Inquilab Logo Happiest Places to Work

شاہ پور: انڈرپاس راستوں میں بارش کا پانی جمع ہونے سے دشواری

Updated: August 23, 2026, 12:38 PM IST | khalid Abdul Qayyum Ansari | Shahpur

زیر گزر راستوں میں پانی اور کیچڑ بھر جانے سے آمد و رفت تقریباً بند، شہریوں کو پریشانیوں کا سامنا۔

Samriddhi Express passengers affected by rainwater and mud accumulating under bridges near Shai and Kolkvari interchange. Photo: INN
سمردھی ایکسپریس کے واسند۔ شئی اور کولکواڑی انٹرچینج کے قریب پلوں کے نیچے جمع بارش کے پانی اور مٹی سے آمدورفت متاثر۔ تصویر: آئی این این

ایک جانب ممبئی۔ ناگپور سمردھی ایکسپریس کو جدید اور تیز رفتار سفر کی علامت قرار دیا جاتا ہے، تو دوسری جانب اسی ایکسپریس کے پلوں اور زیرگزر راستوں (انڈر پاس) پر جمع بارش کے پانی، مٹی اور کیچڑ نے شاہ پور تحصیل کے دیہی علاقوں میں مقامی شہریوں کی مشکلات بڑھا دی ہیں۔ واسند۔ شئی روڈ اور کولکواڑی انٹرچینج کے قریب پانی جمع ہونے سے راستوں کی حالت انتہائی خراب ہوگئی ہے اور کئی مقامات پر آمدورفت تقریباً بند ہونے کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ 
متاثرہ دیہی عوام نے متعلقہ انتظامیہ سے فوری صفائی کے ساتھ پانی کی نکاسی کا مستقل حل نکالنے کا مطالبہ کیا ہے۔ واسند۔ شئی روڈ پر شئی گرام پنچایت حدود میں واقع انڈر پاس میں بڑی مقدار میں بارش کا پانی جمع ہوگیا ہے۔ کسانوں، طلبہ، خواتین اور دیگر مقامی شہریوں کو روزانہ اسی پانی میں سے گزرنا پڑ رہا ہے۔ تیز رفتار گاڑیوں کے گزرنے سے گندا پانی راہگیروں پر اچھلتا ہے جبکہ سڑک پر کیچڑ اور پھسلن کے باعث حادثات کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے۔ مقامی شہریوں کے مطابق اس مسئلے کے تعلق سے متعلقہ محکمہ کو پہلے ہی تحریری درخواست دی جاچکی ہے لیکن بارش کے پانی کی نکاسی کے لئے اب تک کوئی مستقل انتظام نہیں کیا گیا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ہر سال عارضی اقدامات کے بجائے مناسب ڈرینیج نظام قائم کرنا ضروری ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ’’کلیان۔تلوجہ میٹرو ۱۲؍کیساتھ فلائی اوور بھی تیز رفتاری سے مکمل کیا جائیگا‘‘

دوسری جانب شاہ پور۔ مرباڑ روڈ پر کولکواڑی میں سمردھی ایکسپریس کے پیکیج نمبر ۱۶؍ کے تحت تعمیر شدہ انٹرچینج کے قریب دونوں پلوں کے نیچے پانی کے ساتھ بڑی مقدار میں مٹی اور کیچڑ جمع ہوگیا ہے۔ اس کے نتیجے میں سڑک کی حالت خراب ہوگئی ہے اور بعض مقامات پر راستہ بند ہونے جیسی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ گاڑیوں کے ڈرائیوروں کے ساتھ مقامی دیہی عوام کو بھی آمدورفت میں دشواریوں کا سامنا ہے۔ مقامی شہری نریش جادھو نے کہا کہ کسی حادثے کے بعد انتظامیہ کے حرکت میں آنے کا انتظار نہیں کیا جانا چاہیے۔ خطرناک مقامات کا فوری معائنہ کرکے جمع پانی اور مٹی کو صاف کیا جائے اور مستقبل میں پانی جمع نہ ہونے کیلئے مستقل انتظامات کئے جائیں۔ مقامی لوگوں نے مطالبہ کیا ہے کہ واسند۔ شئی اور کولکواڑی کے متاثرہ مقامات کا فوری معائنہ کرکے پلوں اور زیرگزر راستوں میں جمع پانی، مٹی اور کیچڑ کو ہٹایا جائے، سڑکوں کی ضروری مرمت کی جائے اور پانی کی نکاسی کے لئے مناسب نالیاں اور مستقل ڈرینیج نظام تعمیر کیا جائے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK