Inquilab Logo

شیوسینا حمایت حاصل کرنے کیلئے سرگرم ، کہیں بائک ریلی تو کہیں جلسہ

Updated: June 27, 2022, 10:57 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

آدتیہ ٹھاکرے نے باغیوں کو متنبہ کیاکہ ودھان بھون تک جانے والے دو راستوں میں ایک راستہ میرے اسمبلی حلقہ سے گزرتا ہے اور دوسرا باندرہ سے جہاں ہمارا گھر ہے۔ ریلی میں سیکڑوں شیوسینک شریک ہوئے

Shiv Sena participants in a motorcycle rally pass by Sina Bhawan in Shivaji Park..Picture:INN
شیواجی پارک میں سینا بھون کے قریب سے موٹرسائیکل ریلی میں شریک شیوسینک گزررہے ہیں۔ تصویر: پی ٹی آئی

:   شیوسینا کے متعدد اراکین اسمبلی کی بغاوت  کے بعد شیو سینا   لیڈران  اب پارٹی کومنظم کرنے کیلئے سرگرم ہو گئے ہیں۔ سینا کے سینئر لیڈروں کے ذ ریعے  ریلیاں نکالی جارہی ہیں اور عوام  سے ملاقات کرنے کا سلسلہ بھی شروع کردیا گیا ہے۔ اسی سلسلے میں آدتیہ ٹھاکرے  شیو سینا کے لیڈروں اور یوتھ ورکروںسے لگاتاررابطہ کر رہے ہیں ۔ دوسری جانب رکن پارلیمان سنجے راؤت بھی ریلیاں کر کے باغی لیڈروں کےخلاف سخت کارروائی کرنے اور انہیں بال  ٹھاکرے والی شیو سیناکے ساتھ جڑے رہنے کیلئے ان میں جوش بھرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ ان لیڈروں نے یہ بھی کہا کہ جو گئےہیں، انہیں بھول کر نئی شیو سیناتشکیل دینی  ہے۔
 اتوار کو  وزیر ماحولیات آدتیہ ٹھاکرے نے سانتاکروز میں جبکہ دہیسر میں سنجے راؤت نے خطاب کیا ۔
’’جنہیں شیوسینا نے وزیر بنایا ، آج وہی باغی ہوگئے‘‘
  سنجے راؤت نے   کہا کہ کوئی شکر مل کاواچمین تھا جسے شیو سینا نے موقع دیا اور آج وہ کابینی وزیر بنا بیٹھا ہے۔ کوئی پان ٹپری پر بیٹھتا تھا تو کوئی  آٹو رکشا ڈرائیور تھا لیکن بالا صاحب ٹھاکرے اور ادھو ٹھاکرے  والی شیو سینا نے انہیں  موقع دیااور آج وہ کابینی وزیر بنے بیٹھے ہیں۔  وہ خود اپنی تقریروں میں اس کااعتراف کر چکے ہیں کہ شیو سینا نے ہی ہمیں اس مقام پر پہنچایا ہے اور آج وہ اسی  شیو سینا کے  ساتھ بغاوت کر رہے ہیں۔‘‘  انہوں نے چیلنج کیا کہ  اگر ان میں ہمت ہے تو وہ شیو سیناکا نام استعمال کئے بغیر دوبارہ چناؤ جیت کر بتائیں۔ سنجے راؤت نے گوہاٹی کے ریڈیسن بلو ہوٹل میں  ایکناتھ شندے کے ساتھ مقیم باغی اراکین اسمبلی پر   طنز کیا اور کہاکہ’ ’جب ان ۴۰؍ ایم ایل ایز کی لاشیں آئیں گی تو انہیں براہ راست پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا جائے گا۔‘‘ راؤت کے اس تبصرے کے بعد تھوڑی دیر خاموشی کے بعد حاضرین میں سے ایک پارٹی کارکن نے کہاکہ ’’نہیں جناب، ہم ان کی راکھ کو براہ راست ڈبو دیں گے۔‘‘جس پر سنجے راؤت نے کہا کہ’’ہاں، ہم انہیں چھٹ پوجا پر بھیجیں گے۔‘‘  اس  پرحاضرین ہنس پڑے۔
سینا بھون تک موٹرسائیکل ریلی
 اتوار کو  ادھو ٹھاکرے کی حمایت میں شیو سینکوں نے   اخبار’ سامنا‘ کےآفس  سے دادر میں واقع شیو سینا بھون تک موٹرسائیکل ریلی نکالی  جس میں شریک شیو سینک اپنے ہاتھوں میں ادھو ٹھاکرے کی تصویر لئے ہوئے تھے اور ان کی حمایت میں نعرے لگا رہے تھے۔
’’ہم مہاراشٹر کو منتشر ہونے نہیں دیں گے‘‘
 سانتاکروز میں آدتیہ ٹھاکرے نے شیوسینا  کی مہربانیوں گنوائیں اور باغیوں کو دھمکانے والے انداز میں کہا کہ ’’ایئر پورٹ سے ودھان بھون جانے کیلئے دو ہی راستے ہیں ۔ ایک ورلی سے گزرتا ہے جو میرا اسمبلی  حلقہ ہے اور دوسرا باندرہ جہاں ہمارا گھرہے،گویا ممبئی اور مہاراشٹر ہمارا ہے اور ہم اسے منتشر ہونے نہیں دیں گے۔‘‘   یووا سینا کے ورکروں سے خطاب کرتے ہوئے آدتیہ ٹھاکرے نے کہا کہ ’’جن لوگوں کو شیو سینا نے موقع  دیا، آج وہیں لوگ بغاوت کر رہے ہیں  ۔اب متعدد لیڈروں کو پچھتاوا بھی ہے اور وہ شیو سینا لیڈروں سے رابطہ بھی کر رہے ہیں ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK