بارامتی میں طیارہ حادثہ سے ایک دن قبل پنکی نے اپنے بھائی سے گفتگو کرتے ہوئے مالی طور پر کمزور بچوں کو طیارہ اڑانےکی ٹریننگ دینے کی خواہش ظاہر کی تھی۔
آخری رسومات میں پنکی مالی کے اہل خانہ اور رشتہ دار صدمہ سے نڈھال نظر آرہے ہیں۔ تصویر: پی ٹی آئی
طیارہ حادثہ میںنائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کے ساتھ فوت ہونے والوں میں شامل فلائٹ اٹینڈنٹ پنکی مالی کی آخری رسومات شیواجی پارک شمشان بھومی میں ادا کردی گئیں۔ شیواجی پارک لانے سے قبل ان کے جسد خاکی کو پہلے کلوا تھانے میں واقع ان کی سسرال اور شوہر شومیکر سینی کےگھر لے جایا گیا تھا۔ اس کے بعد ورلی میں واقع ان کے والدین کے گھر لایا گیا تھا جہاں اہل خانہ ، رشتہ داروں اور دوست و احباب نے ان کا آخری دیدار کیا ۔ بعدازیں شیواجی پارک شمشان بھومی میں ان کے شوہر نے نم آنکھوں سے انہیں سپر دآتش کیا۔واضح رہے کہ بدھ کو صبح بارامتی پہنچتے وقت طیارہ حادثہ میں نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کے علاوہ فوت ہونے والوں میں اجیت پوار کا سیکوریٹی آفیسر ودیپ جادھو، کیپٹن پائلٹ شمبھوی پاٹھک اور فلائٹ اٹینڈنٹ پنکی مالی بھی شامل تھیں۔
متوسط طبقہ سے تعلق رکھنے والی پنکی مالی نے طیارہ حادثہ سے ایک دن قبل منگل کو اپنے بھائی سے فون پر گفتگوکے دوران یہ خواہش ظاہر کی تھی کہ وہ مالی طور پر کمزور غریب بچوں کو طیارہ اڑانے کی ٹریننگ دے گی تاکہ وہ بھی مالی طور پر مستحکم ہوسکے اور سما ج میں عزت کا مقام حاصل کرسکے۔ انہوں نے اپنے والد کو حادثہ سے قبل فون کرکے کہا تھا کہ وہ بارامتی پونے سے ناندیڑ پہنچنے کے بعد انہیں دوبارہ فون کرے گی۔
صدمہ سے نڈھال مالی کی بڑی بہن نے انہیں یاد کرتے ہوئے کہا کہ پنکی نے سرکاری اسکول میں تعلیم حاصل کرنے اور ۱۲؍ویں جماعت پاس کرنے کے بعد گراؤنڈ اسٹاف کی حیثیت سے اپنے کریئر کا آغاز کیا تھا ۔ وہیں ۲۰۲۲ء سے اب تک مسلسل ۸؍ سال سے فلائٹ اٹینڈنٹ کی حیثیت سے خدمات انجام دیتی رہی تھی ۔۲۰۲۱ء میں اس کی شادی شومیکر سینی سے ہوئی تھی جو ایک پرائیویٹ فرم میں بطور منیجر کام کرتے ہیں ۔ بدھ کو حادثہ کے روز وہ تھانے میں واقع اپنے سسرالی گھر سے صبح ساڑھے ۴ ؍ بجے روانہ ہوئی تھی۔
ان کے والدنے بتایا کہ پنکی نے منگل کو آخرح بار ان سے بات کی تھی اور بتایا تھا کہ وہ نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کے ساتھ بارامتی جارہی ہے اور وہاں سے ناندیڑ جاکر دوبارہ فون کرے گی لیکن اس کا فون آنے سے قبل انہیں ٹی وی سے اس کی موت کی خبر ملی تھی۔