• Wed, 17 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

شیوسینا یوبی ٹی نے ’دیوا بھاؤ‘اورریاستی سرکار کولتاڑا

Updated: September 17, 2025, 12:57 PM IST | Mumbai

ادھوٹھاکرے نے کہا کہ’’دیوابھاؤ کی اشتہار بازی کیوں؟ایک شخص کیلئے کیوں کروڑوں خرچ کئے جارہے ہیں؟ ریاست میں سیلاب اور شدید بارش سے فصلیں تباہ ہوئی ہیں، کسانوں کو مالی نقصان ہوا ہے اور ریاستی حکومت اشتہار بازی کررہی ہے۔‘‘

Shiv Sena UBT chief Uddhav Thackeray has criticized Chief Minister Fadnavis for such hoardings and advertisements. Photo: INN
وزیراعلیٰ فرنویس کے اس طرح کے ہورڈنگز اور اشتہار ات پر شیوسینا یوبی ٹی کے سربراہ ادھوٹھاکرے نے تنقید کی ہے۔ تصویر: آئی این این

کسانوں کی زبوں  حالی  اور ریاستی حکومت کی مبینہ عدم توجہی پر   این سی پی سربراہ شردپوار کے بعد اب شیوسینا یوبی ٹی کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس اور ریاستی حکومت کو ہدف تنقید بنایا ہے۔ ٹی وی نائن مراٹھی کی رپورٹ کے مطابق   شیوسینا یوبی ٹی کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے کہاکہ : ’’دیوا بھاؤ کی تشہیر کیلئے آپ نے کروڑوں روپے لٹا دئیے، اگر وہی رقم  آپ کسانوں کو فوری مدد کے طور پر دیتے تو اس میں کیا برائی تھی؟‘‘ عثمان آباد ضلع کے مختلف پارٹی کارکنان نے ٹھاکرے گروپ میں شمولیت اختیار کی۔ اس وقت عثمان آباد کے رکنِ پارلیمان اوم راجے نِمبالکر اور رکنِ اسمبلی کیلاش پاٹل موجود تھے۔ ٹھاکرے گروپ کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے انکے ہاتھ پر شیو بندھن باندھ کر شمولیت کا اعلان کیا۔ بعدازیں ادھو ٹھاکرے نے پریس کانفرنس کی اور کسانوں کے نقصان اور پنچنامے کے حوالے سے گفتگو کی۔
 ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ ’’ریاست بھر میں  شدید بارش ہو رہی ہے، کہیں بادل پھٹ رہے ہیں، کہیں سیلاب آرہے ہیں۔ ہوگا یہ کہ پنچنامے ہوں گے اور پھر کچھ معمولی رقم بانٹ کر ریاستی حکومت جان چھڑا لے گی۔ کسانوں کا بھاری نقصان نظر آ رہا ہے، پھر بھی آپ پنچنامے کرکے ہی پیسے دیں گے۔  حکومت کو چاہیے کہ  فوری طور پر سب کو ایک مقررہ رقم بھی دی جاتی تو اس میں کیا حرج تھا؟‘‘ سابق وزیراعلیٰ ادھو ٹھاکرے  نے تیکھے انداز میں کہا کہ ’’دیوا بھاؤ کے نام پر آپ کروڑوں کی اشتہار بازی کر رہے ہیں، یہ پیسہ کہاں سے آیا؟ اس کا پنچنامہ کون کرے گا؟ پیسہ کس نے دیا؟ یہ تشہیر کس لیے کی گئی؟‘‘ انہوں نے طنزاً کہا کہ’’ چھترپتی شیو رائے کے قدموں میں پھول چڑھاتے یا ہار پہناتے وقت بھی کروڑوں کی تشہیر کرنی پڑتی ہے؟‘‘بقول ادھو’’ تمام اخبارات میں اشتہار تھے۔ اگر آپ ایک دن اور ایک شخص کیلئے  کروڑوں لٹا سکتے ہیں تو وہی کروڑوں روپے اگر کسانوں کو فوری مدد کے طور پر دیے ہوتے تو کیا بُرا ہوتا؟‘‘  شیوسینا یوبی ٹی سربراہ نے مزید کہا کہ ’’ آپ کے پاس پیسہ ہے، لیکن قرض لے کر دیوالی مناتے ہیں، یہ میں اسی لئے کہتا ہوں۔ اس اشتہار کی ضرورت ہی کیا تھی؟ ‘‘ 
مہاراشٹر قرض میں  ہے اور یہ کیک کاٹ رہے :راؤت
 شیو سینا(یوبی ٹی ) کے ترجمان اور رکن پارلیمان   سنجے راؤت نے کہا کہ’’ریاستی  حکومت قرض کے پیسوں سے وزیر اعظم نریندر مودی کی سالگرہ کا جشن منا رہی ہے۔‘‘ انہوں نے سوال قائم کیا کہ’’ وزیر اعظم کی سالگرہ حکومت کیوں منائے؟   مہاراشٹر قرض میں ڈوبا ہوا ہے اور یہ لوگ کیک کاٹ رہے ہیں۔ ‘‘راؤت نےکہا کہ حال ہی میں نیپال میں ہوئے جنریشن زیڈ احتجاج کو لے کر کہا کہ جب ہم نیپال کی مثال دیتے ہیں تو حکومت کو تکلیف ہوتی ہے اور ہمیں ماؤ وادی یا نکسل وادی کہا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیپال کو بھی حاکموں نے اسی طرح لوٹا اور بعد میں یہ سب کچھ ہوا۔صحافیوں سے بات چیت کے دوران راؤت نے کہا کہ وہ اس طرح کے احتجاج کی حمایت نہیں کرتے، لیکن عوا م کے صبر کا باندھ یہاں بھی ٹوٹ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ۱۰؍ لاکھ کروڑ کا قرض ہے اور پھر بھی اسے ترقی پسند ریاست کہا جاتا ہے۔   این سی پی  سربراہ شرد پوار کے نیپال کے تناظر میں دئیے گئے بیان پر راؤت نے کہا کہ کیا آپ شرد پوار صاحب کو ماؤ وادی یا نکسل وادی کہیں گے؟ راؤت نے یہ بھی کہا کہ ہم کسی نظریے کے نہیں، ہم مہاراشٹر دھرم کو ماننے والے مراٹھی ہیں، شیو سینک ہیں۔  شرد پوار نے جو خیالات بیان کئے، وہی ہمارے ہیں۔  
 ہندپاک  میچ پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے شیو سینا کےلیڈر نے کہا کہ۲۶؍ خواتین کا سہاگ اجڑ گیا اور مودی پاکستان کے ساتھ کرکٹ کھیلنے پر مجبور کرتے ہیں۔ ایسے وزیر اعظم پر ہمیں فخر کیوں ہونا چاہیے؟ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کا یہ ایک تجارتی کھیل ہے اور سی ای او مودی ہیں۔ پاکستان کے کپتان سے ہاتھ نہ ملانے سے پاپ نہیں دھلتا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK