Updated: July 29, 2026, 8:08 PM IST
| Tokyo
جاپان کے صوبہ کُوما موٹو میں آنے والے شدید زلزلے کے بعد سونی سیمی کنڈکٹر سالیوشنز نے اعلان کیا کہ اس نے اپنے کُوما موٹو ٹیکنالوجی سینٹر میں عارضی طور پر آپریشنز معطل کر دیے ہیں۔ کمپنی اس وقت پلانٹ اور پیداواری لائنوں کو پہنچنے والے ممکنہ نقصان کا جائزہ لے رہی ہے۔
سونی پلانٹ۔ تصویر:آئی این این
جاپان کے صوبہ کُوما موٹو میں آنے والے شدید زلزلے کے بعد سونی سیمی کنڈکٹر سالیوشنز نے بدھ کے روز اعلان کیا کہ اس نے اپنے کُوما موٹو ٹیکنالوجی سینٹر میں عارضی طور پر آپریشنز معطل کر دیے ہیں۔ کمپنی اس وقت پلانٹ اور پیداواری لائنوں کو پہنچنے والے ممکنہ نقصان کا جائزہ لے رہی ہے۔ کمپنی کے مطابق ناگاساکی، اوئیتا اور کاگوشیما ٹیکنالوجی سینٹرز میں کسی بڑے نقصان کی اطلاع نہیں ملی، جبکہ زلزلے کے وقت وہاں موجود کسی بھی ملازم کے زخمی ہونے کی بھی کوئی خبر نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھئے:اٹلی: پیپ سمر کیمپ، گارڈیالا نے ۳۰؍ فلسطینی بچوں کا خیرمقدم کیا
سونی نے بتایا کہ منگل کو مقامی وقت کے مطابق شام ساڑھے۴؍ آنے والے زلزلے کے فوراً بعد کیکویو قصبے میں واقع سونی سیمی کنڈکٹر مینوفیکچرنگ کارپوریشن کے پلانٹ میں پیداوار روک دی گئی تھی۔کمپنی نے کہا کہ کُوما موٹو پلانٹ کی عمارتوں اور پیداواری آلات پر زلزلے کے اثرات کا تفصیلی جائزہ جاری ہے، تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ پلانٹ دوبارہ کب کام شروع کرے گا۔
یہ تعطل جاپان کے کُوما موٹو علاقے میں آنے والے ۱ء۷؍شدت کے زلزلے کے بعد پیدا ہوا۔ جاپان کی وزیرِ اعظم سانے تاکائیچی کے مطابق اس زلزلے میں ۱۳؍ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا’’اب بھی کئی افراد امداد کے منتظر ہیں۔ ہم زیادہ سے زیادہ لوگوں کو بچانے اور متاثرین تک امداد پہنچانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔‘‘
یہ بھی پڑھئے:گوکیش جنیوا میں اپنے عالمی خطاب کا دفاع کریں گے
دوسری جانب امدادی ٹیمیں منہدم عمارتوں کے ملبے تلے دبے افراد کی تلاش میں مصروف ہیں، جبکہ حکام زلزلے سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ سونی سیمی کنڈکٹر سالیوشنز صارفین کی الیکٹرانکس، آٹوموبائل اور صنعتی شعبوں میں استعمال ہونے والے امیج سینسرز اور دیگر سیمی کنڈکٹر پرزہ جات کی دنیا کی بڑی سپلائر کمپنیوں میں شمار ہوتی ہے۔ ادھر ہندوستان کے وزیرِ خارجہ ایس جے شنکر نے بھی اس سانحے پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا’’جاپان کے کُوما موٹو صوبے میں آنے والے زلزلے کی خبر پر گہری تشویش ہے۔ اس مشکل گھڑی میں ہم جاپان کی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور متاثرہ افراد کی سلامتی اور جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔‘‘