لالیگا میچ سے قبل اسپین میں غزہ کے مظلوم فلسطینیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا، فلسطینی پناہ گزینوں کو میدان پر خصوصی طور پر مدعو کرکے ان کی عزت افزائی کی گئی۔
EPAPER
Updated: October 05, 2025, 5:03 PM IST | Medrid
لالیگا میچ سے قبل اسپین میں غزہ کے مظلوم فلسطینیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا، فلسطینی پناہ گزینوں کو میدان پر خصوصی طور پر مدعو کرکے ان کی عزت افزائی کی گئی۔
اسپین کے فٹ بال کلب اتلتیک بیلباؤ نے۴؍ اکتوبر کی شام ہونے والے اپنے لا لیگا میچ سے قبل فلسطینی پناہ گزینوں کی عزت افزائی کی اور غزہ میں جاری تشدد کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔ بیلباؤ کے تاریخی سان مامیس اسٹیڈیم میں منعقدہ اس تقریب میں فلسطینی پناہ گزینوں کو میدان پر مدعو کیا گیا، جس کےنتیجے میں قومی توجہ انسانی بحران پر مرکوز ہو گئی۔اسٹیڈیم کے وڈیوا سکور بورڈز پر ایک بڑا بینر دکھایا گیا جس پر باسک زبان میں لکھا تھا’’اتلتیک فلسطین کے ساتھ۔ نسل کشی بند کرو۔‘‘ اسٹیڈیم کی لائٹس بھی فلسطینی پرچم کے رنگوں میں روشن کی گئیں، جس نے وہاں موجودہ ہزاروں پرستاروں کے لیے حمایت کی ایک واضح علامت تشکیل دی۔
یہ بھی پڑھئے: حیدرآبادی سپوت محمد سراج،ہندوستان کے ہر نوجوان کے لئے حوصلہ کی علامت
یہ تقریب کلب کی اتلتیک کلب فاؤنڈیشن کے عالمی ادارہ برائے امداد فلسطین کے ساتھ جاری شراکت کا ایک حصہ ہے۔ اس شراکت کاری کا آغاز سنہ۲۰۲۵ء کے ستمبر میں ہوا تھا، جس کا مقصد شامیہ میں واقع ادارہ کے اسکولوں میں تقریباً۸۰۰۰؍ فلسطینی پناہ گزین بچوں کو جسمانی تعلیم کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔کلب نے اس عمل کو کھیل کے پلیٹ فارم کو انسانی مقاصدکے لیے استعمال کرنے کے اپنے گہرے عزم کا اظہار قرار دیا ہے، خاص طور پر غزہ میں جاری انسانی المیے کے پس منظر میں۔ یکجہتی کا یہ اظہار اسپینی حکومت کے اس موقف کے عین مطابق ہے، جس کے تحت وزیر اعظم پیڈرو سانچیز نے مئی۲۰۲۵ء میں فلسطین کی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان کیا تھا۔سان مامیس میں ہونے والا یہ واقعہ اسپین اور دیگر یورپی ممالک میں فلسطین کے حامی مظاہروں کی لہر کے درمیان پیش آیا۔ ان مظاہروں کی ایک بڑی وجہ اسرائیل کا ’’صمود فلوٹیلا ‘‘ پر حملہ تھا، جو غزہ کے ناکہ بندی کو توڑنے کے لیے بارسیلونا سے روانہ ہوا تھا۔ بارسیلونا اور میڈرڈ جیسے شہروں میں ہزاروں مظاہرین نے فلسطینی پرچم اٹھا رکھے تھےجن پر ’’نسل کشی بند کرو’’جیسے پیغامات تحریر تھے۔
یہ بھی پڑھئے: امریکہ: ۶۵؍ فیصد ڈیموکریٹک ووٹرس اسرائیل پر پابندی کے خواہشمند: سروے
واضح رہے کہ غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں اب تک ۶۶؍ ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے، اس کے علاوہ غزہ کی مکمل ناکہ بندی کے نتیجے میں وہاں اسرائیل کا پیدا کردہ قحط کا سامنا ہے، مسلسل بمباری نے غزہ کی پوری آبادی کو بے گھر کر دیا ہے، اقوام متحدہ کے مطابق غزہ انسانی رہائش کیلئے ناموزوں ہو چکا ہے۔