Inquilab Logo Happiest Places to Work

عید میلاد النبیؐ کے جلوس میں نظم و ضبط برقرار رکھنے پر زور

Updated: August 23, 2026, 12:34 PM IST | Ejaz Abdul Gani | Kalyan

ڈی سی پی زون ۳ کے دفتر میں ملی تنظیموں، سماجی کارکنان اور مختلف محکموں کے افسران کی اہم میٹنگ۔

Photo: INN.
تصویر: آئی این این۔

عیدمیلادالنبیؐ کے بابرکت موقع پر شہر میں برآمد ہونے والے روایتی جلوس کو پُرامن اور باوقار بنانے کیلئے انتظامی سطح پر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ اس سلسلے میں جہاں ایک طرف پولیس انتظامیہ اور سماجی رہنماؤں کے مابین امن و امان کے قیام اور نظم و ضبط کو یقینی بنانے کیلئے اہم مشاورتی میٹنگ منعقد ہوئی وہیں دوسری جانب عید میلاد منڈل نے جلوسِ محمدی کے تقدس کو برقرار رکھنے اور اسے اسلامی تعلیمات کے عین مطابق نکالنے کیلئے تفصیلی رہنما ہدایات جاری کر دی ہیں۔ 
اعلامیہ میں عوامی سہولت اور مذہبی وقار کے پیش نظر ڈی جے کے استعمال اور آتش بازی پر مکمل پابندی عائد کرتے ہوئے شرکاء سے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بھرپور تعاون کی اپیل کی گئی ہے۔ 
عید میلادالنبیؐ کے موقع پر نکالے جانے والے روایتی جلوس کے انتظامات اور نظم و ضبط کو یقینی بنانے کے سلسلے میں گزشتہ روز ڈی سی پی زون ۳؍ کے دفتر میں ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی۔ میٹنگ میں ڈی سی پی اتل جھینڈے، اے سی پی ہونمانے، بازار پیٹھ، کولسے واڑی اور مہاتما پھولے پولیس اسٹیشنوں کے سینئر انسپکٹرز کے علاوہ میونسپل انتظامیہ، ایم ایم آر ڈی اے، ٹریفک پولیس اور دیگر متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر ملی تنظیموں کے نمائندے اور سماجی کارکنان بھی موجود تھے۔ 
میٹنگ میں ڈی سی پی اتل جھینڈے نے عید میلاد النبیؐ کے جلوس کو پُرامن اور باوقار انداز میں منعقد کرنے کیلئے ضروری رہنما خطوط جاری کرتے ہوئے تمام منتظمین اور شرکاء سے نظم و ضبط برقرار رکھنے کی اپیل کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ جلوس کے دوران کسی بھی قسم کی بد نظمی، غیر ضروری ہنگامہ آرائی یا ایسی سرگرمی سے گریز کیا جائے جو جلوس کی مذہبی اور پُرامن شناخت کو متاثر کرے۔

یہ بھی پڑھئے: اخلاقِ حسنہ کو اپنانے، خرافات اور برائیوں سے دور رہنے کی تلقین

عید میلاد منڈل کی اپیل
عید میلاد منڈل کے صدر حضور قریشی نے کہا کہ اس مرتبہ جلوس میں ڈی جے اور دیگر غیر اسلامی سرگرمیوں سے مکمل طور پر اجتناب کیلئے محلہ سطح پر متعدد میٹنگیں منعقد کرکے نوجوانوں کی ذہنی تربیت اور رہنمائی کی گئی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جلوسِ محمدی میں شریک نوجوان اور دیگر افراد اسلامی تعلیمات اور سیرتِ نبویؐ کی روشنی میں اپنا کردار ادا کریں گے اور کسی کو بھی اعتراض یا شکایت کا موقع نہیں دیں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ عید میلاد منڈل کی جانب سے تمام شرکاء کیلئے خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں جن میں باوضو ہوکر جلوس میں شرکت کرنے، درود و سلام، نعت خوانی اور ذکرِ الٰہی کا خصوصی اہتمام کرنے پر زور دیا گیا ہے۔ جلوس کے دوران ناچ گانا، بینڈ باجا، ڈی جے اور آتش بازی مکمل طور پر ممنوع رہے گی۔ اگر کوئی شخص منڈل کی ہدایات کی خلاف ورزی کرتا ہے اور پولیس کی جانب سے کارروائی کی جاتی ہے تو عید میلاد منڈل کو اس کا ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جاسکے گا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK