گنا توڑنے کے نام پر پونے لے جاکر ٹھیکیدار نے کسی اور کام پر لگا دیا، اعتراض کرنے پر گائوں میں قید کرلیا، ضلع کلکٹر کی مداخلت کے بعد رہائی۔
EPAPER
Updated: April 25, 2025, 1:54 PM IST | Agency | Jalgaon
گنا توڑنے کے نام پر پونے لے جاکر ٹھیکیدار نے کسی اور کام پر لگا دیا، اعتراض کرنے پر گائوں میں قید کرلیا، ضلع کلکٹر کی مداخلت کے بعد رہائی۔
مہاراشٹر کے دیہی علاقوں میں گنا مزدوروں کی کافی اہمیت ہے کیونکہ گنے کی فصل کو توڑنے کیلئے خصوصی مہارت کی ضرورت ہوتی ہے۔ گائوں دیہات کے غریب مزدو ر بہت کم اجرت میں یہ کام کرتے ہیں لیکن ان کے ساتھ بھی ٹھیکیدار دھوکہ دہی کرتے ہیں۔ ایسا ہی ایک واقعہ جلگائوں کے کچھ مزدوروں کے ساتھ پیش آیا جنہیں پونے کے ایک ٹھیکیدار نے قید کر لیا تھا کیونکہ انہوں نے اس کی من مانی کے مطابق کام کرنے سے انکار کر دیا تھا۔
اطلاع کے مطابق جلگائوں ضلع کے پارول علاقے سے کچھ مزدوروں کو پونے کے والکی گائوں لے جایا گیا تھا۔ ان سے کہا گیا تھا کہ وہاں انہیں کھیتوں میں گنا توڑے کا کام کرنا ہوگا۔ یہ مزدور یہی کام کیا کرتے تھے لیکن والکی گائوں پہنچنے پر ٹھیکیدار نے انہیں گنا توڑنے کے بجائے دیگر کاموں پر لگا دیا۔ کسانوں نے یہ کام کرنے سے انکار کیا تو انہیں دھمکایا گیا اور گائوں سے باہر جانے پر روک لگا دی گئی۔ ان مزدوروں میں ۷؍ افراد ایک ہی گھر کے تھے جنہوں نے’ جن سہج فائونڈیشن ‘ نامی تنظیم کے ہیلپ لائن نمبر پر فون لگایا اور اپنی روداد سنائی۔ تنظیم کے کارکنان نے فوراً پونے کے والکی گائوں کا رخ کیا اور پولیس کی مدد سے ان مزدوروں کو ٹھیکیدار کے چنگل سے آزاد کروایا۔
ضلع کلکٹر اور پولیس کی مدد سے ان مزدوروں کو جلگائوں میں ان کے گائوں بحفاظت پہنچایا گیا۔ اس کے بعد جلگائوں کے ضلع کلکٹر کو اس کی اطلاع دی گئی۔ انتظامیہ نے یقین دلایا کہ اس بات کا خیال رکھا جائے گا کہ آئندہ ان مزدوروں کے ساتھ اس طرح کی زیادتی نہ ہو اسے یقینی بنایا جائے گا۔