مرکزی وزیر کوایک کلو میٹر کا سفر طے کرلینے کےبعد احساس ہوا کہ اہلیہ ساتھ نہیں ہیں۔
EPAPER
Updated: July 21, 2025, 10:31 AM IST | Agency | New Delhi
مرکزی وزیر کوایک کلو میٹر کا سفر طے کرلینے کےبعد احساس ہوا کہ اہلیہ ساتھ نہیں ہیں۔
مرکزی وزیر زراعت شیو راج سنگھ چوہان سنیچر کو جوناگڑھ کے مذہبی اور سرکاری دورے پر تھے۔ ان کے ساتھ ان کی اہلیہ سادھنا سنگھ بھی تھیں۔ جونا گڑھ میں انہوں نے گیر نیشنل پارک کا دورہ کیا، سومناتھ جیوترلنگ مندر میں پوجا ارچنا کی اور اس کے بعد مونگ پھلی ریسرچ سینٹر میں کسانوں اور لکھ پتی دیدی اسکیم سےفیض یاب ہونےوالی خواتین سے ملاقات کی۔ یہاں سے انہیں راج کوٹ سے ۸؍ بجے کی فلائٹ پکڑنی تھی۔ مونگ پھلی ریسرچ سینٹر سے وہ کچھ اس عجلت میں نکلے کہ اپنی اہلیہ سادھنا سنگھ کو ساتھ لینا ہی بھول گئے۔
کم از کم ۱۰؍ منٹ بعد اور کم وبیش ایک کلومیٹر کا سفر طے کرلینے کےبعد انہیں احسا س ہوا کہ اہلیہ تو ساتھ ہیں ہی نہیں۔ فوراً قافلہ جو ۲۲؍ گاڑیون پر مشتمل تھا یو ٹرن لے کر مونگ پھلی ریسرچ سینٹر پہنچاجہاں سادھنا سنگھ ویٹنگ روم میں بیٹھی ہوئی تھیں۔تفصیلات کے مطابق چونکہ راج کوٹ سے ۸؍ بجے کی فلائٹ تھی اور راستہ خراب تھا اس لئے مرکزی وزیر عجلت میں تھے۔ پروگرام کے دوران اسٹیج پر بھی وہ بار بارگھڑی دیکھ رہے تھے۔ تقریر کے دوران بھی انہوں نے کہا کہ ’’راج کوٹ کا راستہ خراب ہے، اگلی بار فرصت سے آؤں گا۔‘‘انہوں نے تقریر مختصر کی اور قافلے کے ساتھ جلدبازی میں روانہ ہو گئے۔ اُدھرسادھنا سنگھ مندر سے درشن کے بعد لوٹ چکی تھیں ۔ وہ ویٹنگ روم میں بیٹھی ہوئی تھیں۔ جب شیو راج کو خیال آیا کہ اہلیہ تو ساتھ نہیں ہیں، تو انہوں نے فون کرکے ان سے رابطہ کیا اور پھر پورے قافلے کے ساتھ واپس پہنچے ، اہلیہ کو ساتھ لیا اورراج کوٹ کیلئے روانہ ہوئے۔ بہرحال سوشل میڈیا پر ان کی یہ جلد بازی مذاق کا موضوع بن گئی ہے۔