ممبئی، پنویل ،بھیونڈی، پونے، ناندیڑ سمیت ریاست بھر میں ’’میرا سیندور میرا ملک‘‘ کے نعرے بلند کئے گئے۔
EPAPER
Updated: September 15, 2025, 10:45 AM IST | Inquilab News Network | Mumbai / Panvel / Bhiwandi / Nanded
ممبئی، پنویل ،بھیونڈی، پونے، ناندیڑ سمیت ریاست بھر میں ’’میرا سیندور میرا ملک‘‘ کے نعرے بلند کئے گئے۔
شیوسینا(یوبی ٹی )کے کارکنوں نے اتوار کو ایشیا کپ ۲۰۲۵ء میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کھیلے جانیوالے کرکٹ میچ کے خلاف ممبئی سمیت ریاست کے مختلف اضلاع و شہروں میں زبردست احتجاج کیا۔ اس دوران ممبئی کے بوریولی میں شیو سینا ( ادھو) کے حامی نےایل ای ڈی ٹی وی پھوڑ کراپنی ناراضگی ظاہر کی جبکہ متعدد مقامات پر خواتین نے اپنے ہاتھوں میں سیندور ( جو شادی شدہ ہندوخواتین اپنی مانگ میں بھرتی ہیں )کی ڈبیاں جمع کرکے علامتی طور پر وزیر اعظم نریندر مودی کے دفتر بھیجنے کا اعلان کیا۔پارٹی کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے پہلے ہی اعلان کیا تھا کہ وہ ہند پاک کرکٹ میچ کی مخالفت کریں گے چاہے حکومت نے اس کی اجازت کیوں نہ دی ہو۔
تھانے میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شیو سینا (ادھو) کے لیڈر و رکن پارلیمان سنجے راؤت نے کہا کہ ’’وہ (پی ایم مودی) جنگیں روک سکتے ہیں، وہ ٹرمپ کے دباؤ میں روس یوکرین جنگ اور پاک ہندوستان جنگ کو روک سکتے ہیں، لیکن وہ کرکٹ میچ نہیں روک سکتے‘‘۔پاکستان اور بھارت کا ایشیا کپ کا میچ آج دبئی میں شیڈول ہے۔
پنویل میں بھی شیوسینا(یوبی ٹی) کی مہیلا ا گھاڑی کی طرف سے زبردست احتجاج کیا گیا۔ یہاں کے چھترپتی شواجی مہارا چوک پر’’ میرا سندور میرا دیش‘‘ اس عنوان کے تحت زبردست احتجاج کیا گیا اس موقع پر ریوتی سکپا ل نے کہاکہ پہلگام حملے میں پاکستان کا رول ثابت ہو چکا ہے ایک طرف ہم ان کے خلاف کارروائی کرتے ہیں دوسری طرف ان کے ساتھ کرکٹ بھی کھیلتے ہیں مرکز حکومت کو یہ ڈبل گیم بند کرنا چاہیے اور پاکستان کے ساتھ جس طرح دوسرے تعلقات ختم کیے گئے تھے اسی طرح کرکٹ کے تعلقات بھی ختم کرنا چاہیے ہماری خواتین کا سیندور مٹ گیا اور دوسری طرف پاکستان کے ساتھ کرکٹ کھیلا جا رہا ہے یہ ان شہیدوں کے ساتھ مذاق ہے ۔
بھیونڈی کے چھترپتی شیواجی مہاراج چوک پر شیوسینا خواتین ونگ کی قیادت میں پرجوش مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاج کی رہنمائی خواتین ونگ کی لوک سبھا رابطہ سربراہ آشاتائی رسال، وشواس تھلے، ویشالی مستری اور ضلعی سربراہ منوج گاگے نے کی۔مظاہرین نے کرکٹ میچ کے فیصلے کو ’’شہیدوں کی قربانی کی توہین‘‘ قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ پاکستان کے ساتھ کھیلوں کے تمام تعلقات فوری طور پر منقطع کیے جائیں۔ خواتین نے اپنے سندور کی ڈبیاں ایک بکس میں جمع کر کے وزیر اعظم نریندر مودی کو روانہ کیں تاکہ اس فیصلے کے خلاف اپنا غصہ ظاہر کیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر سرحد پر جوان جانیں قربان کر رہے ہیں تو میدانِ کرکٹ میں پاکستان کے ساتھ کھیلنا ملک کے وقار کے منافی ہے۔مظاہرین نے واضح کیا کہ پاکستان کے ساتھ کرکٹ تعلقات شہیدوں کے خون سے غداری کے مترادف ہیں۔
ناندیڑ میں شیوسینا (یوبی ٹی ) کی مہیلا اگھاڑی (شعبہ خواتین ) کی جانب سے اَنّابھاؤ ساٹھے چوک پر احتجاج کیاگیا۔ جس کی قیادت شیوسینا شعبہ خواتین کی ضلع صدر ڈاکٹر نکیتا چڈھّان نے کی۔ اس موقع پر بڑی تعداد میں کارکنان اور خواتین نے حصہ لیا اور ہندپاک کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلسل سرحد پار دہشت گردی اور ہندوستان مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہے۔ ایک طرف ہمارے فوجی شہید ہو رہے ہیں اور دوسری طرف پاکستان کے ساتھ کرکٹ میچ کھیلنا ملک کے شہداء کی توہین ہے۔ مظاہرین نے مرکزی حکومت اور وزیر اعظم مودی پر زور دیا کہ وہ بھارت-پاکستان میچ نہ ہونے دیں۔احتجاج کے دوران ’’میرا سیندور میرا دیش‘‘ کے تحت چوڑیاں اکھٹا کی گئیں اور انہیں پی ایم او آفس کو بھیجنے کا اعلان کیا گیا تاکہ یہ پیغام دیا جا سکے کہ اگر حکومت پاکستان کے ساتھ کھیلنے سے باز نہیں آتی تو یہ کمزوری اور بزدلی کی علامت سمجھی جائے گی۔ مظاہرین نے نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی عوام پاکستان کے ساتھ کسی بھی طرح کے کھیل یا تعلقات کے حق میں نہیں ہے۔اس موقع پر پارٹی کے شہر صدر پرکاش ماراوار، لیڈیز ونگ کی شہر صدر ایڈوکیٹ ، دیگر لیڈران اور خواتین کارکنان موجو دتھے۔