی اوراس کی بھی سی سی ٹی وی کیمروں اوررضاکاروں کےساتھ پولیس کے ذریعے نگرانی کی جائے گی ساتھ ہی باڈی ٹمپریچر کی پیمائش کی جائے گی اور ماسک لگانا ضروری ہوگا ۔اس کیلئے اعلان بھی کیا جائے گا اور لوگوں سے درخواست کی جائےگی کہ جوانتظامات کئے گئے ہیں اورجس طرح چھوٹے چھوٹے گروپ میں لوگوں کوبھیجا جارہا   ہے اس سے ممکن ہے کہ عقیدتمندوں کو کچھ دقت ہو لیکن اس کی وجہ کوروناوائرس سے انہیں بچانا اوراس تعلق سے انہیں بیدار کرنانیزحضرت مخدوم علی مہائمی کے آستانے سے یہ پیغام بھی دینا ہے کہ وہ اس وباء سے خود بھی محفوظ رہیں اوردوسروں کو بچانے کیلئے بھی اپنی ذمہ داری نبھائیں۔ یہ تمام تفصیلات درگاہ کے ٹرسٹی سہیل کھنڈوانی نے نمائندۂ انقلاب کے استفسار  پر بتائیں۔ انہوںنے یہ بھی کہاکہ ’’ ممبئی میں۴؍دن میںکورونا کے مریضوں کی تعداد میں جس تیزی سے اضافہ ہوا ہے ،وہ حیران کن ہے ۔ ایسے میںہر شہری کی ذمہ داری بڑھ جاتی ہے کہ وہ مزید توجہ کے ساتھ اپنی ذمہ داری ادا کرے۔‘‘  انہوں نے یہ بھی بتایاکہ’’میٹنگ میں ٹرسٹیان،کمیٹی کے اراکین اور رضاکار موجود تھے۔ دوران ِ میٹنگ انہیں ذمہ داریاں سمجھائی گئیں  اوراس بات کویقینی بنایاگیا کہ بڑی رات کی اہمیت اور عقیدتمندوں کاخیال رکھنے کےساتھ ساتھ یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ حکومت کی جانب سے جوگائیڈ لائن دی گئی ہے ، جن باتوں کی نشاندہی کرتے ہوئے سختی سے عمل کرنےکو کہا گیا ہے ،اس کی خلاف ورزی نہ ہونے پائے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK