Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایس آئی آر :بیشتر بی ایل ڈیوٹی سے غائب، الیکشن آفیسر نے پولیس کارروائی کا انتباہ دیا

Updated: June 02, 2026, 3:57 PM IST | Nadeem Asran | Mumbai

الیکشن کمیشن نے اس سلسلہ میں ایڈیشنل کمشنر آف پولیس کو مکتوب بھی روانہ کیا اور خلاف ورزی کرنے والوں پر کارروائی کرنے کی ہدایت بھی دی۔

SIR Maharashtra.Photo:INN
ایس آئی آر مہاراشٹر۔ تصویر:آئی این این
اسپیشل انٹینسیوریویژن (ایس آئی آر) کیلئے مختلف سرکاری محکمہ کے ملازمین اور اسکول و کالج کے اساتذہ جنہیںبطور بوتھ لیول آفیسر (بی ایل او) ، ڈیوٹی پر تعینات ہونے اور رجسٹریشن کرنے کے احکامات جاری کئے گئے تھے ان میں سے بیشتر ڈیوٹی سے ندارد ہیں ۔ اس پر الیکشن کمیشن آفیسر نے ممبئی پولیس کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے خلاف روزی کرنے والے بی ایل اوزپر قانونی کارروائی کرنے کی ہدایت دی ہے ۔  
وہیں اعلیٰ پولیس افسران نے اس سلسلہ میں شہر اور مضافات کے تمام سینئر پولیس انسپکٹروں کو احکامات کی تعمیل نہ کرنے والے سرکاری ملازمین کی تفصیلات حاصل کرنے اور مناسب کارروائی کرنے کی ہدایت دی ہے ۔  بی ایل اوز پر اس طرح کی کارروائی کے حکم کو تعلیمی اداروں نے زیادتی قرار دیا ہے ۔  منتخب کئے گئے بی ایل او کے ہدایت کے باوجود ایس آئی آر ڈیوٹی سے غیر حاضر رہنے پر الیکشن آفیسر ( ممبئی شہر) اشونی جوشی جو بی ایم سی ایڈیشنل میونسپل کمشنر بھی ہیں، نے ایڈیشنل کمشنر آف پولیس ( نظم و نسق ) کو ہدایت دی کہ ڈیو ٹی جوائنٹ نہ کرنے والے بی ایل اوز کے خلاف قانونی کارروائی کریں۔اس ضمن میں پولیس کو ڈیوٹی جوائنٹ نہ کرنے والوں کی تفصیلات بھی فراہم کی گئی ہے ۔ 
 
 
ممبئی پولیس سے موصولہ اطلاع کے مطابق ایس آئی آر کی ڈیوٹی کے لئے منتخب کئے گئے وہ اساتذہ جنہوںنے ممبئی الیکشن کمیشن آفیسر کی ہدایت پر عمل نہیں کیا ہے ، ان پر کارروائی سے قبل ان کے اداروں کو نوٹس دے کر الیکشن آفیسرکے حکم کی تعمیل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ ساتھ ہی شہر اور مضافات کے تمام سینئر پولیس انسپکٹر وں کو اس ضمن میں اداروں کو بھیجے گئے مکتوب کا جواب نہ ملنے پر ان اداروں سے وابستہ بی ایل اوز کے خلاف کارروائی کا سلسلہ شروع کرنے کی ہدایت دی  ہے ۔اس ضمن میں ممبئی سٹی الیکشن آفیسر اشونی جوشی کا کہنا تھا کہ ’’ جن سرکاری اداروں یا اسکول و کالج کے اساتذہ کو بطور بی ایل اوز  ایس آئی آر کی ڈیوٹی پر تعینات کیا گیا ہے ، ان کے غیر حاضری پر بارہا الیکشن آفیس کے متعلقہ افسروں نے اسکول اور دیگر اداروںاور ان کے بی ایل اوز سے فون پر رابطہ قائم کرنے کے علاوہ وہاٹس ایپ کے ذریعہ پیغامات بھیجا تھا اور ڈیوٹی جوائن کرنے کی ہدایت دی تھی لیکن جب اکثر بی ایل اوز نے اسے نظر انداز کیا تو مجبوراًپولیس کے ذریعہ ان کے خلاف کارروائی کئے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔‘‘
 
 
ممبئی الیکشن آفیسر کا یہ بھی کہنا تھا کہ اسکول اور کالج کے علاوہ مختلف سرکاری اداروں کے ملازمین جنہیں بی ایل اومقرر کیا گیا ہے ، سے کہا گیا تھا کہ وہ شہری سطح پر ڈسٹرکٹ کلکٹر اور ایڈیشنل ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر کے پاس اپنا رجسٹریشن کرائیں لیکن اکثر نے اس پر عمل نہیں کیا ہے ۔  ممبئی پولیس کوبی ایل اوز کیخلاف کارروائی کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ وہیں اکثر بی ایل اوز کے حکم کی تعمیل نہ کرنے پر متعلقہ الیکٹورل رجسٹریشن آفیسر کوبھی اپنے  نزدیکی پولیس اسٹیشن میں مقرر کردہ بی ایل اوز کے ڈیوٹی جوائنٹ نہ کرنے اور جسٹریشن نہ کرنے کے علاوہ وقت مقررہ پر ایس آئی آر کا عمل پورا نہ ہونے کے خدشات کی وجہ بننے کے تحت شکایت درج کرنے کا حکم دیا ہے ۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK