Updated: November 06, 2023, 5:04 PM IST
| New Delhi
کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارمیا نے وزیر اعظم مودی کی جانب سے لگائے گئے الزامات کی تردید کرتے ہوئے ان کی تقریر کو ’’جھوٹ سے پُر سیاسی اور انتخابی تقریر‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مودی نے کرناٹک میں شکست کا سامنا کیا جس کے سبب وہ اس طرح کے الزامات عائد کر رہے ہیں۔ بطور وزیر اعظم اس طرح کی تقریرانہیں زیب نہیں دیتی۔
کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارمیا۔ تصویر: آئی این این
کرناٹک کے وزیراعلیٰ سدارمیا نے وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سےخود پر اور اپنی حکومت پر لگائے جانے والے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں وزیر اعظم نریندر مودی سے ایسی گفتگو کی امید نہیں تھی ۔ سدارمیا نے مودی کے الزامات کے ثبوت طلب کئے ہیں۔
خیال رہے کہ نریندر مودی نے اتوار کو کھنڈوا ، مدھیہ پردیش میںایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھاکہ کانگریس نے ریاست کو نقصان پہنچایا ہے اور ریاست کی ترقی رک گئی ہے۔ انہوں نے سدارمیا کے وزیر اعلیٰ کے عہدے پر برقرار رہنے کے تعلق سے بھی تشویس ظاہر کی تھی ۔
مودی نے کانگریس کو نشانہ بناتے ہوئےیہ دعویٰ بھی کیا تھا کہ جب بھی کسی ریاست میں غلطی سے کانگریس حکومت بناتی ہے۔ وہاں کے وزیر اعلیٰ اور نائب وزیر اعلیٰ کے درمیان ریاست کو لوٹنے کی ہوڑ لگ جاتی ہےاور روزانہ اس طرح کی خبریں کرناٹک سے مل رہی ہیں۔
مودی کو نشانہ بناتے ہوئے سدارمیا نے مودی کی تقریر کو ’’جھوٹ سے بھری سیاسی اور انتخابی تقریر‘‘ قرار دیاہے۔انہوں نے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ یہ مکمل جھوٹ ہے۔وزیر اعظم مودی کرناٹک میں ہارنے کے بعد مایوسی کاسامنا کر رہے ہیں۔وہ اب تک ۴۸؍ مرتبہ ریاست کودورہ کر چکے ہیںلیکن جب وہ انتخابی مہم کے مقصد سے آئے ، ریلیوں سے خطاب اور روڈ شوکئے لیکن بی جے پی نے شکست کا سامناکیا۔یہی وجہ ہے کہ وہ آج تک انہوں نے کسی اپوزیشن لیڈر کی تقرری(اسمبلی میں) نہیں کی۔
انہوں نے مودی کے کانگریسی لیڈران پر لوٹنے کا الزام لگانے پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ سدارمیا نے لوٹنے کا معاملہ بی جے پی پر ڈالتے ہوئے سوال کیا کہ جب کرناٹک میں ۴۰؍ فیصد کمیشن کے لوٹ کا معاملہ سامنے آیا تھا اس وقت وہاں کس پارٹی کی حکومت تھی؟
ہم ابھی اس معاملے کی تفتیش کر رہے ہیں۔ نریندر مودی کووزیر اعظم کے طور پر اس معاملے پر بات کرنی چاہئے یا نہیں؟
سدارمیا نے مودی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ مودی ایک وزیر اعظم کے طور پر جھوٹ نہیں بول سکتے۔میں نے وزیراعظم سے اس طرح کے بیان کی امید نہیں کی تھی ۔ یہ انہیں زیب نہیں دیتا۔