Inquilab Logo Happiest Places to Work

ویرار میں کان کنی مافیا کے ہاتھوں سماجی کارکن آتما رام پاٹل کا دن دہاڑے قتل

Updated: May 13, 2026, 7:03 PM IST | Agency | Virar

کان کنی مافیا کے خلاف گزشتہ ۱۵؍ سال سے سرگرم کارکن کو اس وقت قتل کردیا گیا جب وہ ایک آفیسر کے ساتھ ایک غیر قانونی سائٹ کے معائنہ پر تھے۔

Atma Ram Patil Who Was Murdered.Photo:INN
اآتمارام پاٹل جنہیں قتل کردیاگیا۔ تصویر:آئی این این
ضلع پال گھر کے اس شہر میں منگل کوایک سماجی کارکن کا دن دہاڑے قتل کردیاگیا ۔ویرار مشرق میں مبینہ طورپر کان کنی مافیا کی جانب سے قتل کی یہ واردات انجام دی گئی ۔ مقتول کی شناخت آتما رام پاٹل کے طور پر ہوئی ہےجنہیں مبینہ طور پر کان کنی مافیا نے اس وقت قتل کر دیا جب وہ غیر قانونی کانوں کے معائنے میں ایک سرکاری اہلکارکا تعاون کررہے تھے۔
 
 
یہ حملہ منگل کو دوپہر ایک بجے کے قریب ویرار ایسٹ کے شرگاؤں کے گڈگاپاڑا گاؤں کے قریب ہوا ۔ پاٹل مقامی سرکل آفیسر پربھاکر کے ساتھ غیر قانونی پتھر کی کرشنگ اور کھدائی کے کاموں کا سرکاری پنچنامہ کرنے کیلئے سائٹ پر گئے تھے۔اطلاعات کے مطابق، جیسے ہی سرکاری معائنہ شروع ہوا، غیر قانونی کانوں کے اہلکاروں اور ان کے ساتھیوںکے ایک ہجوم نے انہیں روک لیا ۔ مبینہ طور پر حملہ آوروں نے پہلے سر کل آفیسر پر حملہ کیاجس سے انہیں شدید چوٹیں آئیں۔اس کے بعدحملہ آوروں نے آتمارام پاٹل کو لوہے کی سلاخوں سے بے دردی سے پیٹا اور ان کا سر پتھر سے کچل دیا جس سے ان کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔جبکہ سرکل آفیسر اپنی جان بچانے کے لیے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔  
 
 
۵۴؍ سالہ آتمارام پاٹل ایک مشہور مقامی کارکن تھے جو گزشتہ۱۵؍ سال سے زیادہ عرصے سے شرگاؤں کے علاقے میں غیر قانونی کرشر مشینوں اور پتھر کی کانوں کے خلاف سرگرم تھے۔  انہوں نے ان غیر قانونی سرگرمیوں  کے نتیجے میں ہونے والے ماحولیاتی انحطاط کے خلاف متعدد شکایات اور عدالت میں اپیلیں بھی دائر کی تھیں۔ان کے اہل خانہ نے بتایاکہ یہ پہلی بار نہیں ہےکہ انہیںنشانہ بنایا گیا ہو ، ماضی میں بھی دوتین مرتبہ ان پر حملے کئے گئے جن میں وہ بچ گئےتھے ۔ متاثرہ خاندان نے کان کے مالکان پر سنگین الزامات عائد کئے ہیں۔آتمارام کے بیٹےہیمنت پاٹل نےمیڈیا سے گفتگو کے دوران  بھالچندرا پاٹل (ایک کان کا مالک) اور اس کے بیٹے میور پاٹل کو اس قتل کا ماسٹر مائنڈ قراردیا ہے۔ہیمنت پاٹل نے کہا ’’میرے والد زمین اور کان کنی مافیا کے خلاف طویل عرصے سے جنگ لڑ رہے تھے۔ یہ قتل انتقام کی کارروائی ہے۔ ان لوگوں نے انہیں اس لیے ماردیا کہ انہوں نے ان کے غیر قانونی کاروبار کے خلاف اپنی لڑائی روکنے سے انکارکردیا تھا ۔‘‘ مقامی پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔ 

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK