Inquilab Logo Happiest Places to Work

سونالی مشرا، آر پی ایف کی پہلی خاتون ڈائریکٹر جنرل بن گئیں

Updated: July 14, 2025, 12:26 PM IST | New Delhi

کابینہ کی تقرری کمیٹی نے سونالی مشرا کی تقرری کو منظوری دی ہے، وہ منوج یادوکی جگہ لیں گی جو ۳۱؍ جولائی کوسبکدوش ہورہے ہیں۔

Sonali Mishra is a 1993 batch IPS officer of Madhya Pradesh cadre. Photo: INN
سونالی مشرا مدھیہ پردیش کیڈر کی ۱۹۹۳ء بیچ کی آئی پی ایس افسر ہیں۔ تصویر: آئی این این

سینئر آئی پی ایس افسر سونالی مشرا ریلوے پروٹیکشن فورس (آر پی ایف) کی پہلی خاتون ڈائریکٹر جنرل بن گئی ہیں۔ کابینہ کی تقرری کمیٹی نے سونالی مشرا کی تقرری کو منظوری دی ہے۔ وہ منوج یادو کی جگہ لیں گی  جو۳۱؍ جولائی کوسبکدوش ہو رہے ہیں اور۳۱؍ اکتو بر۲۰۲۶ء کو اپنے ریٹائرمنٹ تک ڈی جی، آر پی ایف کے عہدے پر فائز رہیں گی۔ 
 عہدیداروں نے بتایا کہ مشرا آر پی ایف کی قیادت کرنے والی پہلی خاتون افسر ہوں گی۔ آر پی ایف ریلوے املاک اور مسافروں کی حفاظت کی ذمہ دار ہے۔ سونالی مشرا اس وقت وہ مدھیہ پردیش پولیس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل (سلیکشن) کے عہدے پر تعینات ہیں۔ بتا دیں کہ آر پی ایف کا قیام ۱۹۵۷ء میں پارلیمنٹ کے ایک ایکٹ کے ذریعے کیا گیا تھا۔۱۹۶۶ء میں اس فورس کو ریلوے کی جائیداد پر ناجائز قبضے میں ملوث عناصر سے پوچھ گچھ، گرفتاری اور مقدمہ چلانے کا اختیار دیا گیا تھا۔ ۲۰؍ ستمبر ۱۹۸۵ء کو اسے `یونین کی مسلح افواج کا درجہ دیا گیا۔
سونالی مشرا کون ہیں؟
سونالی مشرا مدھیہ پردیش کیڈر کی ۱۹۹۳ء  بیچ کی آئی پی ایس  افسر ہیں۔ مشرا کو جو لائی ۲۰۲۱ء  میں پنجاب میں ہند-پاک سرحد پر بی ایس ایف کی تشکیل کی قیادت کرنے والی پہلی خاتون کمانڈر مقرر کیا گیا تھا۔ مشرا نے وادی کشمیر میں انسپکٹر جنرل (آئی جی) کے طور پر بھی فورس کی سربراہی  کی ہے۔ اس کے علاوہ وہ بی ایس ایف کے انٹیلی جنس ڈپارٹمنٹ کی سربراہ بھی رہ چکی ہیں۔
کئی ایوارڈز سے نوازی جا چکی ہیں
سونالی مشرا کو پی پی ایم ڈی ایس (ممتاز  خدمات کیلئے صدر کا پولیس میڈل) اور پی ایم ایم ایس (پولیس میڈل فار میرٹوریئس سروس) سے نوازا گیا ہے۔ مشرا کو پہلے بھی کئی اہم عہدوں پر کام کرنے کا تجربہ ہے۔ وہ بی ایس ایف میں اہم عہدوں پر بھی کام کر چکی ہیں۔ انہیں بہادری اور اچھی خدمات پر کئی تمغے بھی مل چکے ہیںجن سے ان کا تجربہ اور قابلیت ظاہرہوتی ہے۔
حکم میں کیا لکھا ہے؟
مرکزی وزارت عملہ کے حکم میں کہا گیا ہے کہ `کابینہ کی تقرری کمیٹی نے مشرا کی بطور ڈی جی، آر پی ایف تقرری کو منظوری دے دی ہے۔ وہ اپنے ریٹائرمنٹ یعنی ۳۱؍ اکتو بر۲۰۲۶ء تک اس عہدے پر فائز رہیں گی ۔ اپنی میعاد کار میں انہیں  ریلوے سیکوریٹی سے متعلق تمام اہم فیصلے کرنے کا اختیار ہوگا۔بتا دیں کہ مئی میں بھوپال میں خواتین کو بااختیار بنانے کی ریاستی سطح کی  کانفرنس منعقد ہوئی تھی۔۳۱؍ مئی کو دیوی اہلیہ بائی ہولکر کے ۳۰۰؍ ویں یوم پیدائش پر منعقد ہونے والے اس پروگرام کے دوران سیکوریٹی انتظامات کی ذمہ داری خواتین کو سونپی گئی تھی۔اس میں آئی پی ایس سونالی مشرا کو وزیر اعظم  مودی کی سیکوریٹی کی ذمہ داری ملی تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK