Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہندوستان اور روس کے درمیان اقتصادی تعاون میں نمایاں اضافہ ہوا: جے شنکر

Updated: August 25, 2026, 1:31 PM IST | Agency | Moscow

وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے پیر کو کریملن میں روسی صدر ولادیمیر پوتن سے ملاقات کی اور ہند روس کے درمیان اقتصادی تعاون میں نمایاں اضافے کو اجاگر کیا۔ دونوں ممالک نے تجارت، توانائی، کھاد، جوہری توانائی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے پر بھی توجہ مرکوز کی۔

Jaishankar with Russian President Putin in Moscow. Picture: INN
ماسکو میںجے شنکر روسی صدر پوتن کے ساتھ۔ تصویر: آئی این این

وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے پیر کو کریملن میں روسی صدر ولادیمیر پوتن سے ملاقات کی اور ہند روس کے درمیان اقتصادی تعاون میں نمایاں اضافے کو اجاگر کیا۔ دونوں ممالک نے تجارت، توانائی، کھاد، جوہری توانائی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے پر بھی توجہ مرکوز کی۔ دو روزہ دورہ ماسکو پر موجود جے شنکر نے ملاقات کے دوران وزیر اعظم مودی کی جانب سے پوتن کو نیک خواہشات پیش کیں اور ذاتی پیغام پہنچایا۔ انہوں نے دن کے اوائل میں منعقدہ ہندوستان-روس بین الحکومتی کمیشن کے اجلاس کے نتائج سے بھی روسی صدر کو آگاہ کیا۔جے شنکر نے پوتن سے کہا کہ ’’میں وزیر اعظم نریندر مودی کی نیک خواہشات پہنچانے سے آغاز کرنا چاہوں گا۔ انہوں نے آپ کے لیے ایک ذاتی پیغام دیا ہے جو میں آپ کے حوالے کرنا چاہتا ہوں۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: غزہ جنگ بندی کے ۳۱۵؍ دن میں ۴۳۷۹؍ اسرائیلی خلاف ورزیاں

دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون سے متعلق کمیشن کے جائزے کا حوالہ دیتے ہوئے جے شنکر نے کہا کہ مجموعی صورتحال مثبت ہے۔انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر میرا خیال ہے کہ ہمارے اقتصادی تعاون میں بہت نمایاں اضافہ ہوا ہے۔جے شنکر نے وزیر اعظم مودی کی پوتن کے ساتھ آئندہ ملاقاتوں کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ ہندوستانی وزیر اعظم شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) سربراہی اجلاس میں روسی صدر سے ملاقات کے منتظر ہیں، جبکہ اس کے بعد نئی دہلی میں ہونے والے برکس سربراہی اجلاس میں ان کی میزبانی کریں گے۔بتادیں کہ ۱۸؍ واں برکس اجلاس آئندہ ۱۲؍ اور۱۳؍ ستمبر کونئی دہلی میں ہوگا ۔ ہندوستان اس سال برکس کی گردشی صدارت سنبھال رہا ہے جس کا موضوع لچک، جدت، تعاون اور پائیداری کیلئے اقدامات ہیں۔جے شنکر نے کہا وزیر اعظم مودی ایس سی او سربراہی اجلاس میں آپ سے ملاقات کے منتظر ہیں، اس کے بعد وہ برکس سربراہی اجلاس کے لیے ہندوستان میں آپ کا استقبال کریں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK