ریسکیو ٹیمیں اور محکمہ جنگلات ناکام، عوام میں خوف، تیندوے کو فوراً پکڑنے کا مطالبہ۔
تیندوے کو پکڑنے کیلئے لگایا گیا پنجرہ جبکہ انسیٹ میں ۸؍سالہ کرشنا جسے تیندوے نے حملہ کرکے ہلاک کردیا تھا۔تصویر:آئی این این
تعلقہ میں آدم خور تیندوے کی دہشت مسلسل بڑھتی جا رہی ہے۔ گزشتہ ۷؍ دنوں کے دوران تیندوے نے تیسری بار حملہ کرتے ہوئے ایک خاتون کو زخمی کر دیا۔ تازہ واقعہ گزشتہ روز شاہ پور تحصیل کے جامبھل واڑا گاؤں میں پیش آیاجہاں بیبی گھارت نام کی خاتون جنگل میں پلاش کے پتے جمع کرنے گئی تھیں کہ گھات لگائے تیندوے نے ان پر حملہ کر دیا۔
تیندوے کے پنجے سے گردن پر شدید چوٹ آنے کے باوجود خاتون نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی جان بچالی۔ انہیں فوری طور پر ڈولکھامب پرائمری ہیلتھ سینٹر منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
معلوم ہوکہ اس سے قبل ۲۱؍ اپریل کو کل بھونڈے لاگھا کی واڑی میں رہنے والے ۸؍ سالہ کرشنا آگِولے کو تیندوے نے نشانہ بنا کر ہلاک کر دیا تھا، جس کے بعد علاقے میں خوف کی فضا قائم ہو گئی تھی ۔ واقعہ کے بعد محکمہ جنگلات، پونے کی ریسکیو ٹیم اور دہلی سے آئے ماہرین نے تیندوے کو پکڑنے کے لئے مشترکہ مہم شروع کی۔ ڈرون کیمروں، پنجرے اور نگرانی کے خصوصی آلات کا استعمال بھی کیا جا رہا ہے مگر تمام کوششوں کے باوجود تیندوہ اب تک پکڑ سے باہر ہے۔اسی دوران تیندوے نے کوٹھلے گاؤں میں مویشیوں پر بھی حملہ کیا جس سے یہ واضح ہو گیا کہ وہ مسلسل اسی علاقے میں سرگرم ہے۔