بی ایم سی نے کہا کہ ایسے ووٹرس اِنومریشن فارم کا صرف نچلا حصہ پُر کریں ، ساتھ ہی والدین کے دستاویزی ثبوت تیار رکھیں۔
EPAPER
Updated: July 19, 2026, 9:55 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
بی ایم سی نے کہا کہ ایسے ووٹرس اِنومریشن فارم کا صرف نچلا حصہ پُر کریں ، ساتھ ہی والدین کے دستاویزی ثبوت تیار رکھیں۔
ایس آئی آر ممبئی سمیت پوری ریاست میں جاری ہے۔ کئی ایسے ووٹرس ہیں جن کا نہ تو ۲۰۰۲ء کی ووٹر لسٹ میں نام ہے اور نہ ہی ان کے دادا داری یا نانا نانی کا نام ہے، ایسے میں یہ شہری کیا کریں ؟ ان کی پریشانی کے تعلق سے بی ایم سی نے وضاحت جاری کی ہے کہ اس طرح کے شہری انومریشن فارم کا صرف نیچے والا حصہ پُر کریں جو ووٹر کی تاریخ پیدائش سے شروع ہوتا ہے۔ بی ایم سی کی جانب سے یہ بھی کہا گیاہے کہ فارم جمع کرنے کا مرحلہ ختم ہونے کےبعد ان شہریوں کو نوٹس جاری کیا جائیگا۔ بی ایم سی نے یہ بھی اپیل کی ہے کہ وہ اپنا اور اپنے والدین کا پیدائش اور رہائش کا ثبوت تیار رکھیں کیونکہ جب انہیں نوٹس جاری کیا جائیگا تو انہیں یہ دستاویز سماعت کرنے والے متعلقہ افسر کو پیش کرنے ہوں گے۔
بی ایم سی نے اپنے ایکس اکاؤنٹ سے یہ اپیل کی ہے
آپ کو فراہم کردہ انومریشن فارم خوشخط لکھ کراس پر دستخط کریں، ایک کاپی بی ایل او کودیں اور دوسری کاپی پر بی ایل او کے دستخط لیں ۔
اگر آپ کا نام یا آپ کے والدین یا دادا دادی کا نام گزشتہ ایس آئی آر (مہاراشٹر میں ۲۰۰۲ء اور یوپی میں ۲۰۰۳ء میں ) میں نہیں ہے، تو ووٹر اپنی موجودہ ووٹرلسٹ کی تفصیلات پُر کریں اور ۲۰۰۲ء کی تفصیلات کے اوپر کے دونوں کالم میں کوئی معلومات نہ پُر کریں۔
اگر ووٹروں کو انومریشن فارم بھرتے وقت کسی قسم کی دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے تو، چیف الیکٹورل آفیسر آفس، مہاراشٹر کی ویب سائٹ پر جائیں اور ’ نو یور بی ایل او‘ سے یا ‘موبائل ایپ پر بی ایل او کا نمبر لے کر اس سے رابطہ کریں۔
یہ بھی پڑھئے: مدارس کے حساب کتاب میں شفافیت اور نظام کو مستحکم کرنا وقت کی اہم ضرورت
کون کون سے دستاویز قابل قبول ہوں گے
سرکاری ادارہ کے ملازمین یا پنشنرز کا کارڈ۔
سرکاری محکموں، مقامی اداروں، بینکوں، ایل آئی سی یا پی ایس یو کا شناختی دستاویز
مجاز اتھاریٹی کی طرف سے جاری پیدائش کا سرٹیفکیٹ۔ پاسپورٹ۔
تسلیم شدہ بورڈ یا یونیورسٹی کا میٹرک/تعلیمی سرٹیفکیٹ۔ مستقل رہائشی سرٹیفکیٹ۔
رہائشی ثبوت۔ محکمہ جنگلات کا جاری کردہ دستاویز۔ مجاز اتھاریٹی کی طرف سے جاری ذات یا قبائلی سرٹیفکیٹ۔ حکومت کی جانب سے جاری زمین یا مکان کی تقسیم کےدستاویز۔ آدھار کارڈ (اس کے ساتھ مزید ایک دستاویز درکا رہو گا )