Inquilab Logo

جو کچھ ہم غزہ میں دیکھ رہے ہیں وہ قابل قبول نہیں ہیں : اسپین

Updated: December 02, 2023, 10:59 AM IST | Agency | Madrid

وزیراعظم پیڈرو سانچیس کا آزاد فلسطین کو تسلیم کرنے پر زور، اسرائیل سخت برہم ، اپنے سفیر کو میڈرڈ سے واپس بلا لیا۔

Prime Minister of Spain Pedro Sanchez. Photo: INN
اسپین کے وزیراعظم پیڈرو سانچیس۔ تصویر : آئی این این

اسپین کے وزیراعظم پیڈرو سانچیز نےکہا ہے کہ یورپی یونین کو فلسطینی ریاست کو تسلیم کرلیا چاہئے کیونکہ اس سے اسرائیل فلسطین تنازع کو ختم کرنے اور خطے کو ’مستحکم‘ کرنے میں مدد ملے گی۔ ان کے اس بیان پر اسرائیل سخت برہم ہے اور اس نے اپنے سفیر کو واپس بلا لیا ہے۔ 
اطلاع کے مطابق جمعرات کو اسپین کے وزیراعظم نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ’’ یہ واضح ہے کہ ہمیں اس بحران کے خاتمے کیلئے سیاسی حل تلاش کرنا ہوگا اور میری رائے میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کر نا اس کا حل ہے۔‘‘ انہوں نے کہا ’’ یورپ کا مفاد اسی میں ہے کہ وہ اخلاقی یقین کے ساتھ اس مسئلے کو حل کرے کیونکہ جو کچھ ہم غزہ میں دیکھ رہے ہیں وہ قابل قبول نہیں ہے۔ خطے کو مستحکم کرنے کیلئے اور ایک جغرافیائی سیاسی مقصد کیلئے یہ ضروری ہے ۔‘‘ جب سانچیس نے وزارت عظمیٰ کی نئی مدت کیلئے حلف اٹھایا تو انہوں نے کہا کہ’’فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کیلئے یورپ اور اسپین میں کام کرناہماری خارجہ پالیسی کی ترجیح ہو گی۔اگر یورپی یونین کے ۲۷؍ رکن ممالک کے درمیان اتفاق رائے نہیں ہے تو میڈرڈ یکطرفہ طور پر فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے سے انکار نہیں کرے گا۔ انہوں نے غزہ میں بچوں کی موت پر افسوس کااظہار کیا اور اس بات پر شبہ ظاہر کیا کہ اسرائیل انسانی حقوق کے عالمی قوانین کی پاسداری نہیں کر رہا ہے۔ 
 اسرائیل سخت برہم 
اس بیان پر اسرائیل سخت برہم ہے ۔غصہ میں اسرائیلی وزیر خارجہ ایلی کوہن نےاسپینی وزیر اعظم کے بیان کی پاداش میں میڈرڈ میں موجود اسرائیل کے سفیر کو واپس بلالیا ہے۔ ۔ایلی کوہن نے ’ ایکس‘( ٹویٹر ) پر کہا ہےکہ اسپین کے وزیر اعظم کے ہتک آمیز بیان کے بعد میں نےا سپین میں اسرائیلی سفیر سے رابطہ کیا اور مشاورت کیلئے انہیں واپس آنے کیلئےکہہ دیا ہے۔ اس کے علاوہ اسرائیل نے تل ابیب میں موجود اسپینی سفیر کو بھی طلب کیا ہے۔ سفیر کے سامنے اس بات کی سرزنش کی گئی کہ اسپینی وزیر اعظم نے یہ کہہ دیا کہ انہیں اسرائیل کے بین الاقوامی انسانی قانون کی پاسداری کے تعلق سے سنگین شکوک ہیں ۔ خود اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن یتن یاہو کے دفتر نے کہا ہے کہ وزیراعظم سانچیس کے شرمناک بیان کے بعد ہم نے وزیر خارجہ ایلی کوہن کو سفیر کو طلب کرنے کا حکم دیا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK