کانگریس نے گنیش دیشمکھ کو ڈپٹی میئربنایا۔ بی جے پی اور شندے سینا منافرت انگیز سیاست پر اترآئی ،شیوسینا یوبی ٹی کو ’جناب سینا‘ قرار دیا
EPAPER
Updated: February 12, 2026, 11:35 PM IST | Parbhani
کانگریس نے گنیش دیشمکھ کو ڈپٹی میئربنایا۔ بی جے پی اور شندے سینا منافرت انگیز سیاست پر اترآئی ،شیوسینا یوبی ٹی کو ’جناب سینا‘ قرار دیا
یہاں میونسپل کارپوریشن کے میئر اور ڈپٹی میئر کے عہدوں کیلئے جمعرات کو ہونے والے انتخابات میں مہا وکاس اگھاڑی نے بازی مارلی ہے۔ اُدھو ٹھاکرے کی شیوسینا (یو بی ٹی) کے سید اقبال سید خواجہ نے میئر کے عہدے پر کامیابی حاصل کی، جبکہ کانگریس کے گنیش دیشمکھ ڈپٹی میئر منتخب ہوئے۔۶۵؍ نشستوں والی پربھنی میونسپل کارپوریشن میں اقتدار کانگریس اور شیوسینا (یو بی ٹی) کے ہاتھ آ گیا ہے۔ میئر کے انتخاب میں شیوسینا (یو بی ٹی) کے امیدوار سید اقبال سید خواجہ کو۳۹؍ ووٹ حاصل ہوئے، جبکہ بی جے پی کی امیدوار تیروملا کھلّارے کو۲۶؍ ووٹ ملے۔ اس طرح سید اقبال پربھنی کے نئے میئر منتخب ہو گئے۔ کانگریس کے گنیش دیشمکھ نائب میئر (ڈپٹی میئر) بن گئے ہیں۔
ڈپٹی میئر کے انتخاب میں کانگریس کے گنیش دیشمکھ نے۳۸؍ ووٹ حاصل کر کامیابی حاصل کی، جبکہ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کی امیدوار ناظمہ بیگم شیخ عبدالرحیم کو۲۷؍ ووٹ ملے اور انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس طرح میئر کے عہدے پر شیوسینا (یو بی ٹی) اور ڈپٹی میئر کے عہدے پر کانگریس کے امیدوار کامیاب رہے، جبکہ بی جے پی اور این سی پی کے امیدوار ہار گئے۔ اطلاعات کے مطابق اکشے دیشمکھ اور آزاد کونسلر رضیہ بیگم نے بھی سید اقبال کے حق میں ووٹ دیا۔ کامیابی کے بعد یو بی ٹی کارکنان نے پٹاخے چھوڑ کر جشن منایا۔ قابلِ ذکر ہے کہ میونسپل کارپوریشن میں شیوسینا (یو بی ٹی) کے۲۵، کانگریس کے۱۲، بی جے پی کے۱۲، این سی پی (اجیت پوار گروپ) کے۱۱؍ اور۵؍ آزاد کونسلرز منتخب ہوئے ہیں۔
میئر کے انتخاب سے پہلے ہی دونوں پارٹیوں کے درمیان اقتدار کی تقسیم طے ہو گئی تھی۔ معلومات کے مطابق میئر کا عہدہ شیوسینا (یو بی ٹی) اور ڈپٹی میئر کا عہدہ کانگریس کے پاس رہے گا۔ اسی کے مطابق اُدھو ٹھاکرے نے سید اقبال کے نام کی منظوری دی، جبکہ کانگریس نے ڈپٹی میئر کیلئے گنیش دیشمکھ کے نام کو نامزد کیا۔ شیوسینا نے میئر کے انتخاب کیلئے اپنے کارپوریٹروں کو وہِپ بھی جاری کیا تھا۔
مسلم میئر بنانے پر بی جے پی اور شیوسینا شندے بوکھلا گئی
بی جے پی کے مذہبی سیل کے صدر آچاریہ تشار بھونسے نے پربھنی میں مسلم میئر بنائے جانے پر اُدھو ٹھاکرے پر تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ اُدھو ٹھاکرے کی شیوسینا کو اب ‘جناب سینا’ کہنا چاہیے۔ وہیں بی جے پی ایم ایل اے چتراواگھ نے کہا کہ جو کام اُدھو ٹھاکرے ممبئی میں نہیں کر سکے، وہ پربھنی میں خان یعنی مسلم میئر بنا کر کردیا ہے۔نائب وزیراعلیٰ اور شندے سینا کے سربراہ ایکناتھ شندے نے طنز کیا کہ’’لگتا ہے کہ ادھو ٹھاکرے ، بالا صاحب کے خیالات چھوڑ چکے ہیں۔‘‘
ہرش وردھن سپکال نے کیا کہا؟
کانگریس مہاراشٹر کے صدر ہرش وردھن سپکال نے کہا کہ پربھنی میں ہم نے بی جے پی کو اقتدار سے دور رکھنے کیلئے مہا وکاس اگھاڑی کا ساتھ دیا۔ ہمارے تمام کارپوریٹروں نے اُدھو ٹھاکرے کی پارٹی کے امیدوار کو ووٹ دیا۔