Inquilab Logo

سعودی عرب میں طائف اور دیگر علاقوں میں برف باری

Updated: February 17, 2024, 11:19 AM IST | Agency | Taif

مشہور جبل اللوز پر برف کی سفید چادر سی بچھ گئی، پہلے بارش اور پھر برف باری سے موسم خوش گوار، سیاحوں میں خوشی۔

A scene after a snowfall in Jabal Al Luz, Saudi Arabia. Photo: INN
سعودی عرب کے جبل اللوز میں برف باری کے بعد کا منظر۔ تصویر : آئی این این

متحدہ عرب امارات میں ژالہ باری کے بعد اب سعودی عرب میں   پہلے بارش پھر برف باری نے ماحول کو خوشگوار بنا دیا ہے۔ مشرق وسطیٰ میں ہفتے بھر سے مختلف علاقوں میں  بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ دنوں  عمان میں  ہونےو الی شدید بارش کی وجہ سے سڑکوں پر اس قدر پانی بھرگیا کہ حکومت کو تعطیل کا اعلان کرنا پڑ گیا۔ اب سعودی عرب میں موسم سرما نے اپنا رنگ دکھانا شروع کردیاہے۔ یہاں کچھ علاقوں میں بارش اور پھر ژالہ باری کے نتیجے میں درجہ ٔحرارت نیچے چلاگیاہے۔ 
  جمعرات کو ہونے والی برف باری کے نتیجے میں شمالی سعودی عرب کے مشہور جبل اللوز پر برف کی سفید چادر بچھ گئی۔ برف باری کے اس موسم سے لطف اندوز ہونے کیلئے مقامی اور غیرملکی سیاحوں نے جبل اللوز کا رخ کیا۔ شہری ان مناظر کو یادگار بنانے کیلئےفوٹو گرافی کرتے نظر آئے۔ 
صحرا ئی علاقوں میں  ہونے والی برف باری شہریوں میں  دلچسپی کا باعث ہوتی ہے اوراس کے ویڈیو وائرل ہونے لگتے ہیں جبکہ تبوک خطے میں اکثر برف باری ہوتی رہتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سردی کے موسم میں  یہ خطہ سیاحوں کی توجہ کا مرکز رہتاہے۔ ۲۶؍ سو میٹر کی اونچائی پر واقعہ اس خطے میں بادام کی پیداوار کی وجہ سے اس پہاڑ کو ’جبل اللوز ‘ کے نام سے جانا جاتاہے۔ سعودی محکمہ موسمیات نے پہلے ہی اعلان کردیاتھا کہ ’’الباحہ، مکہ مکرمہ، القاسم، ریاض اور شرقیہ میں اوسط درجے کی شدید گرج اور چمک کے ساتھ بارش ہو گی۔ اس کے ساتھ مدینہ منورہ، تبوک اور الجوف میں  بھی بارش اور ہلکی برف باری کا امکان ظاہر کیا گیاتھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK