صحابی ٔ رسول حضرت عثمان بن طلحہ ؓ جنہیں اللہ کے رسول نے بیت اللہ کی چابیاں سونپی تھیں، کے ۱۱۰؍ ویں جانشین بن گئے۔
EPAPER
Updated: June 27, 2024, 10:58 AM IST | Makkah
صحابی ٔ رسول حضرت عثمان بن طلحہ ؓ جنہیں اللہ کے رسول نے بیت اللہ کی چابیاں سونپی تھیں، کے ۱۱۰؍ ویں جانشین بن گئے۔
خانہ ٔکعبہ کے کلید بردار شیخ ڈاکٹر صالح الشیبی کے گزشتہ دنوں ۸۰؍ سال کی عمر میں انتقال کرجانے کے بعد بیت اللہ شریف کی چابیاں اب ان کے خاندان کے معمر ترین شخص شیخ عبدالوہاب بن زین العابدین الشیبی کو سونپ دی گئی ہیں۔
شیخ ڈاکٹر صالح ۲۲؍ جون کو انتقال کر گئے۔ ان کی نماز جنازہ ۲۳؍ جون کو بعد نماز فجر مسجد الحرام میں ادا کی گئی اور تدفین مکہ مکرمہ کے جنت المعلی قبرستان میں ہوئی۔ شیخ صالح صحابی ٔ رسول حضرت عثمان بن طلحہ رضی اللہ عنہ کے۱۰۹؍ ویں جانشین اورکلید بردار کعبہ تھے۔ اس لحاظ سے شیخ عبدالوہاب فتح ۱۱۰؍ ویں کلید بردار ہیں۔ فتح مکہ کے موقع پر ۸؍ ہجری میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے بیت اللہ کی چابی بنو شیبہ سے تعلق رکھنے والے حضرت عثمان بن ابی طلحہ رضی اللہ عنہ کے حوالے فرمائی تھی۔ اس کے ساتھ ہی اللہ کے نبی نے اعلان فرما دیا تھا کہ ’’اے طلحہ کی آل کعبے کی چابی ہمیشہ تمہارے پاس رہے گی اور کسی ظالم کے علاوہ تم سے کوئی یہ نہیں لے سکے گا۔ ‘‘
اُس دن سے آج تک بنو شیبہ کے فرزندان ہی کو کعبہ کا کلید بردار ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ خانہ کعبہ کے کلید بردار کو ’سادن ‘ کہا جاتا ہے۔ خانہ ٔ کعبہ کے قفل کو کھولنا، بند کرنا اور اندرونی و بیرونی صفائی کے ساتھ ساتھ غلاف کعبہ کی تبدیلی اور دیگر امور بھی سادن کے ذمہ ہوتے ہیں۔ خانہ کعبہ کا غلاف ’کسوہ‘ انتقال سے چند روز قبل ہی سعودی حکام نے شیخ ڈاکٹر صالح الشیبی کو سونپا تھا تاکہ یکم محرم الحرام کو تبدیل کیا جاسکے۔ اب ان کے اس دنیا سے رخصت ہوجانے کے بعدنئے اسلامی سال کے پہلے دن غلاف کعبہ کی تبدیلی شیخ عبدالوہاب بن زین العابدین الشیبی کی سربراہی میں عمل میں آئے گی۔